شوبز ڈائری: کنگنا کہتی ہیں ’میں جیل جانے کی منتظر ہوں، میری زندگی کو نئ معنی مل جائیں گے‘

نصرت جہان - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

وائی کیٹگری کی سکیورٹی کے باوجود کنگنا کے مسائل ہیں کہ بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ پہلے ممبئی کے ایک مجسٹریٹ نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں پولیس کوکنگنا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا جس کے بعد عدلیہ کے بارے میں ان کی حالیہ ٹوئٹ پر ایک وکیل نے ان کے خلاف فوجداری کا مقدمہ دائر کر دیا۔

اب کنگنا بھنّاتی ہوئی ایک بار پھر ٹوئٹر پر آ دھمکیں اور خود کو انقلابی اور جھانسی کی رانی قرار دیتے ہوئے باقی انڈسٹری پر برسنے لگیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ‘کینڈل مارچ گینگ، ایوارڈ واپسی گینگ دیکھو، فاشسٹ اسٹیبلشمنٹ کے مخالف انقلابیوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔ میں تم لوگوں کی طرح نہیں ہوں، تم لوگوں کو کون پوچھتا ہے، میری زندگی کے کچھ معنی ہیں۔ میں مہاراشٹر کی فاشسٹ حکومت کے ساتھ لڑ رہی ہوں۔حکومت مجھے جیل میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے اب مجھے جیل جانے کا انتظار ہے۔’

پولیس کنگنا اور ان کی بہن رنگولی چندیل کو پوچھ گچھ کے لیے پہلے ہی طلب کر چکی ہے۔ اس دوران کنگنا نے انہیں تحفظ فراہم کرنے والے وزیر خارجہ امت شاہ کی سالگرہ پر انہیں دلی مبارکباد بھی پیش کی۔ اب دیکھنا ہے کہ مرکزی حکومت اور شِو سینا حکومت کے درمیان جاری رسہ کشی میں کنگنا اور مہاراشٹر حکومت کے درمیان ٹام اینڈ جیری کا جو ایپی سوڈ شروع ہوا ہے وہ کتنا لمبا چلے گا۔

کچھ لوگ ادکار سنجے دت کو ‘ڈیسٹنی چائلڈ’ کہتے ہیں۔ ڈرگز، مقدمات، جیل اور پھر کینسر۔ سنجے دت کی اصل زندگی کسی بلاک بسٹر فلم سے کم نہیں رہی۔ لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ سنجے دت نے بقول ان کے قریبی دوست پریش گہلانی کے کینسر کو مات دے دی ہے۔

پریش گیلانی خوش ہیں کہ دت نے کینسر کو شکست دی ہے۔ جمعرات کو پریش گیلانی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ‘تم مقدر کے سکندر ہو، تمھاری صحت مند اور خوشحال زندگی کے لیے دعاگو ہوں۔’

گیلانی نے سنجے دت کے بیان کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جہاں سنجے نے کینسر سے صحت یاب ہونے کا اعلان کیا ہے۔

سنجے نے لکھا ‘پچھلے کچھ ہفتے میرے اور میرے اہل خانہ کے لیے بہت مشکل تھے۔ لیکن وہ کہتے ہیں نہ کہ خدا اپنے مضبوط بندوں کو سب سے سے زیادہ آزماتا ہے۔ اور آج اپنے بچوں کی سالگرہ کے موقع پر مجھے خوشی ہے کہ میں اس جنگ سے فتح حاصل کر کے کامیاب ہو گیا ہوں اور اپنے گھر والوں کو صحت اور خوشحالی کا بہترین تحفہ دے سکوں گا۔’

اس ہفتے سنجے کے بچوں اقرا اور شاہران کی سالگرہ تھی اور انکی بیگم مانیتا نے ویڈیو کا پر سنجے کو پوری تقریب میں شامل رکھا۔اپنے پیغام میں سنجے دت نے اپنے تمام ڈاکٹروں کی کوششوں اور مداحوں کی دعاؤں کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔

کرینہ کپور خان، عامر خان کے ساتھ اپنی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد خوش ہیں۔ شوٹنگ سے واپس پر انہوں نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

کرینہ اپنی پریگننسی کے بارے میں بھی کافی ایکسائٹڈ ہیں۔ یو ٹیوب چینل زوم کے ساتھ انٹرویو میں کرینہ کا کہنا تھا کہ وہ سب کچھ کھاتی ہیں جو ان کا دل کرتا ہے اور ہر حاملہ عورت کو صحت مند خوراک لینی چاہیے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ دوسرے بچے کی خبر سن کر ان کے شوہر سیف کا کیا ردِ عمل تھا، کرینہ کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر والے زیادہ فلمی نہیں ہیں۔ سیف انتہائی بردبار اور خاموش طبیعت انسان ہیں اس لیے یہ خبر سن کر ظاہر ہے خوشی ہوئی۔ سیف علی خان کی یہ چوتھی جبکہ کرینہ کی یہ دوسری اولاد ہوگی۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 17314 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp