چین: کمیونسٹ پارٹی کا اہم سالانہ اجلاس، ترقی کے نئے اہداف کا تعین


چینی صدر شی جن پنگ
توقع کی جا رہی ہے کہ صدر شی جن پنگ کمیونسٹ پارٹی کے اجلاس میں پندرہ سالہ ترقیاتی منصوبے- وژن 2035 کا اعلان کریں گے
چین میں کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کا سالانہ اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ چین میں کمیونسٹ پارٹی کے سالانہ اجلاس کو ملک کی سب سے اہم سیاسی سرگرمی تصور کیا جاتا ہے۔

19ویں کمیونسٹ پارٹی سنٹرل کمیٹی کے پانچواں پلینری سیشن میں چین کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کو پیش کیا جائے گا۔ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کے علاوہ صدر شی جن پنگ، پندرہ سالہ ترقیاتی منصوبے کو، جسے وژن 2035 کا نام دیا گیا ہے پیش کریں گے۔

بعض تجزیہ کارروں کے مطابق پندرہ سالہ منصوبے کو پیش کرنے کے اعلان سے یہ قیاس آرئیاں جنم لے رہی ہیں کہ صدر شی جن پنگ تاحیات صدر بننا چاہتے ہیں۔

آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے پروفیسر بینجمن ہلمین کے مطابق ’وژن 2035‘ کا مقصد چین کے ترقی کے نئے اہداف مقرر کرنا ہے جس کے تحت چین 2049 تک ترقی پذیر ملک سے ترقی یافتہ ملک میں تبدیل ہو جائے گا۔

ایسی قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں کہ صدر شی جن پنگ خود ’وژن 2035‘ کے منصوبے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ عملاۙ تاحیات صدر بن جائیں گے۔

کمیونسٹ پارٹی نے 2018 میں صرف دو بار صدر بننے کی پابندی ختم کر دی تھی اور اس طرح صدر شی جن پنگ دو سے زیادہ بار عہدہ صدارت پر برقرار رہ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے

چین کی معیشت برے دور کے بعد بہتری کی جانب گامزن

چینی معیشت میں سست روی عالمی معیشت کے لیے خطرہ

کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے اجلاس میں 300 ممبران شریک ہو رہے ہیں جن میں کچھ مکمل ممبران ہیں جب کے کچھ ایسے ہیں جن کی مدت ختم ہو جاتی ہے۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ میں اجلاس کے آخری روز اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی تفیصلات جاری کی جاتی ہیں۔

چین میں کمیونسٹ پارٹی کا اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب ملک کی معیشت کورونا کی وبا کے اثرات سے چھٹکارا پا رہی ہے۔ چین کے تمام شہروں کی صورتحال معمول پر آ چکی ہے۔

ہمیں کیمونسٹ پارٹی کے اجلاس سے کیا توقع رکھنی چاہیے؟

اس اجلاس کے ایجنڈے پر سب سے اہم چیز پانچ سالہ منصوبہ ہے جس میں 2021 سے 2025 تک کی ترقیاتی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔

چین دنیا کی واحد معیشت ہے جو پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کا اعلان کرتی ہے اور چین میں 1953 سے ایسا ہو رہا ہے۔

پروفیسر ہلمین کے مطابق صدر شی جن پنگ چاہتے ہیں کہ چین کی معیشت کا امریکی منڈیوں اور امریکی ٹیکنالوجیز پر انحصار کم ہو جائے اور وہ خود انحصاری کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔

پروفیسر ہلمین کے مطابق اس اجلاس میں گھریلو کھپت کے نئے اہداف سامنے آ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کم خرچ مینوفیکچرنگ سے ہٹ کر اعلیٰ ٹیکنالوجی مثلاً سیمی کنڈکٹر، قابل تجدید توانائی، طب اور خلائی سائنس پر سرمایہ کاری کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔

کیا کووڈ 19 کی وبا کا اجلاس پر اثر ہو سکتا ہے؟

پروفیسر ہلمین کے مطابق اس کا زیادہ امکان نہیں ہے۔

چین میں صورتحال معمول

چین میں کورونا کی وبا قابو میں ہے اور صورتحال معمول پر واپس آ چکی ہے

چین کی معیشت وبا کے اثرات سے نکل رہی ہے اور ایسے معاشی اشارے سامنے آئے ہیں کہ چین کی معیشت پھر سے اپنی پرانی سطح پر لوٹ رہی ہے۔

یہ اجلاس چین کی کورونا کی وبا سے کامیابی سے نمٹنے کی تشہیر کا ایک موقع ہے اور چین کے سرکاری میڈیا پر عالمی وبا کے حوالے سے امریکہ اور یورپی ممالک کی ناکامی اور چین کی کامیابی کا موازنہ کیا جائے گا۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق چین عالمی معیشت کی بحالی کے عمل کی رہنمائی کر رہا ہے۔ چین جو امریکہ کے بعد دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے، جولائی اور ستمبر کی سہہ ماہی میں، اس کی مجموعی داخلی پیداوار چار اعشاریہ نو کی شرح سے ترقی کر رہی ہے۔

البتہ معاشی ماہرین کو توقع تھی کہ چین کی مجموعی داخلی پیداوار پانچ اعشاریہ دو کی شرح سے ترقی کرے گی جو شاید اب ممکن نہیں ہے۔

کیا صدر شی جن پنگ تاحیات صدر بن سکتے ہیں؟

وژن 2035 کے اعلان سے یہ قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگیں کہ صدر شی جن پنگ تاحیات صدر بننے کے خواہشمند ہیں۔

البتہ پروفیسر ہوو کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ دراصل سوشلسٹ چین کو جدت کی طرف لانے کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

پروفیسر ہوو نے بی بی سی کو بتایا کہ وژن 2035 کا اعلان کوئی غیر معمولی اعلان نہیں ہے۔

البتہ اس کی ایک تشریح یہ بھی کی جا رہی ہے کہ وژن 2035 کا اعلان صدر شی کی طرف سے لمبے عرصے تک اقتدار پر رہنے کی خواہش کا اظہار ہے اور اس منصوبے کی بنیاد پر صدر شی جن پنگ کے حامی یہ کہہ سکیں گے کہ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ان کا اقتدار میں رہنا بہت ضروری ہے۔

پروفیسر ہووو کے مطابق صدر شی جن پنگ کا بظاہر کوئی جانیشن سامنے نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp