پشاور میں مسجد کے اندر دھماکہ، کم از کم سات افراد ہلاک، 70 سے زیادہ زخمی


پشاور دھماکہ
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک مسجد کے اندر ہونے والے دھماکے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

یکہ توت پولیس تھانے کے اہلکار نے بتایا کہ یہ دھماکہ پشاور کی دیر کالونی میں واقع سپین جماعت نامی مسجد و مدرسے میں ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب صبح آٹھ بجے مسجد میں درس و تدریس کا عمل جاری تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پشاور میں دھماکہ، ایڈیشنل آئی جی ہلاک

کوئٹہ: مدرسے کے باہر دھماکہ، پندرہ ہلاک

راولپنڈی: صدر میں دھماکہ، کم سے کم ایک ہلاک، 10 زخمی

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہی معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ خیز مواد کسی بیگ میں رکھا گیا تھا۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی کے مطابق دھماکے کے مقام پر گڑھا پڑا ہوا ہے۔

پشاور دھماکہ

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر تیمور جھگڑا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس دھماکے میں سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ 70 سے زیادہ زخمیوں کو جائے وقوعہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اب تک ان کے ہسپتال میں 50 زخمی اور پانچ لاشیں لائی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لاشیں اور زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں ان میں بیشتر کے جسم جلے ہوئے ہیں اور جسم میں چھرے بھی موجود ہیں۔

یہ خبر ابھی مزید اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp