آسٹریلیا کا بھارت کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان


آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے وینیوز اور تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بدھ کو جارہ کردہ شیڈول کے مطابق بھارت کے دورۂ آسٹریلیا کا باقاعدہ آغاز 27 نومبر کو ون ڈے سیریز سے ہو گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے، تین ٹی ٹوئنٹی اور چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے بائیو سیکیور منصوبے کے تحت بھارت کا 32 رکنی وفد اور آسٹریلیا کے وہ کھلاڑی جو متحدہ عرب امارات میں انڈین پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں آسٹریلیا پہنچ کر 14 روز تک قرنطینہ میں رہیں گے.

تمام کھلاڑی 26 نومبر تک قرنطینہ میں رہیں گے جس کے اگلے روز دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جائے گا۔

آئی پی ایل کا فائنل 11 نومبر کو دبئی میں شیڈول ہے اور تمام کھلاڑیوں کے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 12 نومبر کو آسٹریلیا پہنچنے کا امکان ہے۔ تاہم آسٹریلیا کی بارڈر فورس نے اب تک کھلاڑیوں کے سفری منصوبے کی منظوری نہیں دی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے شیڈول کے مطابق ابتدائی دو ون ڈے میچز 27 اور 29 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے جب کہ سیریز کا آخری میچ کینبرا کے اوول گراؤنڈ میں دو دسمبر کو ہو گا۔ تمام میچز ڈے نائٹ ہوں گے۔

ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چار دسمبر کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ تین میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ چھ دسمبر اور تیسرا آٹھ دسمبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کا باقاعدہ آغاز ایڈیلیڈ میں 17 دسمبر سے ہو گا۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ دونوں ٹیمیں ڈے نائٹ ٹیسٹ میں مدِ مقابل ہوں گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ کی میزبانی میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا جب کہ تیسرا ٹیسٹ سات جنوری کو سڈنی اور سیریز کا آخری میچ گابا میں 15 جنوری 2021 کو کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل بھارتی ٹیم آسٹریلیا اے کے خلاف دو ٹیسٹ پریکٹس میچز بھی کھیلے گی جو 6 سے 8 دسمبر اور 11 سے 13 دسمبر کو شیڈول ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa