نیس: فرانس کے گرجا گھر میں چاقو سے کیے گئے حملے میں خاتون سمیت کم از کم تین افراد ہلاک


فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانس کے شہر نیس میں چاقو کے ذریعے ہونے والے ایک حملے میں اب تک کم از کم تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

نیس کے میئر کرسٹین ایسٹروسی نے کہا ہے کہ واقعے کے بعد ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس حملے میں ایک شخص کے مضروب ہونے کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے ایک خاتون کا سر بھی قلم کیا گیا ہے۔

کرسٹین کے مطابق اس حملے کے تمام تر شواہد دہشت گردانہ حملے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

فرانس کے وزیر داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں۔ اس واقعہ کے بعد فرانس کی وزارت داخلہ کی ایک ہنگامی میٹنگ بھی طلب کر لی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جائے وقوع کے قریب سے ہی ایک شخص کو دس منٹ کے اندر اندر حراست میں لے کر ہسپتال منتقل بھی کیا گیا ہے۔

جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت فرانس کی قومی اسمبلی کی کارروائی بھی جاری تھی اور اس حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

قومی اسمبلی میں وزیر اعظم جین کیسٹیکس کا اس حملے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’کسی شک کے بغیر یہ ہماری ملک کو درپیش ایک انتہائی سنگین نیا چیلینج ہے۔‘

یہ خبر ابھی اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp