فواد چوہدری کا قومی اسمبلی میں پلوامہ پر بیان: انڈیا میں سوشل میڈیا پر ہنگامہ اور فواد چوہدری کی وضاحت


فواد چودھری
پاکستان مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی اور سابق سپیکر ایاز صادق کے انڈین پائلٹ ابھینندن کی رہائی کے بارے میں قومی اسمبلی کے ایوان میں دیئے گئے بیان پر جو ہلچل انڈیا اور پاکستان میں مچی وہ ابھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ایک بیان بھی اب انڈین میڈیا پر بار بار نشر کیا جا رہا ہے۔

انڈین میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس کلپ میں فواد چوہدری کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’ہم نے ہندوستان کو گھس کر مارا ہے، پلوامہ میں جو ہماری کامیابی ہے، وہ عمران خان کی قیادت میں اس قوم کی کامیابی ہے، اس کے حصے دار آپ سب بھی ہیں، اس کے حصے دار ہم سب بھی ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’پلوامہ کے واقعے کے بعد جس طرح ہم نے گھس کر مارا ہے ہندوستان کو، پاکستان کی شاہینوں نے، پاکستان کی سپاہ نے، پاکستان کے ان عظیم بیٹوں نے، جس طرح ہندوستان میں گھس کی اس کی پٹائی کی، وہ تو ہندوستان کا اپنا میڈیا اس پر شرمندہ ہے۔ ہندوستان کی سیاسی قیادت اس پر شرمندہ ہے۔‘

واضح رہے کہ 14 فروری سنہ 2019 کو انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں انڈین سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں 40 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے۔ انڈیا اس حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام لگاتا رہا ہے جبکہ پاکستان اس کی سختی سے تردید کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ابھینندن کے معاملے پر بیان سے ’تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی‘: آئی ایس پی آر

پلوامہ: سی آر پی ایف پر حملے کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں؟

پاکستان نے انڈیا سے مزید معلومات طلب کر لیں

فواد چوہدری کا یہ بیان انڈین سوشل میڈیا پر خوب شیئر کیا جا رہا ہے اور کئی صارفین نے اقوام متحدہ سے اس کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

میجر گورو آریا نے لکھا: ’ذرا تصور کریں۔۔۔ پاکستانی عوام کا ایک منتخب نمائندہ ایک خودکش بم دھماکے کو، جس میں 40 معصوم مارے گئے، پاکستان کے وزیر اعظم کی کامیابی کہہ رہا ہے۔ ایف اے ٹی ایف اور اقوام متحدہ نوٹ کر لیں۔‘

https://twitter.com/majorgauravarya/status/1321779140165431298

وکرم چنداوت نامی صارف نے لکھا: ’پاکستان کی اس تصدیق کے بعد اب میں اقوام متحدہ کی توجہ اس طرف دلانا چاہوں گا۔ اسے دہشت گرد ملک قرار دینے کے لیے اور کس ثبوت کی ضرورت ہے۔‘

انڈین صحافی سمیتا پرکاش نے لکھا: ’فواد چودھری، وفاقی وزیر پاکستان کی قومی اسمبلی میں فخر سے بتا رہے ہیں کہ پلوامہ عمران خان حکومت کا ایک بہت بڑا کارنامہ تھا۔‘

انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا نے ٹوئٹر پر لکھا: ’پاکستانی وزیر نے پلوامہ حملے میں عمران حکومت کے کردار کو مان لیا۔‘

https://twitter.com/vikramchandavat/status/1321855110964600832

ایک اور صارف نے لکھا: ’چلو آخر کار انھوں نے خود کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔‘

تاہم پاکستان کے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ انڈین میڈیا وفاقی وزیر کے اس بیان کی غلط تشریح کر رہا ہے اور فواد چوہدری کا مطلب دراصل پلوامہ حملے کے بعد بالاکوٹ میں انڈین فضائیہ کے حملے کا بھرپور جواب دینا تھا۔

سینئیر صحافی نسیم زہرا نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ فواد چودھری نے غلطی سے ایسا کہا لیکن انڈیا لازمی طور پر اس کا استعمال کرے گا۔

فواد چودھری یہ نہیں کہہ سکتے، ان کا مطلب ہو گا پلوامہ کے بعد، وہ آخر ایسا کیسے کہہ سکتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے ہی نہیں تو فواد چودھری ایسا کیسے کہہ سکتے ہیں۔‘

نسیم زہرا نے مزید کہا: ’فواد چودھری نے 100 فیصد غلطی سے یہ بات کہی ہے اور گھس کر مارنے کا مطلب یہ ہے کہ جب انڈیا نے حملہ کیا تو پاکستانی فضائیہ نے اس کا جواب دیا۔‘

کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ فاروق حمید نے کیا ’یہ میڈیا کی غلط تشریح ہے اور فواد چودھری کے بیان کو توڑ مروڑ کر اس کا غلط مطلب پیش کیا جا رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا ’پلوامہ کا مطلب ہے کہ پلوامہ کے بعد جو کارروائی ہوئی، پاکستانی فضائیہ نے انڈیا کے جہاز گرائے یہ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے اور انڈین آج تک اس شکست سے نہیں نکل سکے۔‘

’فواد چودھری نے جیسے بات کی اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے جا کر پلوامہ حملہ کیا۔ فواد چودھری نے صرف اس واقعے کا حوالہ دیا۔‘

دریں اثنا فواد چوہدری نے انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے ساتھ بھی بات کی اور وضاحت کی کہ ان کے بیان کی سیاق و ثبات سے ہٹ کر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان بالکل دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق انھوں نے کہا ’پلوامہ’ کی اصطلاح اس پورے واقعے کے لیے عام طور طور پر اب استعمال ہوتی ہے اور انھوں نے بھی اسی تناظر میں اس کا ذکر کیا۔

انھوں نے واضح کیا کہ ان کا اشارہ پلوامہ کے واقعے کے بعد انڈیا کی بالاکوٹ میں کارروائی کے جواب میں پاکستان کی طرف سے ہونے والے ‘آپریشن سوفٹ ریزورٹ’ سے تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32469 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp