مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کے پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات


اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالقادر بلوچ مستعفی ہونے کے حوالے سے باضابطہ اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔ واضح رہے کہ عبدالقادر بلوچ نوازشریف کی کابینہ میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں اور اس وقت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر ہیں

صحافتی ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ میں سابق وزیراعلٰی ثنا اللہ زہری کو پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے میں نہ بلانے پر اختلاف پیدا ہوا۔ پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد ثنا اللہ زہری کو جلسے میں مدعو کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ثنا اللہ زہری اڑھائی سال سے ملک میں موجود نہیں، اور وہ پی ڈی ایم کے جلسے کا حصہ نہیں بن سکتے۔

پارٹی قائدین کا مؤقف ہے کہ ثنا اللہ زہری نے قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف کے منع کرنے کے باوجود وزارت اعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، اور جب ثناء اللہ زہری تحریک کے ساتھ ہی نہیں ہیں تو پھر انہیں پی ڈی ایم جلسے میں کیوں بلایا جائے؟

پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اختر مینگل اور ثنا اللہ زہری کے درمیان تنازع ہے، چنانچہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ ثنا اللہ زہری جلسے میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ استعفیٰ دینا چاہیں تو ان کی مرضی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).