ہم جنید جمشید ہیں


\"husnainہاں جنید جمشید کو بہت زیادہ سنا گیا۔ وہ بہت مشہور تھا۔ جس طرح ہم نے اپنا حق استعمال کیا اور کسی ایک راہ سے لگ گئے، ویسے ہی اسے بھی حق تھا۔ جیسے ہم اپنے نظریات کا پرچار کرتے ہیں، وہ بھی کرتا تھا۔ ہم اسے لکھنا کہتے ہیں وہ تبلیغ کہتا تھا۔ اگر جنید نہ ہوتا تو دل دل پاکستان ہمارا دوسرا قومی ترانہ نہ ہوتا۔ جنید نہ ہوتا تو جامنی ہونٹوں کے سرائیکی بولنے جیسا کوئی محاورہ نہ ہوتا۔ جنید نہ ہوتا تو جنگلوں میں درختوں پر نام لکھنے والوں کا ذکر تک کوئی نہ کرتا۔ جنید نہ ہوتا تو ہر امر ہو جانے والی شام کو یاد رکھنے کے استعارے سے ہم محروم ہوتے۔ جنید نہ ہوتا تو یہ سیاہ پوش و سیاہ بخت نسل شاید گانے سے بھی واقف نہ ہوتی۔ جنید نہ ہوتا تو نامعلوم کتنی یادوں کو دہرانے کے لیے الفاظ نہ ملتے۔ جنید جمشید نے اس نسل کو لفظ دئیے۔ اسے سر سنگیت کی دنیا میں لایا۔ اسے بتایا کہ پاپ موسیقی میں ردھم کس چڑیا کا نام ہے اور وہ کیسے لایا جاتا ہے۔

لٹل سکالرز سکول، چوتھی جماعت، چار لڑکے، دو کا نام یاد نہیں، دو ابرار اور حسنین۔ پانچویں والوں کو فئیر ویل دینا تھا۔ ہر بچہ اپنے اپنے آئیٹم تیار کر چکا تھا۔ ہم کیا کریں؟ ابرار نے کہا یار میرے پاس گٹار ہے میں لے آؤں گا، حسنین کے پاس پیانو تھا، لال رنگ کا چھوٹا سا، اس نے وہ لانے کا کہہ دیا۔ باقی دو نے بھی کچھ نہ کچھ کیا ہو گا۔ پوچھا، یار گائیں گے کیا، ابرار نے کہا دل دل پاکستان گائیں گے اور کیا گانا ہے۔ اس کی آواز بھی اچھی تھی، اب بھی ہو گی، ملا نہیں، شاید تین چار برس ہو گئے، تو وہ گا دیا فئیر ویل میں چاروں بچوں نے۔ بہت واہ واہ ہوئی۔ خوب بھرم تھے بچوں کے۔ تحفے تحائف بھی ملے۔ اس زمانے میں کلر پینسل کا ایک ڈبہ ملنا بہت بڑی بات ہوتی تھی، ایسا ہی کچھ ملا ہو گا۔\"husnain-jamal-family\"

دل دل پاکستان جنید نے گایا اور پھر پورے پاکستان نے گایا۔ اتنی آسانی سے آپ کسی شخص کی موت کو متنازعہ کیسے بنا سکتے ہیں؟ کہیں پر خبر چل رہی ہے وہ اپنی تیسری بیگم کے ساتھ تھے، کوئی ان سے کسی ٹی وی پروگرام کے بدلے نکال رہا ہے، کوئی ان کی ڈاڑھی کے لتے لے رہا ہے، کسی کو ان کے کاروبار پر اعتراض ہے، کیوں؟ وہ آپ کے جیسا نہیں تھا تو وہ انسان ہی نہیں تھا؟ اس کی موت پر شادیانے بجیں گے؟

یار سب جمع ہوئے رات کی تاریکی میں

کوئی رو کر تو کوئی بال بنا کر آیا

یہ شعر ان کے لیے جو جنید ہیں، ہم سب جنید ہیں، ہم ڈاڑھی والے جنید بھی ہیں، ہم کلین شیوڈ جنید بھی ہیں، ہم دل دل پاکستان بھی سنتے ہیں، پورا رمضان ہمارے گھروں میں جنید کی نعتیں بھی ہماری مائیں ہمیں سناتی ہیں۔\"dil-dil-paksitan-vital-signs-junaid-jamshed\"

جنید ایک گانے والا یا نعت پڑھنے والا نہیں تھا ایک پورا عہد تھا۔ جتنی مرضی کنٹروورسیز میں گھرا رہا ہو، پیوند خاک ہوا۔ ہم حساب لینے والے بھی کون ہوتے ہیں؟ کس کو دعوی ہے کو وہ جنید سے زیادہ پارسا ہے، کون ہے جو یہ کہہ دے کہ ہاں میں خود اپنی ذات میں جنید سے بہتر انسان ہوں؟

جو جتنا ہے، جہاں جہاں ہے، وہیں سے نظر آتا ہے۔ وہ موت جو بچپن کی یادوں میں سے نکل کر سامنے کھڑی ہو جائے اسے سیلیبریٹ کرنا، اسے عزت دینا ہماری نسل جانتی ہے!

حسنین جمال

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

حسنین جمال

حسنین جمال کسی شعبے کی مہارت کا دعویٰ نہیں رکھتے۔ بس ویسے ہی لکھتے رہتے ہیں۔ ان سے رابطے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں۔ آپ جب چاہے رابطہ کیجیے۔

husnain has 496 posts and counting.See all posts by husnain

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments