کورونا وائرس: اگر کسی کا نام ہی کورونا ہو تو وہ کیا کرے


اپنے نام کی وجہ سے کورونا نیوٹن کو ہمیشہ سے تمسخر برداشت کرنا پڑتا ہے۔

برطانیہ میں بیئر کے ایک مشہور برانڈ کورونا سے منسلک عرفیت والے نام تو ان کا اس وقت سے پیچھا کر رہے ہیں جب وہ بیئر کا اپنا پہلا گلاس پینے کی قانونی عمر تک بھی نہیں پہنچی تھیں۔

‘لوگ مجھے گینس اور بڈوائزر بھی کہا کرتے تھے اور میں یہ ہمیشہ مذاق میں اڑا دیا کرتی تھی۔ لیکن مجھے اس وقت زیادہ جنجھلاہٹ ہوتی تھی جب یہ زیادہ زور دے کر کہا جاتا تھا۔’

کورونا نیوٹن اولڈ ھیم کے علاقے میں رہتی ہیں جہاں انگلینڈ میں اس وقت کووڈ 19 کے سب سے زیادہ مریض ہیں۔ گریٹر مانچسٹر کے اس قصبے کے رہائشیوں نے کئی ہفتوں تک ملک کے سخت ترین لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔

کورونا نیوٹن کا کہنا ہے کہ جب لوگوں کو ان کے کرسچن نام کا پتہ چلتا ہے تو کوئی بھی انھیں سنجیدگی سے نہیں دیکھتا۔ وہ جب بھی کہیں ٹیبل بک کروانے یا اکاونٹ کھلوانے سمیت کسی کام کے لیے اپنا نام بتاتی ہیں تو عملے کے ارکان انھیں عجیت سے نظروں سے دیکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا اقلیتی برادریاں کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں؟

پاکستان سمیت مختلف ممالک کورونا وائرس کی ’دوسری لہر‘ کا مقابلہ کیسے کر رہے ہیں؟

بالی وڈ میں کورونا لاک ڈاؤن کے بعد فلموں پر کام دوبارہ شروع

انھوں نے بتایا ‘لوگ مجھ سے پوچھ لیتے ہیں کہ کیا میرا نام وائرس کے نام پر رکھا گیا ہے۔’

کورونا نیوٹن، جن کے پانچ بچے ہیں، بتاتی ہیں کہ کبھی کبھار تو انھیں انتہائی نامناسب سلوک کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے اور ان سے یہ تک پوچھ لیا گیا کہ کیا وہ وائرس ہیں۔

گزشتہ ہفتے جب وہ اپنی بیٹی کو دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس لے جا رہی تھیں تو انھیں ایک ایسی کال موصول ہوئی جس میں ان سے انتہائی بدتمیزی کی گئی۔ کال کرنے والے شخص نے انھیں گالیاں تک دیں۔

انھیں ایسی عجیب صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑ چکا ہے جب سکول میں والدین اور اساتذہ کی ایک میٹنگ میں جب ان کی بیٹی نے کوورنا کہا تو ایک استاد سمجھے کہ وہ بدتمیزی کر رہی ہے۔

برطانیہ میں اعداد و شمار کے قومی ادارے کے مطابق سنہ 2019 میں تین سے بھی کم لڑکیوں کے نام کورونا رکھے گئے تھے جبکہ سنہ 1904 سے 2019 کے دوران کورونا نام لڑکیوں کے صف اول کے 100 ناموں میں بھی شامل نہیں تھا۔

نقشہ

تو یہ غیر معمولی نام آیا کہاں کیسے؟

یہ نام ایک لاطینی لفظ کراؤن یا تاج سے آیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا مطلب چاند یا ستاروں کے گرد موجود ہالا بھی ہے۔ ہسپانوی خاندانی ناموں میں یہ کافی عام ہے لیکن عموماً یہ پہلا نام نہیں ہوتا۔

کورونا نیوٹن آئرلینڈ کے مشرقی ساحلی قصبے ڈروگھیڈا میں پلی بڑھی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ان کا نام اس مسیحی دائی کے نام پر رکھا گیا تھا جس نے ان کی پیدائش کروائی تھی، لیکن انھوں نے بھرپور کوشش کی کہ وہ کیتھولک نہ لگیں۔

‘میرے والدین سارہ اور کیتھرین جیسے ناموں کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کر سکے تو انھوں نے میرے لیے کورونا نام کا انتخاب ک دیا۔’

کورونا کہتی ہیں کہ وباء پھیلنے اور ہر وقت خبروں میں اس کا ذکر ہونے سے پہلے ان کے نام سے متعلق باتوں کو ہنسی مذاق سمجھنا آسان تھا۔

‘بلیک پول میں میری شادی سے پہلے ہونے والی خواتین کی تقریب میں ہم نے نام بوجھنے والا کھیل کھیلا اور کوئی میرا نام نہیں بوجھ سکا اور سب کو میرے لیے مشروب خریدنے پڑے۔’

کورونا نیوٹن کہتی ہیں کہ آج کل کے مشکل حالات میں اگر میرے نام کی وجہ سے کسی کے لبوں پر مسکراہٹ آ جاتی ہے تو اچھی بات ہے۔ ‘کم از کم مجھے کوئی کبھی نہیں بھولے گا۔’

.


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp