بابر اعظم، اظہر علی: پاکستان کی کپتانی کا میوزیکل چیئر اور پابر اعظم کا ستارہ


بابر اعظم
بابر اعظم پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کی قائدانہ صلاحیتوں پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ بابر اعظم کو نیا کپتان مقرر کیا ہے۔

بابر اعظم پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اس طرح اب تینوں فارمیٹ کی باگ ڈور ان کے ہاتھ میں آ گئی ہے۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے بابر اعظم کی پہلی ذمہ داری نیوزی لینڈ کے دورے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی۔ یہ ٹیسٹ سیریز 26 دسمبر سے شروع ہو گی۔

غیر متوقع فیصلہ نہیں

بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سونپے جانے کا پاکستان کرکٹ بورڈ کا فیصلہ غیر متوقع نہیں ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورۂ انگلینڈ کے اختتام پر اظہر علی کی کپتانی کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ انھیں دفاعی حکمت عملی والا کپتان قرار دے کر قیادت میں تبدیلی کی باتیں سامنے آنے لگی تھیں۔

اس ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی کمنٹری کرتے ہوئے وسیم اکرم نے اظہر علی کی کپتانی کے انداز پر تنقید کی تھی۔ وسیم اکرم اِس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے اہم رکن ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے قریب ہونے کے سبب ان دنوں پاکستان کرکٹ سے متعلق اہم فیصلوں میں ان کی رائے کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم: فیصلے خود کرتا ہوں، مصباح باہر بیٹھ کر کنٹرول نہیں کرتے

‘بابر اعظم، کیمروں اور اشتہارات سے بے نیاز کپتان’

اظہر علی کو مصباح کے سائے سے نکلنا ہو گا!

ٹھنڈے مزاج کا بلےباز ضرور لیکن میری کپتانی ٹھنڈی نہیں: اظہر علی

انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اظہر علی کی قیادت میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستانی ٹیم اولڈ ٹریفرڈ ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں آنے کے بعد تین وکٹوں سے ہاری تھی اور کرکٹ کے مبصرین اور ماہرین نے اظہر علی کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگائے تھے۔

اظہر علی کی اپنی بیٹنگ فارم کچھ عرصے سے اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ تاہم ساؤتھمپٹن کے تیسرے ٹیسٹ میں انہوں نے 141 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں بھی سنچری سکور کی تھی۔

اظہرعلی کی احسان مانی سے ملاقات

اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی ذہن بنا چکا تھا۔ تاہم اس کا باضابطہ اعلان منگل کو اظہر علی کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔ اس ملاقات میں انہوں نے اظہر علی کو کپتانی کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیے جانے کے بارے میں مطلع کیا۔ اس کے بعد بابر اعظم سے رابطہ کر کے انہیں مبارک باد دے دی گئی۔

ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کا میوزیکل چیئر گیم

مصباح الحق اور اظہر علی

بابر اعظم 13ماہ میں پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے تیسرے کپتان ہیں۔ پاکستانی کرکٹ میں کپتانوں کی تبدیلی غیر معمولی بات نہیں ہے۔

آسٹریلیا کے سابق کپتان ای این چیپل نے ایک بار انہی تبدیلوں پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں کپتان اس تواتر سے تبدیل کیے جاتے ہیں جتنی تیزی سے ’لوگ قمیضیں بھی تبدیل نہیں کرتے‘۔

اظہر علی نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی نومبر 2016 میں مصباح الحق کی غیر موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن ٹیسٹ میں کی تھی۔ لیکن باضابطہ طور پر انہوں نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت گزشتہ سال اس وقت سنبھالی تھی جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹانے کے ساتھ ساتھ تینوں ٹیموں سے بھی باہر کر دیا تھا۔

اظہر علی نے 9 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی جن میں سے صرف 2 جیتے 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 3 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔

اظہر علی سنہ 2015 کے عالمی کپ کے بعد مصباح الحق کی جگہ ون ڈے ٹیم کے بھی کپتان مقرر کیے جا چکے ہیں۔ تاہم ان کے لیے وہ تجربہ بھی کامیاب نہیں رہا تھا اور وہ بحیثیت کپتان 31 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں سے 12 ہی میں کامیابی حاصل کر سکے تھے، 18 میچوں میں انہیں شکست ہوئی تھی اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

بابر اعظم

بابراعظم کا ستارہ عروج پر

بابر اعظم نے جہاں مختصر سے عرصے میں خود کو عصر حاضر کے چند بہترین بلے بازوں میں شامل کرایا ہے وہیں انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھرپور اعتماد بھی حاصل ہو چکا ہے۔

بابر اعظم سنہ 2012 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔ گزشتہ سال انہیں آسٹریلیا کے دورے میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 11 میں سے 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتے ہیں 3 میں شکست ہوئی ہے جبکہ 2 نامکمل رہے۔

بابر اعظم کو اس سال مئی میں ون ڈے کپتان بھی مقرر کر دیا گیا تھا۔ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں انہوں نے پہلی بار کپتانی کی اور یہ سیریز پاکستان دو صفر سے جیتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp