بھارت دہشت گردوں کو فنڈنگ، تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے: پاکستان کا الزام


فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے دعویٰ کیا کہ رواں برس نومبر اور دسمبر میں کراچی، لاہور اور پشاور میں بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے بڑے واقعات کا خطرہ ہے۔

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ہفتے کو نیوز کانفرنس میں بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی سے متعلق شواہد موجود ہیں اور بھارت انتہا پسند تنظیموں کی فنڈنگ کر رہا ہے۔​

پریس کانفرنس میں فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے دعویٰ کیا کہ رواں برس نومبر اور دسمبر میں کراچی، لاہور اور پشاور میں بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے بڑے واقعات کا خطرہ ہے۔

پاکستان کی طرف سے لگائے گئے ان الزامات پر بھارت کی طرف سے تاحال کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔

میجر جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے دہشت گرد تنظیموں کی مالی مدد اور اسلحہ فراہمی کے ثبوت موجود ہیں۔

دفترِ خارجہ میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے اور کالعدم تنظیموں کا کنسورشیم بنا رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے۔

ان کے بقول افغانستان میں بھارت کے سفارت خانے اور قونصل خانے، پاکستان مخالف سرگرمیوں کا گڑھ ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے سفارت خانے میں تعینات بھارتی کرنل راجیش دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے اور چار بار دہشت گردوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ رواں سال نومبر دسمبر میں کراچی، لاہور اور پشاور میں دہشت گردی کے بڑے واقعات ہونے کا خطرہ ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘داعش پاکستان’ بنانے کی سازش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حال ہی میں داعش کے 30 دہشت گردوں کو پاکستان اور ارد گرد منتقل کیا ہے۔ جب کہ کالعدم تنظیموں میں اربوں روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی کا ذکر کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ڈی جی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین گروپ کو بھی بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ نے دو کمپنیوں کے ذریعے فنڈنگ کی۔ اجمل پہاڑی نے بھارت میں ٹریننگ لینے کا اعتراف کیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘را’ کی طرف سے شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی معاونت کے ثبوت موجود ہیں۔ قبائلی علاقوں میں بدامنی کے لیے آئی ای ڈیز اور اسلحہ تقسیم کیا گیا۔

ان کے بقول دہشت گردوں کی تربیت کے لیے افغانستان میں 66 اور بھارت میں ایک کیمپ قائم ہے۔ بھارت نے قندھار میں دہشت گردوں کے کیمپ کے لیے تین کروڑ ڈالرز لگائے۔ پرل کانٹینینٹل ہوٹل گوادر پر حملے کے لیے بھارت نے پانچ لاکھ ڈالر فنڈنگ کی۔ ‘را’ افسر انوراگ سنگھ نے پی سی ہوٹل حملے کی منصوبہ بندی کی۔ دہشت گرد اسلم اچھو بھارت کے اسپتال میں زیرِ علاج رہا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے دیگر ممالک میں فنڈنگ کر رہی ہے۔ بلوچستان میں چین پاکستان اقتصادی راہ داری کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارت نے خصوصی ملیشیا بنائی ہے۔ بلوچ علیحدگی پسند ڈاکٹر اللہ نذر کے ‘را’ کے ساتھ رابطوں کی آڈیو موجود ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر ڈاکٹر اللہ نذر کی آڈیو ٹیپ بھی سنائی۔ میجر جنرل بابر افتخار کے بقول ڈاکٹر اللہ نذر نے جعلی افغان پاسپورٹ پر بھارت کا سفر کیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گرد تنظیموں سے بھارت کے رابطوں کے خطوط بھی صحافیوں کے سامنے پیش کیے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت میں موجود داعش کے دہشت گرد افغانستان پہنچائے گئے۔ بھارتی سفارت خانے، پاکستان میں دہشت گردی کے لیے فنڈز دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بھارتی سفارت خانہ بلوچ دھڑوں کو فنڈنگ دے رہا ہے۔

پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر 2014 میں ہونے والے حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اے پی ایس حملے کے بعد جلال آباد میں بھارت کے قونصل خانے میں جشن منایا گیا۔

پریس کانفرنس میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ نئی دہلی نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ پاکستان کی خاموشی، خطے کے امن اور مفاد میں نہیں۔ بھارتی منصوبہ بندی واضح ہو چکی ہے۔

شاہ محمود نے مزید کہا کہ نائن الیون کے بعد دنیا نے دیکھا ہے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست رہا ہے۔ فرنٹ لائن ریاست کے ناطے پاکستان نے بہت بڑی قیمت ادا کی۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں بھارت کو ہضم نہیں ہو رہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 126 ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا۔

ان کے بقول 2001 سے 2020 تک پاکستان میں 19 ہزار 130 دہشت گردی کے واقعات ہوئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں میں دوبارہ روح پھونکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان میں کارروائیوں کے لیے اکسایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں کو علما اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کو اکٹھا کرنے میں بھارت کا کردار واضح ہو چکا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بڑے شہروں میں کارروائیاں دشمن کا ہدف ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کا مقصد پاکستان کی امن کی کوششوں میں خلل ڈالنا ہے۔ نئی دہلی سی پیک منصوبہ کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا واضح پلان ہے۔ بھارت نے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے لیے اپنی ایجنسیز میں سیل بنایا ہے۔ اب تک بھارت اس سیل کو 80 ارب روپے دے چکا ہے۔ سی پیک منصوبوں کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان کے جوان تیار ہیں۔

اس بارے میں بھارت کے دفترِ خارجہ کی طرف سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

تاہم وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان میں سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دوسروں کو سمجھنے اور ان کو سمجھانے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔ لیکن اگر اس کو آزمانے کی کوشش کی گئی تو ملک سخت ردِ عمل دے گا۔

نریندر مودی نے مزید کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمارے فوجیوں کو ہماری سرحدوں کی حفاظت سے نہیں روک سکتی۔ بھارت نے یہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے پاس چیلنج کرنے والوں کو ایک مناسب جواب دینے کی طاقت اور سیاسی حکمت عملی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اب جانتی ہے کہ بھارت اپنے مفادات کے ساتھ تھوڑا سا بھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa