کووِڈ-19: لاک ڈاؤن میں تنہا لوگوں کو پیار کا جھانسہ دینے والے فراڈیے


Woman at a laptop

ایک بیوہ کوایک فراڈیے نے پیار کا جھانسہ دے کر غیر قانونی رقم کی ترسیل کے لیے اس کا اکاؤنٹ استعمال کیا اور اُس کی بچت بھی کھا گیا

ایک بیوہ کو اس کی زندگی بھر کی بچت سے ایک ایسے شخص نے محروم کردیا جس سے اس کی ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی اور وہ اُسے ایسا محسوس کراتا تھا جیسے کہ اُے کوئی ‘اپنا بچھڑا ہوا` دوبارہ سے مل گیا ہو۔

ڈِفڈ پووِس پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں تنہا پن کا شکار لوگوں کو پیار کا جھانسا دے کر لوٹنے والوں کے واقعات میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

اس برس جنوری سے اب تک مغربی ویلز میں آن لائن ملاقات کرنے والے افراد جھانسے کا شکار ہو کر کُل ملا کر 13 لاکھ پاؤنڈ رقم سے محروم ہو چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کی تنہائی کا فائدہ اٹھاتے رہے۔

ریبیکا جونز جو ایسے فراڈز سے بچاؤ کی افسر ہیں کا کہنا ہے کہ 18 سے 88 سال کے افراد جو آن لائن محبت ڈھونڈنے کی کوشش میں تھے ان افراد کا نشانہ بنے۔

ان کا کہنا تھا ’بلا شبہ ہم نے اس میں لاک ڈاؤن کے ابتدائی دنوں میں اضافہ دیکھا۔‘

برطانیہ بھر میں اگست 2019 سے اگست 2020 کے دوران ایکشن فراڈ فورس کو قریباً 400 شکایتیں ماہانہ موصول ہوئیں جس میں رومانوی تعلق کے نام پر دھوکہ دہی کی گئی۔ اوسطاً ہر متاثرہ فرد کو 10 ہزار پاؤنڈ کا نقصان پہنچایا گیا۔

اس سال جون، جولائی اور اگست کے مہنیوں میں فون پر ملنے والی 600 سے زائد شکایات سے پتا چلتا ہے کہ وبا کے دوران ایسے فراڈز میں اضافہ ہوا ہے۔

Woman at a laptop

کیرل (فرضی نام) ایک بیوہ ہیں انھیں ایک ’ہوشیار، پیار کرنے والا اور دلچسپ‘ مرد ایک ڈیٹنگ سائٹ پر ملا جس نے بتایا کہ اس کی بیوی بھی مر چکی ہے اور انھیں اس سے پیار ہو گیا۔

کیرل بتاتی ہیں ’وہ ہمارے مستقبل کے بارے میں بات کرتا تھا اور ایسے دلچسپ وقت کے بارے میں جب ہم دنیا گھوم رہے ہوں گے۔‘

مغربی ویلز میں رہنے والی کیرل کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس نے ان سے قرض مانگ لیا یہ کہتے ہوئے کہ اس کا بینک کا کارڈ منجمد ہو گیا ہے۔ لیکن رقم بھیجنے کے چھ ماہ بعد انھیں علم ہوا کہ وہ کسی اور شخص کی تصویر استمعال کر رہا تھا، ’میری دنیا بکھر گئی۔‘

تاہم وہ انھیں اس بات پر قائل کرنے میں کامیاب ہو گیا کہ وہ دھوکے باز نہیں ہے اور وہ شبہات کے باوجود اسے رقم بھیجتی رہیں۔

کیرل نے بتایا کہ کس طرح انھیں رقم کے تبادلے کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان کے اکاؤنٹ میں رقم بھیج کر ان سے کہا جاتا کہ اسے یورپ میں موجود ایک اکاؤنٹ میں یہ رقم منتقل کر دیں۔

وہ کہتی ہیں ’میں نے بہت ساری رقم کھوئی لیکن مجھے یہ جان کر زیادہ برا لگا کہ میں منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوئی۔‘

مجھے معلوم ہے کہ اپنے پیار سے متعلق جو شبیہ میں نے اپنے دماغ میں بنا رکھی ہے وہ اس سے نہیں ملتی کہ وہ کون تھا لیکن میرے لیے یہ سب حقیقت تھا۔

کیرل کے بینک نے مشتبہ فراڈ کے خلاف پولیس کو رپورٹ درج کرائی اور اس کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے مگر اس سے اپنی زندگی کی جمع پونچی کھو دی۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ میرا قصور ہے کہ میں اتنی بے وقوف، مہربان اور قابل اعتماد بن چکی تھی۔

سائبر پروٹیکشن آفیسر گیرتھ جورڈن کا کہنا ہے کہ غیر قانونی رقم منتقل کرنے والے اس بات کا ادراک کیے بغیر کے آخر میں وہ اس جرم کی وجہ سے قانونی کارروائی کا سامنا کر سکتے ہیں وہ اپنی رقم کو اپنے فائدے کے لیے کچھ وقت کے لیے روک لیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا جرم ہے کہ جس کے بارے میں متاثرین کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے یہ یقین دہانی کرانی چائیے کہ پولیس فراڈ کرنے والوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

ان کے مطابق یہ مجرم اپنے کام میں بہت مکار ہوتے ہیں، یہ اپنے کام کے لیے بہترین بندے کا انتخاب کرتے ہیں اور پھر اس سے تعلقات استوار کر لیتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مزید لاک ڈاؤن کے امکانات کی وجہ سے کیرول کی طرح کے مزید لوگ بھی اس فراڈ کا شکار بن سکتے ہیں۔

پولیس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ وارننگ سائن کو دیکھیں جیسا کہ ’ویری پرفیکٹ‘ کا دعوی کرنے والے پروفائل اور صرف قابل اعتماد ایپس اور ویب سائٹس تک ہی محدود رہیں۔

I love you, written on text message

کیرول کا کہنا ہے کہ اگر بیوقوف نہیں بھی تو وہ شرمندگی، قصوروار اور بے عزتی محسوس کر رہی ہیں اور کسی کو بھی اس واقعے سے متعلق بتانے میں بہت شرم محسوس کرتی ہیں۔

اب وہ اس امید سے اپنی کہانی سب کو بتاتی ہیں کہ اس سے دوسروں کو اس قسم کے فراڈ سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی محبت سچی تھی۔

’میرے احساسات حقیقی تھے، مجھے اس کا پھرسے صدمہ ہے اور اس نے پھر اپنا خاوند کھو دینے کی تلخ یادیں مجھے ستا رہی ہیں۔ اب میں پراعتماد نہیں رہی ہوں اور اب آئندہ اس حوالے سے کسی پر بھی دوبارہ یقین کرنا بہت مشکل ہو گا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp