آر ای سی پی: پندرہ ممالک نے دنیا کا سب سے بڑا تجارتی اتحاد قائم کر لیا


دنیا کے 15 ممالک نے مل کر دنیا کا سب سے بڑا تجارتی اتحاد قائم کیا ہے جو عالمی معیشت کا تقریباً ایک تہائی حصہ بنتا ہے۔ ریجنل کامپری ہینسو اکنامک پارٹنرشپ (آر سی ای پی) میں جنوبی کوریا، چین، جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت 10 جنوب مشرقی ایشیائی ممالک شامل ہے۔

اس معاہدے کو چین کے خطے میں بڑھتے اثر و رسوخ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اس معاہدے میں امریکہ کو شامل نہیں کیا گیا جس نے سنہ 2017 میں ایک مخالف ایشیا پیسیفک تجارتی معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2016 میں منصب سنبھالنے کے کچھ ہی عرصے بعد ٹرانس پیسیفک پارٹنرشپ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا۔ اس معاہدے میں 12 ممالک شامل تھے اور اسے سابق امریکی صدر براک اوباما کی حمایت حاصل تھی اور وہ اس کے ذریعے چین کی خطے میں بڑھتی طاقت کا مقابلہ کرنا چاہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کے جی ڈی پی میں ’تاریخی کمی‘ اور چینی تجارت میں اضافے کا راز

سرحدی کشیدگی کے باوجود انڈیا کی چین کو برآمدات میں اضافہ کیوں ہوا؟

’اسرائیل اور عرب ممالک کے معاہدے خطے کی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہوں گے‘

container

گذشتہ آٹھ برس سے آر سی ای پی سے متعلق مذاکرات جاری تھے۔ بالآخر اس معاہدے پر اتوار کو ویتنام کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز کے ورچوئل اجلاس کے موقع پر دستخط کیے گئے۔

اس معاہدے میں شریک رہنماؤں کو امید ہے کہ اس کے باعث کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔

چین کے وزیر اعظم لیلی کیچیانگ کا کہنا ہے کہ ’موجودہ عالمی صورتحال کے مطابق آر سی ای پی کے معاہدے پر آٹھ برس کے مذاکرات کے بعد دستخط ہونا امید کی ایک کرن ہیں۔‘

انڈیا بھی ان مذاکرات کا حصہ تھا لیکن اس کی جانب سے گذشتہ برس علیحدگی اختیار کی گئی کیونکہ ان کے مطابق اس معاہدے میں درج کم محصولات مقامی تاجروں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

دستخط کرنے والے ممالک کا کہنا ہے کہ انڈیا کے مستقبل میں اس اتحاد کا حصہ بننے کے لیے دروازہ کھلا ہے۔

آر سی ای پی کا اگلے 20 برسوں میں مختلف محصولات کا خاتمہ کرنے کا ارادہ ہے۔ اس میں ٹیلی کمیونیکیشن، مالیاتی سروسز، ای کامرس، پروفیشنل سروسز اور مواد کے جملہ حقوق کے حوالے سے بھی شرائط شامل ہیں۔

آر سی ای پی کے اراکین ممالک عالمی آبادی کا تقریباً ایک تہائی ہیں جبکہ ان کی کل پیداوار، مجموعی عالمی پیداوار کا 29 فیصد ہے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32500 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp