گلگت بلتستان: پی ڈی ایم کے بیانیہ کی شکست


گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کو غیرمعمولی انتخابی کامیابی ملی ہے۔ سابق وزرائے اعلیٰ مہدی شاہ اور جناب حفظ الرحمان کی شکست اس امر کی دلیل ہے کہ لوگوں کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ امیدیں قائم اور دائم ہیں اور وہ کسی اور کے رنگ میں رنگنے کو تیار نہیں۔

1۔ پاکستان تحریک انصاف کی مخالف جماعتوں نے بھرپور الیکشن مہم چلائی۔ ان کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔ سیکورٹی خطرات کے باوجود انہیں انتظامیہ نے ہر ممکن سہولت پہنچائی۔ لوگ بھی ان کے جلسوں میں نہ صرف آئے بلکہ اپوزیشن جماعتوں کو زندہ کر گئے۔

2۔ گلگت بلتستان کا الیکشن نیشنل الیکشن کی طرح کا معرکہ بن گیا تھا جہاں دو بیانیہ باہم دست و گریباں تھے۔ ایک ووٹ کو عزت دو کے نام پر ریاستی اداروں اور منتخب حکومت پر ضرب لگانے کا بیانیہ اور دوسرا کرپشن فری پاکستان، جہاں ہر ادارہ اپنی اپنی حدود میں رہ کر ملک اور قوم کی خدمت کرے۔

لوگوں نے سب کے جلسے سنے۔ نعروں اور دعووں کو پرکھا۔ خوب جانچا اور آخر میں ٹھپا پی ٹی آئی کے پلے پر لگایا کیونکہ وہ بلے کی کامیابی کا مطلب پاکستان کو مستحکم کرو کے مترادف جو ٹھہرا۔

3۔ پی ڈی ایم کی جماعتوں کو تحمل سے اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے۔ ٹرمپ کی طرح ضد نہیں کرنی چاہیے۔ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے دل بڑا کرنا چاہیے۔

4۔ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ گیلپ سروے پہلے ہی بتا چکا ہے۔ اب گلگت بلتستان کی فتح نے اس پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ انشا اللہ مارچ میں سینٹ میں بھی اسے برتری حاصل ہو جائے گی۔ اور اگلے برس جولائی میں مظفرآباد کے تحت پر وہ براجمان ہوگی۔

5۔ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے تمام تر مخالفتوں اور رکاوٹوں کے باوجود میرٹ پر پارٹی کے رہنماؤں اور دوسری جماعتوں سے مستعفی ہو کر آنے والوں کو ٹکٹ دیے۔ مضبوط اعصاب کے ساتھ اندر اور باہر کے دباؤ کا مقابلہ کیا۔ گلگت بلتستان میں کامیابی اور کامرانی کا سہرا ان کے سر جاتا ہے ۔ انہوں نے ایک بہترین منتظم کا لوہا منوایا ہے۔

سیف اللہ خان پارٹی کو نچلی سطح پر منظم کرنے کے کامیاب تجربہ کے بعد پہلی بار الیکشن کے معرکے میں اترے اور اللہ تعالیٰ نے انہیں سرخ رو کیا۔ انشا اللہ ان کی لیڈرشپ میں پارٹی میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔ علی امین گنڈا پور اور زلفی بخاری نے بھی خوب محنت کی۔

7۔ اصل امتحان اب شروع ہوا ہے۔ اقتدار کوئی منزل نہیں بلکہ منزل تک پہنچنے کا ذریعہ ہوتا ہے۔ منزل گلگت بلتستان میں انصاف اور عدل کا نظام قائم کرنا ہے جہاں شہریوں کو ان کے حقوق ان کی دہلیز پر ملیں۔ امید ہے کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ گلگت بلتستان کو پورے ملک کے لیے ایک اچھی تجربہ گاہ بنائے گی۔

8۔ پی ڈی ایم اور خاص کر نون لیگ کو سوچنا چاہیے کہ لوگ ان کے بیانیہ کو قبول نہیں کر رہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ملک کے دفاعی ادارے قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہیں کمزور کرنے کی کوششوں کو عوام نے نہ پہلے پذیرائی بخشی اور نہ اب بخشنے والے ہیں۔ اس لیے وہ اپنی سیاسی فکر کی اصلاح کریں ورنہ رفتہ رفتہ ان کا سیاسی خیمہ اجڑ جائے گا۔

ارشاد محمود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ارشاد محمود

ارشاد محمود کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک سینئیر کالم نویس ہیں جو کہ اردو اور انگریزی زبان میں ملک کے موقر روزناموں کے لئے لکھتے ہیں۔ ان سے مندرجہ ذیل ایمیل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ershad.mahmud@gmail.com

irshad-mehmood has 178 posts and counting.See all posts by irshad-mehmood