’لالہ آئی ایم سوری‘


پاکستان سپر لیگ کے ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز کے بولرز نے ایڈم لائتھ کو ڈگ آؤٹ کی راہ دکھا کرمیچ پر اچھی خاصی گرفت مضبوط کرلی تھی لیکن ملتان سلطانز کی اننگز کا سب سے دلچسپ منظر 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر دیکھنے میں آیا جب حارث رؤف نے شاہد آفریدی کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کردیا۔

آفریدی کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد عموماً بولرز خوشی سے بے قابو ہو جاتے ہیں لیکن حارث رؤف نے وکٹ حاصل کرتے ہی جشن منانے کے بجائے مسکراتے ہوئے شاہد آفریدی کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے جس کا مطلب تھا ʹمجھے معاف کردیجیے گا۔ʹ

پاکستان سپر لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس کی ویڈیو اسی سرخی کے ساتھ پوسٹ کی گئی ہے کہ ’لالہ آئی ایم سوری۔‘

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے والے نئے چہرے کون ہیں

کیا ڈیرن سیمی کی دل گرفتگی زلمی کو لے ڈوبی؟

’رانا صاحب پہنچ تو گئے ہیں، اتنی ہی جلدی واپس نہ جانا پڑے‘

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی بولر نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی سے جشن منانے کے بجائے سینئر کے احترام کے طور پر خاموشی اختیار کرلی ہو۔ اس سے قبل پی ایس ایل میں شاہین آفریدی نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنے سینئر کا احترام کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کرنے سے گریز کیا تھا البتہ انھوں نے اپنے والد کی خواہش ضرور پوری کی تھی کہ ان کا بیٹا پی ایس ایل میں شاہد آفریدی کو آؤٹ کرے۔

شاہین آفریدی نے مصباح الحق کو بھی آؤٹ کرنے جشن نہیں منایا تھا۔

حارث رؤف کی پچاس وکٹیں

حارث رؤف نے ملتان سلطانز کے خلاف ایلیمنیٹر میں تین وکٹیں حاصل کرکے اس سال ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 50وکٹیں بھی مکمل کر لی ہیں۔ اس طرح وہ افغانستان کے سپنر راشد خان سے آگے نکل گئے ہیں جنھوں نے اس سال ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 48 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ حارث رؤف نے وکٹوں کی نصف سنچری 31 میچوں میں مکمل کی ہے جبکہ راشد خان اس سال اب تک 39 میچ کھیل چکے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے بھی اس سال اب تک 33 میچوں میں 48 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

حارث رؤف اس سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے بولرز میں وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔

ایک نیا چیمپئن یقینی

کرکٹ میں کراچی اور لاہور کی ہر دور میں نظر آنے والی روایتی رقابت پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں نظر آئے گی جب کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں منگل کو ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

اتفاق سے دونوں ٹیمیں پہلی بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ اس بار پی ایس ایل کا نیا چیمپئن سامنے آئے گا۔

لاہور قلندرز نے پچھلے چار ایونٹس میں اپنی بدقسمتی کا جمود بالآخر توڑا ہے۔ پچھلے چاروں ٹورنامنٹس میں لاہور قلندرز کی ٹیم آخری نمبر پر رہی ہے۔ دوسری جانب کراچی کنگز کی پیش قدمی ایلیمنیٹر سے آگے نہیں بڑھ سکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے آپس کے مقابلوں میں کراچی کنگز کا پلہ بھاری رہا ہے جس نے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دس میں سے چھ میچ جیتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32466 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp