کورونا وائرس کی ’دوسری لہر‘: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ٹیسٹ مثبت، سکولوں کی بندش کا فیصلہ ’ابھی نہیں ہوا‘


پاکستان میں پیر کو مسلسل چوتھے روز دو ہزار سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ملک میں کووڈ 19 سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔

کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے قائم ادارے این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2128 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس عرصے میں 19 افراد اس عالمی وبا سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 599 مریضوں کی صحت یابی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

مجموعی طور پر سب سے زیادہ متاثرین 155,680 سندھ میں ہیں اور اس کے بعد پنجاب میں 110,450 افراد میں اب تک کووڈ 19 کی تشخیص ہوچکی ہے۔ سب سے زیادہ ایکٹیو کیسز بھی انہی دونوں صوبوں میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کورونا وائرس: کیا پاکستانی حکومت سینما گھروں، تھیٹرز اور مزاروں کو بند کرنے لگی ہے

پاکستان میں ویکسین کی آزمائش: ویکسین کون سی ہے اور آزمائش کا طریقہ کار کیا ہے

کیا پاکستان میں کورونا کے مریض دوبارہ بڑھ رہے ہیں؟

پاکستان میں پیر کو قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اہم اجلاس میں ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد تعلیمی اداروں میں وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا جائے گا اور سکولوں کی بندش کے حوالے سے صوبوں سے مشاورت کی جائے گی۔

مراد علی شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ایک بیان میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ نماز جمعہ کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں جس کے بعد انھوں نے کووڈ 19 کا ٹیسٹ کروایا، جس کے نتائج مثبت آئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘ڈاکٹروں کے مشورے پر میں آئسولیشن میں ہوں۔ مجھے ہلکہ بخار ہے لیکن ویسے میری حالت بہتر ہے۔’

‘سکول بند کرنے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا’

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بچوں کی تعلیم اور سکولوں کی بندش سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ سردیوں کی چھٹیاں بڑھانے کی تجویز موجود ہے لیکن حتمی فیصلہ تمام صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

پاکستان، کورونا وائرس

وزیر تعلیم نے تسلیم کیا کہ تعلیم کے لحاظ سے بچوں کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔

‘آئندہ سال موسم سرما معمول کے مطابق ہوگا’

کورونا وائرس کی پہلی ممکنہ ویکسین بنانے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ پُر اعتماد ہیں کہ آئندہ سال موسم سرما ‘معمول کے مطابق ہوگا۔’

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک کے سربراہ پروفیسر ساہن نے بتایا کہ ویکسین سے وائرس کی منتقلی کو روکا جاسکے گا۔ لیکن فی الحال کچھ مشکل دن باقی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ تاحال ممکنہ ویکسین کے منفی اثرات میں دو روز تک ہلکہ بخار شامل ہیں۔

این سی سی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر، این سی او سی، نے ملک بھر میں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے اور سینما گھروں، تھیٹرز اور مزاروں کو مکمل طور پر بند کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

ان تجاویز پر صوبوں سے مشاورت کے لیے پیر کو این سی سی کا اجلاس ہوگا۔

پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ جولائی سے رواں ماہ نومبر کے دوران شرح اموات میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔

وقافی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ رواں سال اکتوبر کے وسط سے اب تک پاکستان میں کووڈ کے متاثرین کی تعداد میں تین گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

کورونا وائرس

انھوں نے کہا کہ ملک میں کسی بڑے نقصان سے بچنے کے لیے ایس او پیز کی پابندی ضروری ہے۔

اس سے پہلے 12 اکتوبر اور تین نومبر کو بھی بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ تمام متعقلہ اداروں کو یکجا ہو کر ان قواعد پر عمل لازمی قرار دینا ہو گا۔

پیر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی او سی میں صوبائی وزیر تعلیم کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں عمومی طور پر ملک بھر میں وبا کے پھیلاؤ کے رجحان کا جائزہ لیا جائے گا۔

سرکاری بیان کے مطابق اس کا مقصد ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موجود ’مثبت رجحان‘ کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ مشاورتی اجلاس کے بعد اس کے نتیجے میں ہونے والے فیصلے اور نفاذ کے لیے سفارشات صوبوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32537 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp