انڈین طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ


پاکستانی حکام کے مطابق ایک انڈین طیارے نے ایک مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کراچی کے جناح ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔

منگل کی شب پاکستان ایوی ایشن کی ویب سائٹ پر جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے نجی کمپنی گو ایئر کا طیارہ 197 مسافروں کو ریاض سے دہلی لے جا رہا تھا۔ دوران پرواز ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوئی اور فلائٹ G8- 6658A کے پائلٹ نے کراچی ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان ایوی ایشن نے ائیر پورٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 30 سالہ مسافر محمد نوشاد کو دوران پرواز دل کا دورہ پڑا اور ایئر ٹریفک کنٹرول نے ایئر پورٹ پر موجود ڈاکٹر کو بلایا گیا۔ معائنے کے بعد ڈاکٹر نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ مسافر کی ہلاکت لینڈنگ سے قبل ہی ہو چکی تھی۔

بعد ازاں طیارہ فیول بھروانے کے بعد دہلی روانہ ہو گیا۔

مزید پڑھیے

انڈیا پاکستان کشیدگی سے فضائی کمپنیاں اور مسافر پریشان

پاکستان نے فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی

مودی:پاکستانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

متعدد ایئر لائنز کا ایرانی فضائی حدود سے گریز

گذشتہ برس مئی میں انڈین فضائیہ کے جنگی طیاروں نے اے این-12 ساخت کے جارجیا کے ایک مال بردار طیارے کو جے پور میں اترنے پر مجبور کیا ہے۔ یہ طیارہ مبینہ طور پر کراچی سے انڈیا میں شمالی گجرات کی جانب غیر مقررہ راستے پر پرواز کر رہا تھا۔

گذشتہ برس فروری میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں انڈیا کے نیم فوجی دستے پر خودکش حملے، بالاکوٹ میں انڈین طیاروں کی بمباری اور پھر پاکستان کی جانب سے انڈین جنگی طیارہ گرائے جانے کے واقعات کے بعد دونوں ملکوں میں کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود تمام کمرشل اور نجی پروازوں کے لیے بند کر دی گئی تھی۔

جولائی میں پاکستان نے ساڑھے چار ماہ کی بندش کے بعد اپنی فضائی حدود کو تمام کمرشل پروازوں کے لیے کھول دیا تھا۔

اس سے قبل جون میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کا ارادہ ترک کر دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp