کووڈ نے دنیا کے مہنگے ترین شپروں کی فہرست بھی اوپر نیچے کر دی


Hong Kong skyline
رہنے کے لحاظ سے دنیا کی مہنگے ترین شہروں کی ایک نئی فہرست میں ہانگ کانگ، زیورخ، اور پیرس سب سے اوپر آگئے ہیں۔

گذشتہ سال کی درجہ بندی میں سنگاپور اور اوساکا جو ہانگ کانگ کے برابر تھے، اب نیچے چلے گئے ہیں۔ اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کے مطابق سنگاپور میں قیمتوں میں کمی کی وجہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے غیر ملکی مزدوروں کا ملک چھوڑنا تھا۔

ادھر بیشتر چینی شہروں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا معاشی صورتحال پر منفی اثر ہے۔

اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کی اپسنا دت کہتی ہیں کہ „گزشتہ چند سالوں میں ایشیائی ممالک اس فہرست میں اونچے رہے ہیں مگر کورونا وائرس کی وبا نے درجہ بندی ہلا کر رکھ دی ہے۔‘

بنکاک 20 درجے نیچے گیا ہے اور اب 46واں مہنگا ترین شہر بن گیا ہے۔

یہ فہرست عموماً غیر ملکی کارکنان کے لیے بنائی جاتی ہے اور اس کی مدد سے عالمی کمپنیاں بزنس دوروں اور غیر ملکیوں کی آمدنی کا تعین کرتی ہیں۔

زیادہ تر چینی شہروں میں امریکہ اور چین کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے تجارتی جنگ کی وجہ سے سپلائی چین ٹیسٹ ہوئی ہے اور صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

مہنگا یورپ

امریکہ، افریقہ اور مشرقی یورپ میں شہروں میں رہنے کے اخراجات کم ہوئے ہیں جبکہ مغربی یورپ میں شہر اور مہنگے ہوئے ہیں۔

دس مہنگے ترین شہروں میں سے چار مغربی یورپ میں ہیں جن میں زیورخ اور پیرس سرِ فہرست ہیں۔

جنیوا اور کوپن ہیگن ساتویں اور نویں نمبر پر ہیں۔

Singapore skyline

یہ جزوی طور پر یورپی کرنسیوں کی قدرے مستحکم اور مضبوط پوزیشن کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ اس فہرست میں ہر شہر کا موازنہ نیویارک میں رہنے کی قیمت سے کیا جاتا ہے۔

اس فہرست میں سب سے زیادہ تیزی سے اوپر تہران آیا ہے جہاں امریکی پابندیوں کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

مہنگے سگریٹ، سستی قمیضیں

اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کی ’کاسٹ آف لِونگ انڈیکس‘ میں 130 شہروں میں 138 اشیا کی قیمتوں کا موازنہ کیا جاتا ہے۔

مجموعی طور پر قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا تاہم رپورٹ کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دیگر کے مقابلے میں زیادہ مستحکم رہی ہیں۔

لاجسٹکل مشکلات کی وجہ سے بھی اشیا کی کمی ہوئی جیسے کہ پاسٹا اور ٹوائلٹ پیپر جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھی ہیں۔

رپورٹ کی دس کیٹیگریوں میں سے سب سے زیادہ اضافہ تمباکو اور تفریحی اشیا میں ہوا، اور سب سے تیزی سے کمی کپڑوں کی کیٹیگری میں ہوئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp