پاکستان افغانستان تعلقات: کیا وزیراعظم عمران خان کا پہلا دورہ کابل دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی کی فضا کم کر پائے گا؟


پاکستان کے وزیراعظم عمران خان (آج) جمعرات کو پہلے سرکاری دورے پر ہمسایہ ملک افغانستان روانہ ہو رہے ہیں۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر افغانستان کا دورہ کر رہے ہیں جہاں دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان افغانستان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب ایک جانب افغانستان میں امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے ہونے کے باوجود ملک میں شدت پسندی کے واقعات میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے اور دوسری جانب دوحہ میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بین الافغان مذاکرات دو ماہ گزرنے کے باوجود باقاعدہ طور پر شروع نہیں ہوئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی سنیچر کو پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں افغانستان پر ایک بار پھر الزام لگایا تھا کہ انڈیا افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

https://twitter.com/PakPMO/status/1329273361822846982

وزیراعظم کے اس دورے سے تین دن قبل ہی مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد افغانستان کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں اور انھوں نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر بات چیت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان، افغانستان مذاکرات: کیا اس سے مسائل حل ہوں گے؟

’افغانستان میں امن پاکستان میں موجود استحکام کو مزید تقویت فراہم کرے گا‘

پاک-افغان سفارتی تعلقات میں اتنا تناؤ کیوں؟

عمران اور غنی کی ملاقاتیں

وزیراعظم عمران خان کا اگرچہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ افغانستان کا پہلا دورہ ہے لیکن گزشتہ دو برسوں میں اُن کی افغان صدر کے ساتھ یہ تیسری ملاقات ہو گی۔ ان کی پہلی ملاقات گذشتہ برس مئی میں سعودی عرب میں ہونے والے او آئی سی اجلاس کے سائیڈ لائن پر ہوئی تھی، جس کے ایک ماہ بعد ہی افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

کابل میں افغان صدارتی محل کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان اور صدر غنی کے درمیان ملاقات کے بعد دونوں رہنما صدارتی محل میں ہی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، تاہم اس بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا جائے گا۔

عمران خان

افغان امن عمل

دوحہ میں رواں برس فروری میں امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے بعد اگرچہ جلد ہی بین الافغان مذاکرات شروع ہونے تھے لیکن کئی ماہ کی تاخیر کے بعد افغان حکومت اور طالبان مذاکراتی ٹیموں کے درمیان بین الافغان مذاکرات کے لیے دوحہ میں ملاقاتیں تو ہوئیں لیکن تاحال یہ مذاکرات باقاعدہ طور پر شروع نہیں ہوئے ہیں۔

افغان حکومت اور عوام چاہتے ہیں کہ جنگ بندی ہو تاہم طالبان بضد ہیں کہ جنگ بندی پر بین الافغان مذاکرات میں ہی بحث ہو گی۔ دوحہ میں اگرچہ دونوں مذاکراتی ٹیموں کے درمیان دو ماہ سے ملاقاتیں بھی ہو رہی ہیں لیکن ادھر کابل اور دیگر شہروں میں افغان حکومت اور فوج کے خلاف طالبان کے حملوں میں شدید تیزی دیکھنے میں آئی ہیں۔

امریکہ، افغان حکومت اور پوری دنیا پاکستان پر طالبان پر اثر و رسوخ کا الزام لگاتی ہیں اور دوحہ مذاکرات میں تو پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی یہ کہا تھا کہ اگر پاکستان کی کوششیں نہ ہوتی تو یہ معاہدہ نہ ہوتا۔ پاکستان کے اسی اثر و رسوخ کو دیکھتے ہوئے افغان حکام چاہتے ہیں کہ پاکستان بین الافغانی مذکرات میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں اور طالبان ان مذاکرات کے آغاز سے ہی جنگ بندی کا اعلان کر لیں۔

پاکستان میں افغانستان کے سابق سفیر اور افغان صدر کے پاکستان کے لیے خصوصی نمائندے عمر داؤد زئی نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی حکام نے غیر رسمی ملاقاتوں میں اُنھیں یہ باور کرایا ہے کہ رواں سال کے آخر تک طالبان جنگ بندی پر راضی ہو جائیں گے۔

افغان طالبان

’پاکستان کے طالبان پر اثر و رسوخ کو دیکھتے ہوئے ہم پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ بین الافغان مذاکرات میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں جیسا کہ انھوں نے امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے میں ادا کیا تھا۔‘

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کا پہلے ہی دن سے یہ موقف ہے کہ افغانستان کا مسئلہ جنگ سے نہیں بات چیت سے حل ہو گا۔ افغانستان میں پاکستان کے سابق سفارتکار ایاز وزیر سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ افغانستان نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان مثبت پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے بلکہ دوحہ میں جاری افغان حکومت اور طالبان کے درمیان باضابطہ مذاکرات کے لیے بھی راہ ہموار کرسکتا ہے۔

’شاید اس دورے سے مثبت نتیجہ نکل آئے گا کیونکہ وہ ایک عرصے سے یہ کہتے تھے کہ یہ سب بات چیت کے ذریعے ہی حل ہو گا۔ اب جب امریکی افواج افغانستان سے نکل رہی ہیں اور نئی امریکی قیادت کے بعد خطے میں اگر کوئی تبدیلی ہوتی ہیں تو بھی وزیراعظم عمران خان کا دورہ کابل دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے مثبت ثابت ہو سکتا ہے۔

ایک دوسرے پر الزامات

انڈیا، افغان طالبان، پاکستانی طالبان اور بلوچ عسکریت پسند دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی خرابی کی اہم وجوہات سمجھے جاتے ہیں۔ افغانستان پاکستان پر افغان طالبان کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں جبکہ پاکستان، تحریک طالبان کے تمام حملوں کی ذمہ داری افغانستان پر ڈالتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انڈیا پاکستانی طالبان اور بلوچ عسکریت پسندوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کر رہا ہے۔

دونوں ممالک میں دہشت گردی کے لگ بھگ ہر واقعے کے بعد الزام ایک دوسرے پر ان کی سرزمین کے استعمال کا لگایا جاتا ہے۔

پاکستان کا یہ بھی الزام ہے کہ حال ہی میں پاکستان میں بننے والی سیاسی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے پیچھے بھی افغان حکومت اور انڈیا کا ہاتھ ہے اور جب افغان صدر اشرف غنی نے پشتون تحفظ موومنٹ کے حق میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس تحریک کے حق میں ٹویٹس کیں تو پاکستان نے اس پر بھی شدید احتجاج کیا تھا اور اس کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp