شوبز ڈائری:بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین کو ’بہترین تحفہ‘ 45ویں سالگرہ پر ملا


سابق حسینہ کائنات سشمیتا سین اس ہفتے 45 سال کی ہوئی ہیں اور ان کے مطابق ان کی بیٹی رنی نے انہیں ان کی سالگرہ کا بہترین تحفہ دیا ہے۔

سشمیتا کی گود لی ہوئی بیٹی رنی کی شارٹ فلم ‘سُٹٹا باز’ کا ٹریلر ریلیز ہوا ہے۔

انھوں نے انسٹا گرام پر اس ٹریلر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ‘اپنی سالگرہ پر میرا اب تک کا سب سے بہترین تحفہ جسے میں انتہائی فخر کے ساتھ پیش کر رہی ہوں، یہ میری بیٹی کی پہلی شارٹ فلم کا ٹریلر ہے۔ ‘

سشمیتا چاہے فلموں میں نظر نہ آتی ہوں لیکن سوشل میڈیا پر وہ اکثر تصاویر شییئر کرتی رہتی ہیں ان تصاویر میں ان کی دونوں گود لی ہوئی بیٹیوں کے ساتھ ساتھ ان کے قریبی دوست رومن شال بھی نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کنگنا: میں جیل جانے کی منتظر ہوں

ریا چکرورتی کے جیل میں شب و روز اور ان کی والدہ کے دل میں خودکشی کے خیالات

شاہ رخ کی بیٹی کو ’بدصورت‘ کیوں کہا جاتا تھا؟

حال ہی میں یو ٹیوب چینل زووم کے ساتھ ایک انٹرویو میں سشمیتا نے رومن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی عمر کے لحاظ سے بہت سلجھے ہوئے انسان ہیں۔ سشمیتا کا کہنا تھا کہ رومن عمر میں ان سے پندرہ سال چھوٹے ہیں لیکن وہ اپنی عمر کے مقابلے انتہائی سمجھدار اور سلجھے ہوئے انسان ہیں۔

سشمیتا کے بوائے فرینڈ رومن پیشے سے ایک ماڈل ہیں۔

سشمیتا کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ جس محبت کی انہیں تلاش تھی وہ انہیں رومن کی شکل میں ملے گی اور وہ بھی انسٹاگرام پر اور وہ یہ بھی نہیں جانتی تھیں کہ رومن اتنی کم عمر کے باوجود اتنے سلجھے ہوئے انسان ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ رومن اور ان کے بچے ایک مکمل ٹیم ہیں اور یہ سب بہت خوبصورت احساس ہے۔’

انڈین ریالٹی شو بِگ باس میں یوں تو پہلے بھی محبت کی کئی کہانیاں پروان چڑھی ہیں لیکن اس بار اداکار اعجاز خان اور اداکارہ پوِترا پنیا کے درمیان بڑھتی محبت کی پینگیں ‘کرنی سینا’ کو سخت ناگوار گزریں۔

کرنی سینا نے بِگ باس 14 میں ‘لو جہاد’ کا اینگل تلاش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باگ باس ‘لو جہاد’ کو فروغ دے رہا ہے اور اس میں فحاشی دکھائی جا رہی ہے اور اسے فوراً بند کیا جانا چاہیے۔

کرنی سینا نے چینل کو ایک نوٹس بھی دے ڈالا۔

اس بارے میں ابھی تک چینل یا شو کے منتظمین کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ ویسے شو کے میزبان اور بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان اور ان کے گھر والے قرنطینہ میں ہیں کیونکہ انکے ڈرائیور اور گھر کے عملے کے دو ارکان کا کرونا کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے۔ جہاں تک کام کا تعلق ہے تو سلمان نے حال ہی میں فلم ‘رادھے یور موسٹ وانٹیڈ بھائی’ کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے۔ اور فلم ‘انتم’ کی شوٹنگ کی تیاریں چل رہی ہیں۔

بالی ووڈ اور میڈیا میں کئی بار یہ سوال کیا جاتا رہا ہے کہ کیا کبھی تینوں خان بڑے پردے پر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ مداحوں کی بھی ان تینوں کو ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش رہی ہے۔

لگتا ہے بہت جلد ان کی یہ خواہش پوری ہونے والی ہے ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق عامر خا ن اپنی فلم لال سنگھ چڈھا میں سلمان اور شاہ رخ کو مہمان اداکار کے طور پر پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں شاہ رخ خان کی شوٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اور سلمان سے بات چیت جاری ہے اور ایسی خبریں بھی ہیں کہ شاہ رخ اپنے یادگار کردار راج میں نظر آئیں گے جبکہ سلمان ایک بار پھرپریم کا روپ اپنائیں گے۔

عامر، شاہ رخ اور سلمان خان

فلم لال سنگھ چڈھا ہر دہائی کے اہم لمحات کے مناظر پیش کرے گا جس میں نوے کی دہائی میں شاہ رخ نے 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' میں راج کا کردار نبھایا تھا اور اس دوران سلمان کی کئی ہٹ فلمیں آئی تھیں جس میں ان کے کردار کا نام پریم تھا۔

شاہ رخ حان نے فلم ہیرو کی ناکامی کے بعد سے کوئی فلم سائن نہیں کی تھی لیکن حال ہی میں انھوں نے فلم ‘پٹھان’ کے لیے شوٹنگ شروع کر دی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp