انڈیا: کامیڈین بھارتی سنگھ کو گھر سے منشیات برآمد ہونے پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کر لیا


بھارتی سنگھ
انڈین کامیڈین سٹار بھارتی سنگھ کو گھر سے منشیات برآمد ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کا کہنا ہے کہ انڈین کامیڈین بھارتی سنگھ کے گھر پر چھاپے کے دوران 86.5 گرام حشیش برآمد کی گئی ہے۔ ان کے شوہر ہرش لمباچھیا بھی ان کے ساتھ اس گھر میں رہتے ہیں۔

’انڈیاز بیسٹ ڈانسر’ نامی ریئلٹی شو کی مشترکہ میزبانی کرنے والے جوڑے کو مزید پوچھ گچھ کے لیے حراست میں رکھا گیا ہے۔

این سی بی بالی وڈ انڈسٹری میں منشیات کے غیر قانونی استعمال کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے اور یہ چھاپہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی جون میں خودکشی کے بعد اعلیٰ سطحی تحقیقات کے دوران بالی وڈ فلم انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر منشیات کے غیر قانونی استعمال کا راز فاش ہوا تھا، جس کی تحقیقات جاری ہیں اور اس ضمن میں ٹی وی اور فلمی دنیا سے جڑے معروف اداکاروں کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا اور ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کی کہانی

بالی وڈ میں منشیات کا استعمال، دپیکا پاڈوکون سمیت متعدد ستارے تحقیقات کے لیے طلب

سشانت سنگھ راجپوت: بولی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی گرفتار

سوشانت

یاد رہے 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے اور پولیس نے اس وقت ان کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔

تفتیشی حکام میں سے ایک سمیر وانکھیڈے نے انڈیا کی نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ‘بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو ممنوعہ منشیات رکھنے کے بارے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔’

انڈیا

انڈیا کی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے ایک حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک منشیات فروش سے دوران تفتیش کامیڈین بھارتی سنگھ کا نام سامنے آیا تھا۔'

ممبئی میں اپنے گھر سے رخصت ہوتے وقت بھارتی سنگھ نے رپورٹرز کو بتایا کہ ‘بس اتنا ہی ہے کہ انھوں نے ہمیں کسی بارے میں پوچھ گچھ کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔’

واضح رہے اس سے قبل بالی وڈ سٹار دیپکا پڈوکون، راکول پریت سنگھ اور شردھا کپور کو بھی حالیہ تحقیقات کے دوران تفتیش کے لیے بلایا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp