سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی لندن میں وفات


پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 90 سال کی عمر میں لندن میں وفات پا گئی ہیں۔

بی بی سی کی نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں اور خاندانی ذرائع نے ان کی وفات کی تصدیق کر دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا تارڑ نے شمیم اختر کی وفات کی اطلاع دینے کے بعد بی بی سی سے گفتگو میں بتایا ہے کہ ’بیگم شمیم کی موت کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہے تاہم وہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔‘

واضح رہے کہ اتوار کو حزب اختلاف جماعتیں پاکستان ڈیموکریٹک اتحاد کے زیر اہتمام پشاور میں جلسہ کر رہی ہیں جس میں لیگی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مودی کی والدہ کے لیے نواز شریف کا تحفہ

مودی کو ماں کے ساتھ دیکھ کر نواز شریف کی ماں جذباتی

وہ بتاتی ہیں کہ وفات کے وقت اتوار کی صبح وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں تھیں۔

عطا تارڑ کا مزيد کہنا تھا کہ اس خبر کی اطلاع سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو جیل میں دی گئی۔ یاد رہے کہ دونوں رہنما بدعنوانی کے الزام میں زیر حراست ہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ان دونوں کی ’جیل سے مختصر رہائی کے لیے ان کے پرول کی درخوست بھی دی جا رہی ہے۔‘

سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کے لیے پہلے ہی لندن میں موجود ہیں، لیکن بدعنوانی کے الزامات میں پاکستانی حکام کو مطلوب ہیں۔

شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز اس وقت لاہور کی جیل میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بیگم شیم کی نماز جنازہ لندن میں ادا کی جائے گی لیکن ان کی تدفین لاہور میں ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نوازشریف اور شہباز شریف کی والدہ کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp