فرانسیسی حکومت کے احتجاج کے بعد شیریں مزاری کی ٹوئٹ حذف


 

فرانس

فرانس کی طرف سے شدید احتجاج سامنے آنے کے بعد پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں کے بارے میں اپنا ایک ٹوئٹر پیغام حذف کر دیا ہے۔

فرانس کی وزارتِ خارجہ نے پاکستانی حکام سے شیریں مزاری کے اس بیان کی تصحیح کا مطالبہ کیا تھا جس میں انھوں نے صدر ایمانویل میکخواں کے فرانسیسی مسلمانوں کے ساتھ سلوک کو دوسری جنگ عظیم کے دوران نازیوں کے یہودیوں سے روا رکھے گئے سلوک سے تشبہیہ دی تھی۔

پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شریں مزاری کے الفاظ کو فرانسیسی صدر اور ملک کے لیے انتہائی توہین آمیز اور شرمناک قرار دیتے ہوئے، اس بیان کی تصحیح کرنے اور بات چیت کی راہ اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

فرانس: مسلم رہنماؤں کو ’جمہوری اقدار‘ کی حمایت کے لیے 15 دن کی مہلت

فرانس میں مسلمانوں کی تاریخ اور قومی شناخت کا محافظ نظریہ ’لئی ستے‘ کیا ہے؟

فرانسیسی معاشرے میں کشیدگی، مسلمان مستقبل کے بارے میں فکرمند

بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘یہ گھٹیا الفاظ سراسر جھوٹ ہیں جو نفرت اور تشدد کے نظریات پر مبنی ہیں۔ اتنے ذمہ درانہ عہدے پر رہنے والی شخصیت کی جانب سے ایسے تبصرے انتہائی شرمناک ہیں اور ہم ان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔’

بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انھوں نے پاکستان کے حوالے سے فرانس میں موجود متعلقہ محکمے کو انتہائی سخت سے سخت الفاظ میں اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔

بی بی سی نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شریں مزاری سے رابطہ کرنے کی بارہا کوشش کی لیکن اس خبر کے شائع ہونے تک ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ دریں اثناء انھوں نے اپنی ٹویٹ ہٹا دی ہے اور اس حوالے سے لکھا ہے کہ ‘پاکستان میں فرانسیسی سفیر نے مجھے ایک پیغام بھیجا ہے جس میں لکھا ہے کہ جس مضمون کا میں نے حوالہ دیا تھا، متعلقہ ویب سائٹ نے اس میں تصحیح کر دی ہے۔’

جس کے جواب میں فرانسیسی سفارت خانے نے انھیں جواب دیا کہ ‘اصلاح اور معذرت کے لیے آپ کا شکریہ۔ جمہوریتوں میں آزادیِ اظہار اور مباحثے ضروری ہیں تاہم انھیں توثیق شدہ اور درست حقائق پر مبنی ہونا چاہیے۔’

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بی بی سی کی طرف سے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ‘شریں مزاری نے اپنی ٹویٹ ہٹا دی ہے لہذا ہمارا موقف اب وہی ہے جو شریں مزاری نے اپنی حالیہ ٹویٹ میں لکھا ہے۔’

گذشتہ ہفتے فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے فرانس کے مسلم رہنماؤں سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ ‘جمہوری اقدار’ کے چارٹر سے اتفاق کریں جو کہ فرانس میں انتہا پسند اسلام کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

بدھ کو فرانسیسی صدر نے فرینچ کونسل آف مسلم فیتھ (سی ایف سی ایم) کو 15 دن کی مہلت دی کہ وہ اس عرصے میں فرانس کے وزارت داخلہ کے ساتھ کام کریں۔

سی ایف سی ایم نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ وہ نیشنل کونسل آف امام قائم کرے گی جو کہ ملک میں مساجد میں اماموں کی تقریری کے لیے باضابطہ اجازت نامے جاری کرے گی اور ان اجازت ناموں کو واپس بھی لے سکے گی۔

یہ فیصلے ملک میں گذشتہ چند ہفتوں میں ہونے والے تین حملوں کے بعد سامنے آئے ہیں جن میں انتہا پسند اسلام کا پرچار کرنے والے افراد ملوث تھے۔

اس چارٹر میں درج ہوگا کہ ‘اسلام ایک مذہب ہے، نہ کہ سیاسی تحریک’ اور فرانس میں مسلم گروہوں میں ‘بیرونی مداخلت’ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

بدھ کو ہی فرانس کے صدر اور ان کے وزیر داخلہ گیرالڈ ڈارمانن نے سی ایف سی ام کے آٹھ رہنماؤں سے ملاقات کی۔

فرانس کے اخبار لے پیریرزین کو ذرائع نے بتایا کہ ‘دو رہنما اصول اس منشور میں واضح طور پر درج ہوں گے اور وہ ہیں کہ سیاسی اسلام اور بیرونی مداخلت قطعی نامنظور ہیں۔’

اس کے علاوہ فرانسیسی صدر نے مزید اقدامات کا اعلان کیا جس کے تحت وہ ملک میں ‘اسلام پسند علیحدگی’ کا مقابلہ کریں گے۔ ان اقدامات میں ایک ایسا بِل شامل ہے جو انتہا پسندی کے خلاف ہے اور اس میں درج ذیل قوانین ہیں:

  • ·گھر پر پڑھانے پر پابندی اور ان لوگوں کے لیے سخت سزائیں جو سرکاری ملازمین کو مذہبی بنیادوں پر ڈرائیں دھمکائیں
  • ·بچوں کو شناختی نمبر دینا جس کے تحت اس بات کی نگرانی کی جا سکی گی کہ وہ سکول جا رہے ہیں۔ جو والدین قانون کی خلاف ورزی کریں گے ان پر بھاری جرمانے لگائے جائیں گے اور چھ ماہ کی جیل بھی ہو سکتی ہے
  • ·ایسی ذاتی معلومات کی ترسیل پر پابندی جو کسی شخص کی ذات کے لیے خطرہ بن سکتی ہو اور دشمن عناصر اس معلومات کو استعمال کر کے اس شخص کو نقصان پہنچا سکتے ہوں

وزیر داخلہ ڈارمانن نے کہا کہ ‘ہمیں اپنے بچوں کو سخت گیر اسلام پسندوں کے چنگل سے بچانا ہوگا’۔ یہ بل فرانسیسی کابینہ میں نو دسمبر کو پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے فرانسیسی استاد سیموئیل پیٹی کو گذشتہ ماہ ان کے سکول کے باہر قتل کر دیا گیا تھا اور اس سے قبل ان کے خلاف انٹرنیٹ پر مہم بھی چلائی گئی تھی۔

وفاقی وزیر اور فرانسیسی سفارت خانے کے مابین ٹویٹر پر نوک جھوک

‘دی مسلم وائب’ نامی ویب سائٹ نے اوپر بیان کیے گئے اقدامات کو غیر مبہم الفاظ میں اپنی ویب سائٹ پر شائع کیا اور گذشتہ روز پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شریں مزاری نے اسی خبر کو شئیر کرتے ہوئے تبصرہ کیا جو بعد میں انھیں حدف کرنا پڑا۔

شیریں مزاری نے مزید لکھا ‘مسلمان بچوں کو اسی طرح کپڑوں کے اوپر شناختی نمبر پہننے پر مجبور کیا جائے گا جیسے یہودیوں کو پیلے رنگ کا ستارہ پہننے پر مجبور کیا گیا تھا۔’

پہلے تو پاکستان میں موجود فرانسیسی سفارت خانے نے وفاقی وزیر کی اسی ٹویٹ کو فیک نیوز اور بہتان قرار دیا۔ جس پر شریں مزاری نے اگلے دن ایک اور ٹویٹ میں انھیں آرٹیکل کا لنک پڑھنے کا مشور دیتے ہوئے لکھا ‘اگر یہ فیک نیوز ہے تو میری ٹویٹ کو فیک کہنے کے بجائے جہاں یہ شائع کی گئی ہے، وہاں سے اسے ہٹوائیں۔’

ساتھ ہی شیریں مزاری نے یہ بھی لکھا ‘ویسے یہ تو بتائیے کہ عوامی مقامات پر راہباؤں کو سر ڈھکنے کی اجازت کیوں ہے جبکہ مسلمان عورتیں حجاب نہیں پہن سکتیں؟ کیا یہ امتیازی سلوک نہیں ہے؟’

اس کے علاوہ شیریں مزاری نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ (جس میں کہا گیا تھا کہ فرانس جس آزادیِ اظہار کا پرچار کرتا ہے، وہاں اتنی آزادیِ اظہار نہیں) شئیر کرتے ہوئے فرانسیسی سفارت خانے کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا، اگر یہ بھی رپورٹ بھی فیک ہے تو اس کا الزام ایمنسٹی پر لگائیں۔

شریں مزاری کے ٹویٹر پر دیے گئے ان ہی بیانات کے ردِعمل میں فرانسیسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اوپر دیا گیا بیان جاری کیا گیا ہے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے فرانس میں پیغمبرِ اسلام کے خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی تھی اور وفاقی کابینہ نے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس حوالے سے مسلمانوں کے جذبات کی موثر نمائندگی کے لیے ہر دستیاب فورم استعمال کرنے کا اعادہ کیا تھا۔

ٹویٹر پر یہ نوک جھوک صرف شریں مزاری اور فرانسیسی سفارت خانے تک محدود نہیں رہی اور کئی پاکستانی صارفین اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں اور ایک ناختم ہونے والی بحث جاری ہے۔

مصنفہ فاطمہ بھٹو نے بھی اسی خبر کے حوالے سے ٹویٹ کیا ‘میکخواں مسلمان بچوں کو قانون کے تحت ایک شناختی نمبر دینا چاہتے ہیں جو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا کہ وہ سکول جا رہے ہیں؟’فرانس کی وزارت خارجہ نے پاکستانی حکام سے ایک وفاقی وزیر کے اس بیان کی تصحیح کا مطالبہ کیا ہے جس میں انھوں نے صدر ایمانویل میکخواں کے فرانسیسی مسلمانوں کے ساتھ سلوک کو دوسری جنگ عظیم کے دوران نازیوں کے یہودیوں سے روا رکھے گئے سلوک سے تشبہیہ دی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp