ٹرمپ نے قومی سلامتی کے سابق مشیر فلن کو صدارتی معافی دے دی


مائیکل فلن (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی اختیار استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلن کو صدارتی معافی دینے کا اعلان کیا ہے۔

فلن پر 2016 کے صدارتی انتخابات میں روس کے ساتھ ساز باز کر کے انتخابات میں مداخلت کے الزام میں فردِ جرم عائد کی جا چکی تھی۔ تاہم صدر ٹرمپ بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ روسی مداخلت کی تفتیش سیاسی تعصب پر مبنی ہے۔

تجزیہ کار، فلن کو معاف کرنے کے اقدام کو صدر ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں اُن کے قیام کے آخری دنوں میں اس تفتیش کو براہ راست نشانہ بنانے کی ایک کوشش قرار دے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ “یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اس بات کا اعلان کروں کہ جنرل مائیکل ٹی فلن کو مکمل معافی دی جاتی ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس کے بعد فلن اور اُن کی فیملی کے لیے تھینکس گیونگ کا تہوار اس بار شان دار ہو گا۔”

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1331758249998168067

فلن صدارتی معافی حاصل کرنے والے صدر ٹرمپ کے دوسرے ساتھی ہیں جنہیں روسی مداخلت کی تفتیش کے دوران مجرم ٹھیرایا گیا تھا۔ اس سے پہلے ٹرمپ نے اپنے دیرینہ ساتھی راجر سٹون کو جیل جانے سے چند دن پہلے ہی صدارتی معافی دی تھی۔

امریکی صدر کی جانب سے معافی دیے جانے کے بعد فلن پر چلنے والا کریمنل کیس ختم ہو جائے گا۔ ایک وفاقی جج امریکی محکمۂ انصاف کی اس درخواست کو بھی سن رہا تھا جس میں فلن کے خلاف قانونی چارہ جوئی روکنے کی درخواست کی گئی تھی۔ حالاں کہ فلن نے اعتراف کیا تھا کہ اُنہوں نے 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل روسی سفیر سے ملاقات کے بارے میں ایف بی آئی سے جھوٹ بولا تھا۔

امریکی قانون صدر کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ مواخذے کے علاوہ امریکہ کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد کو معاف کر سکتے ہیں۔ لیکن صدر ٹرمپ کے مخالفین یہ الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ صدر ٹرمپ اپنے قریبی ساتھیوں کو نوازنے کے لیے اس اختیار کا غلط استعمال کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی محکمۂ انصاف نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کے الزامات کی تحقیقات کی ذمہ داری مئی 2017 میں رابرٹ ملر کو سونپی تھی۔ بعد ازاں ملر تحقیقات کا دائرہ صدر ٹرمپ اور اُن کے مشیروں کی جانب سے تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مبینہ الزامات تک وسیع ہو گیا تھا۔

ملر نے اپنی رپورٹ میں صدر کو انصاف اور تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام سے مکمل بری الذمہ قرار نہیں دیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود انہوں نے صدر اور اُن کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ چلانے کی سفارش نہیں کی تھی بلکہ یہ معاملہ محکمۂ انصاف پر چھوڑ دیا تھا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa