بختاور بھٹو زرداری کا عروسی جوڑا بھی بے نظیر بھٹو کا جوڑا بنانے والی ڈیزائنر تیار کریں گی؟


پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی متحدہ عرب امارات میں مقیم محمود چوہدری سے انجام پائی ہے۔

بختاور بھٹو کی منگنی سے پہلے پاکستان کے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرتی رہیں کہ شادی کی تقریبات میں وہ اپنی مرحوم والدہ کے نکاح کا لباس زیب تن کریں گی۔

آج سے ٹھیک 33 برس قبل پہلے سنہ 1987 میں اپنے نکاح کے موقع پر بینظیر بھٹو نے جو لباس پہنا تھا وہ کراچی کے ایک معروف بوتیک ’ریشم رواج‘ نے تیار کیا تھا۔

بی بی سی نے جب اس بوتیک سے رابطہ کیا تو ’ریشم رواج‘ کی ڈیزائن ٹیم کا کہنا تھا کہ بختاور بھٹو زرداری اور نہ ہی بھٹو فیملی میں سے کسی نے اِس سلسلے میں اُن سے رابطہ کیا ہے۔

ڈیزائنر عنبر وارثی بتاتی ہیں کہ جب انھوں نے بختاور بھٹو زرداری کی شادی کے بارے میں سُنا تو وہ 33 برس پیچھے چلی گئیں۔ سوشل میڈیا پر افواہوں کے متعلق عنبر وارثی کا کہنا تھا کہ آج کل یہ رواج بہت عام ہے کہ لڑکیاں شادی پر اپنی والدہ کی شادی کا جوڑا پہنتی ہیں۔

‘کیونکہ اُس زمانے کا زری اور گوٹا تو آج مل بھی نہیں سکتا اِس لیے پرانے لباس کو تھوڑی تبدیلی کے ساتھ پہنا جاتا ہے۔ اگر بختاور کی ایسی کوئی خواہش ہے اور اگر وہ ہم سے رابطہ کرتیں ہیں تو ہمیں اُن کا لباس تیار کر کے خوشی ہو گی۔‘

نصرت بھٹو کی پسند

ریشم رواج

عنبر وارثی

’ریشم رواج‘ بوتیک کراچی میں گذشتہ چار دہائیوں سے قائم فیشن برانڈ ہے جو تین خواتین عنبر وارثی، ان کی والدہ ناز سعید اور بہن آمنہ ملک چلاتی ہیں۔

بینظیر بھٹو کے نکاح کے لباس کی کہانی سُناتے ہوئے ڈیزائنر عنبر وارثی نے بتایا کہ بینظیر کی شادی کی تقریبات سے کچھ پہلے ایک دن نصرت بھٹو اُن کے بوتیک پر آئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

بختاور بھٹو کے ہونے والے منگیتر محمود چوہدری کون ہیں؟

بینظیر بھٹو کے نکاح کا جوڑا تیار کرنے والی ڈیزائنر بختاور کا جوڑا بھی تیار کرنے کی خواہش مند

بختاور کا قانونی نوٹس، بینظیر پر کتاب کی تقریبِ رونمائی منسوخ

وہ کہتی ہیں ’نصرت بھٹو نے ہمیں بتایا کہ بےنظیر کی طبعیت ناساز ہے اِس لیے وہ خود نہیں آ سکیں گی۔ اُنھوں نے ایک جوڑا منتخب کیا اور پوچھا کہ کیا وہ اُسے گھر لے جا کر بینظیر کو دِکھا سکتی ہیں۔ تو میں نے جواب دیا کہ کیوں نہیں۔‘

عنبر وارثی کے مطابق وہ جوڑا جب بینظیر بھٹو کو دِکھایا گیا تو وہ اُنھیں پسند آیا اور اُنھوں نے اُسے پہن کر بھی دیکھا۔

’وہ چونکہ ایک ریڈی میڈ لباس تھا تو ظاہر ہے فٹننگ کا تھوڑا مسئلہ تھا تو ہمارا ٹیلر اُن کے پاس گیا اور اُس نے بینظیر کے ناپ کے مطابق لباس کی آلٹریشن کی۔‘

یہ لباس کیسا تھا؟

پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی شادی طے پا گئی ہے۔ اِس موقع پر بی بی سی نے اُن کی والدہ کے نکاح جوڑا تیار کرنے والی ڈیزائنرز سے ملاقات کی۔

عنبر وارثی کہتی ہیں کہ جب وہ یہ لباس تیار کر رہی تھیں تو اُن کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ بینظیر بھٹو اُسے پہنیں گی۔

’یہ لباس تھوڑے دن پہلے ہی بن کر آیا تھا۔ میرا خیال ہے کہ یہ بس قسمت ہی تھی کہ بینظیر نے ہمارا تیار کیا ہوا لباس پہنا۔‘

ڈیزائنر عنبر وارثی نے بتایا کہ یہ ایک روایتی غرارہ تھا جو ریشم سے بنایا گیا تھا۔

’سبز رنگ پر سُرخ زردوزی کا کام کیا گیا تھا۔ سبز اور سُرخ رنگ 1980 کی دہائی میں بہت مقبول تھے۔ یہ سارا ہاتھ کا کام ہوتا تھا جو بازار میں کہیں اور نہیں ملتا تھا۔‘

عنبر وارثی کے مطابق جب بینظیر بھٹو نے یہ لباس اپنے نکاح پر پہنا تو پھر ’ریشم رواج‘ نے اُس انداز کے مزید جوڑے نہیں بنائے کیونکہ وہ اُس کی اہمیت کم کرنا نہیں چاہتے تھے۔

بختاور کا انداز

ریشم رواج

'ریشم رواج' سنہ 2012 میں بختاور بھٹو زرداری کے لیے بھی فارمل وئیر کپڑے تیار کر چکا ہے۔ عنبر وارثی بتاتی ہیں کہ اِس سلسلے میں اُن کی بختاور سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔

وہ ان کی لباس میں پسند اور انداز پر بات کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ ’وہ بہت سادہ اور نفیس ڈیزائنز تھے جو بختاور کی شخصیت کی عکاسی کرتے تھے۔ بینظیر بھٹو کا سٹائل بہت مختلف تھا۔ اُن کا لباس اُن کی شخصیت کی وسعت اور سیاسی رتبے کو ظاہر کرتا تھا۔‘

بختاور کی شادی کا جوڑا

ڈیزائنر عنبر وارثی بتاتی ہیں کہ جب انھوں نے بختاور بھٹو زرداری کی شادی کے بارے میں سُنا تو وہ 33 برس پیچھے چلی گئیں۔ سوشل میڈیا پر افواہوں کے متعلق عنبر کا کہنا تھا کہ آج کل یہ رواج بہت عام ہے کہ لڑکیاں شادی پر اپنی والدہ کی شادی کا جوڑا پہنتی ہیں۔

‘کیونکہ اُس زمانے کا زری اور گوٹا تو آج مل بھی نہیں سکتا اِس لیے پرانے لباس کو تھوڑی تبدیلی کے ساتھ پہنا جاتا ہے۔ اگر بختاور کی ایسی کوئی خواہش ہے اور اگر وہ ہم سے رابطہ کرتیں ہیں تو ہمیں اُن کا لباس تیار کر کے خوشی ہو گی۔‘

عنبر وارثی کے مطابق ’ان کی والدہ بے نظیر بھٹو کے عروسی جوڑے کو بختاور کے مطابق بنانے کی دو صورتیں ہو سکتیں ہیں۔ اگر وہ اُسی پرانے انداز کا ایک نیا لباس تیار کرتیں ہیں تو یہ بھی ممکن ہے اور اگر وہ اپنی والدہ کا اصل جوڑا پہننے کے لیے منتخب کرتی ہیں تو اُس کو کچھ آلٹریشن درکار ہو گی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp