میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر بنانے والے کارکن نے معافی مانگ لی


The casket of Argentinean football legend Diego Maradona
مجموعی طور پر تین افراد نے فٹ بال لیجنڈ کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر کھنچوائیں۔
ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر ڈی ایگو میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر بنانے والے کارکن کلاڈیو فرنانڈیز نے فٹبالر کے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔ مجموعی طور پر تین افراد نے فٹ بال لیجنڈ کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر کھنچوائی تھیں جس پر مداحوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

کلاڈیو فرنانڈیز نے اپنے بیٹے کے ساتھ (جو انگوٹھے سے ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کر رہے ہیں) میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ کھڑے ہو کر تصاویر کھنچوائیں۔

بدھ کے روز ارجنٹائن کے سابق اٹیکنگ مڈفیلڈر اور مینیجر دارالحکومت بیونس آئرس میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد وفات پا گئے تھے۔

آن لائن وائرل ہونے والی تصاویر میں میراڈونا کی میت کو صدارتی محل میں پڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان تصاویر نے ان کے شائقین میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

فٹ بالر کے وکیل، میٹیس مورلا نے عزم کیا ہے کہ وہ ان تصاویر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں گے۔

فرنانڈیز نے جمعہ کو ریڈیو 10 کو بتایا کہ تصاویر لینے کا فیصلہ فوری تھا اور انھوں نے پہلے سے اس کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

فٹبال کے عظیم کھلاڑی میراڈونا وفات پا گئے

میراڈونا کی شرارتیں انھیں سرخیوں میں رکھتی ہیں

کھلاڑی کمایا ہوا پیسہ اتنی تیزی سے کیسے لٹا دیتے ہیں؟

’صدی کا سب سے شاندار گول‘ کرنے والا جذباتی، باصلاحیت اور شوخ کھلاڑی

انھوں نے کہا ’ہر بچے کی طرح میرے بیٹے نے بھی ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کیا اور انھوں نے فوٹو کھینچ لی۔ مجھے معلوم ہے کہ ہم نے بہت سارے لوگوں کو ناراض کیا گیا ہے اور انھوں نے اس کا غلط مطلب لیا ہے۔‘

فرنانڈیز نے بتایا کہ انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی ملی ہیں۔

انھوں نے ریڈیو سٹیشن کو بتایا ’وہ کہتے ہیں کہ وہ ہمیں مار ڈالیں گے، ہمارے سر پھاڑ دیں گے۔‘

Two people walk past a mural of Maradona

فٹ بالر کی موت کے بعد یہ واقعہ ارجنٹائن میں غم و غصے کا سبب بنا ہے

سیپلیوس پنیر جنازے کے پارلر نے بتایا کہ یہ تینوں افراد ان کی کپمنی کے ملازمین نہیں تھے اور انھوں نے تابوت لے جانے میں مدد کی تھی۔

پارلر کے منیجر میٹیاس پیکن نے ٹی این نیوز چینل کو بتایا کہ ان تصاویر نے کمپنی کو سخت صدمہ پہنچایا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے میراڈونا خاندان کے دیگر افراد کے لیے بھی آخری رسومات کا اہتمام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’اس خاندان کو ہم پر مکمل اعتماد ہے، اسی وجہ سے ہم بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔‘

پیکن نے مزید کہا ’میرے والد کی عمر 75 سال ہے اور وہ رو رہے ہیں، میں رو رہا ہوں، میرے بھائی رو رہے ہیں، ہم تباہ ہوگئے ہیں۔‘

A woman rests on the shoulder of a man wearing a Maradona football shirt

مداحوں کا کہنا ہے کہ میرا ڈونا ہمیشہ ہمارے دل میں رہیں گے

ارجنٹائن کے میڈیا کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم سے پتا چلا ہے کہ میراڈونا کو دل کا دورہ پڑا تھا۔

نومبر میں ان کے دماغ کی ایک شریان کی، جس میں ایک کلاٹ تھا، کامیاب سرجری ہوئی تھی۔

میراڈونا کو شراب پینے اور کوکین کے استعمال کے باعث متعدد صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کا وزن بھی وقت کے ساتھ بڑھتا چلا گیا اور ایک وقت میں وہ 128 کلو کے تھے اور انھیں سنہ 2004 میں بھی دل کا دورہ پڑا تھا اور انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کروایا گیا تھا۔

انگلینڈ کے سابق سٹرائیکر گیری لائنکر سمیت فٹ بال کی دنیا کے بہت سے بڑے ناموں نے میراڈونا کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گیری لائنکر کا کہنا تھا کہ ’وہ میری نسل کے بہترین کھلاڑی اور اب تک کے سب سے عظیم کھلاڑی‘ تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp