انڈیا، آسٹریلیا کرکٹ میچ کے دوران دیپن کی روز کو شادی کی پیشکش اور سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے


انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کی جیت کا خواب تو پورا نہ ہو سکا لیکن اس کے باوجود شائقین میں موجود ایک انڈین تماشائی نے بظاہر اپنی منزل پا لی۔

سڈنی میں اتوار کو آسٹریلوی ٹیم نے انڈیا کو جیت کے لیے 390 رنز کا ایک بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں انڈین ٹیم مشکل میں دکھائی دے رہی تھی کیونکہ وہ پہلا ون ڈے بھی اسی طرح کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ہار چکی تھی۔

20 اوورز کے اختتام پر انڈیا کے 126 رنز پر دو آوٹ تھے جب میچ دیکھنے والے ہر شخص کی نظریں گراؤنڈ سے ہٹ کر سٹینڈز پر مرکوز ہو گئیں۔ حتیٰ کہ گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کے کچھ کرکٹرز کا دھیان بھی بظاہر کچھ دیر کے لیے اس مقابلے سے ہٹ گیا۔

یہ بھی پڑھیے

میانداد کی شرارتیں اور کرکٹ کی دنیا میں سلیجنگ کے دلچسپ واقعات

ورلڈ کپ میچ میں ریفری نشے میں دھت

’میمز تو مجھے وائٹ ہاوس بھی لے گئیں‘

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈین کِٹ میں ایک لڑکا اپنے ساتھ آئی ایک دوست، جو بظاہر آسٹریلیا کی حمایت کر رہی تھیں، کو شادی کی پیشکش کر دیتا ہے۔ اس کے ساتھ لڑکا گھٹنے پر بیٹھ کر لڑکی کو ایک انگوٹھی پیش کرتا نظر آتا ہے۔

یہ وہ لمحہ تھا جب کمنٹیٹر ایڈم گلکرسٹ نے بھی کہا کہ ’مہربانی کریں اور انھیں (لڑکے کو) ہاں کر دیں۔‘

جب لڑکی نے ہاں کہا تو دونوں بغل گیر ہوئے اور ان کے ساتھ وہاں بیٹھے دیگر شائقین نے بھی انھیں اس نئی خوشی پر مبارکباد دی۔ اس پر کمنٹیٹر نے کہا کہ لڑکے نے کافی دلیرانہ اقدام اٹھایا اور ’یہ ہمیشہ ایک خطرناک کھیل ہوتا ہے۔‘

ملیے دیپن اور روز سے

بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا نے اس جوڑی یعنی دیپن اور روزی کا انٹرویو کیا جس میں ان سے اس بارے میں پوچھا گیا۔ انٹرویو میں بتایا گیا کہ دیپن کا خاندان انڈیا میں یہ میچ دیکھ رہا ہو گا اور انھوں نے بھی ضرور یہ سب منظر دیکھا ہو گا۔

روز کا کہنا تھا کہ انھیں اس منصوبے کے بارے میں علم نہیں تھا لیکن اب وہ بہت خوش ہیں۔

دیپن نے بتایا کہ ’ہم دونوں کرکٹ کے فینز ہیں اور اس کام کے لیے اس سے بہتر جگہ نہیں ہو سکتی تھی۔‘

انھوں نے بتایا کہ وہ دونوں ڈیڑھ سال سے ایک ساتھ ہیں مگر وہ گذشتہ ایک ماہ سے شادی کی پیشکش کے لیے منصوبہ بنا رہے تھے۔

ایک سوال پر روز کا کہنا تھا کہ شادی پر وہ ضرور سٹیڈیم میں موجود تمام لوگوں کو مدعو کرنا چاہیں گی۔

’واحد انڈین جو کچھ جیتا‘

شادی کی اس منفرد پیشکش کی ویڈیو سوشل میڈیا کی بدولت پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔

اکثر لوگ اس جوڑے کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔ جہاں لڑکے کی دلیری کو سراہا جا رہا ہے وہیں یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر لڑکی ہاں نہ کرتی تو سارے منصوبے پر پانی پھر جاتا۔

نیل نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’انڈین ٹیم آج یہ میچ ہار گئی لیکن اس انڈین فین نے سب کے دل جیت لیے۔‘ ایک انڈین صارف نے تو یہ تک کہہ دیا کہ ’درحقیقت یہ میچ انڈیا جیت گیا ہے۔‘

پریانشو کہتے ہیں کہ ’یہ آسٹریلیا میں انڈیا کی سب سے کامیاب چیز (ہدف کا تعاقب) ہے۔‘ ایک پاکستانی صارف سلمان سکندر نے لکھا کہ ’دیسی لوگوں کے پاس شادی کے علاوہ کوئی کام نہیں۔‘

اس دوران کئی صارفین نے مزاحیہ کمنٹس بھی کیے۔ جیسے ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ واحد انڈین ہے جو آج کچھ جیت کر گھر لوٹے گا۔‘

جبکہ سوبیر ارورا کہتے ہیں کہ ’یہ کھلاڑی تو خطرہ مول لیتا ہے۔‘ دیپک کمار کہتے ہیں کہ ’انڈیا کو آج اپنا مین آف دی میچ مل گیا۔‘

اس واقعے کی ویڈیو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بھی لگائی گئی اور یہاں لکھا گیا کہ ’یہاں خواب پورے ہوتے ہیں۔‘

لیکن کچھ لوگ یہ دیکھ کر سنجیدہ بھی ہوئے۔

صحافی پروا چتنس کے مطابق ’یہ بہت خوبصورت ہے۔ محبت ایسی ہی ہونی چاہیے، نہ کہ 10 ہزار پیچیدگیاں جیسے نسل، رنگ، مذہب جو ہم انڈیا میں برداشت کرتے ہیں۔‘

گاروی راوت نے لکھا کہ ’دنیا میں مزید محبت کی ضرورت ہے۔۔۔ اس سے کیا فرق پڑتا ہے اگر آپ الگ ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہو۔‘

اس ویڈیو میں یہ چیز بھی دلچسپ تھی کہ لڑکی کے ہاں کہنے پر گلین میکسویل سمیت کچھ آسٹریلوی کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر جوڑے کو مبارکبار پیش کی۔

یاد رہے کہ یہ میچ آسٹریلیا نے 51 رنز سے جیت لیا تھا اور اسے ون ڈے سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp