پی ڈی ایم ملتان جلسہ: حکومتی پابندی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد گھنٹہ گھر چوک پر موجود، آصفہ بھٹو کا خطاب شروع


پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر میں تیزی کے باوجود حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لیے جلسے شروع کر دیا ہے جہاں سے اس وقت پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو کا خطاب جاری ہے اور عوام کی بڑی تعداد وہاں موجود ہے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر ہونے والے اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز نے پی پی پی کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اور پی پی پی کے شریک چئیرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو اپنے گھروں سے نکل کر پاکستانیوں کے حقوق کی خاطر باہر نکلیں ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ چند روز قبل اپنی دادی کے انتقال کے باوجود وہ اس جلسے میں شرکت کر رہی ہیں کیونکہ عوام کا درد ان کے ذاتی درد سے زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، پیپلزپارٹی کی چئیرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو اور دیگر قائدین ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر موجود ہیں اور تقاریر کا آغاز ہو چکا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کی اس جلسے میں موجودگی کو ان کے سیاسی کیریئر کا آغاز سمجھا جا رہا ہے۔

https://twitter.com/i/broadcasts/1vOxwEwNlDvGB

یہ بھی پڑھیے

کیا آصفہ نے سیاست کو چُنا ہے یا سیاست نے آصفہ کو؟

فوج سے بات ہو سکتی ہے لیکن عوام کے سامنے، چھپ چھپا کر نہیں: مریم نواز

’یقین ہے نوازشریف نے بغیر ٹھوس ثبوت فوجی قیادت کے نام نہیں لیے ہوں گے‘

واضح رہے کہ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پی ڈی ایم کو ملتان کے قاسم باغ سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن پی ڈی ایم جماعتیں ہر حال میں جلسے کرنے پر بضد تھی اور انھوں نے موقف اختیار کہ جلسہ ہر حال میں ہو گا۔

واضح رہے کہ اب تک پی ڈی ایم گوجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں جلسے کر چکی ہے جبکہ آج ان کا پانچواں جلسہ ہے۔

ملتان شہر کی انتظامیہ نے گھنٹہ گھر چوک پر بھاری تعداد میں پولیس کی نفری تعینات کر کے سٹیڈیم اور گھنٹہ گھر چوک کو سیل کر دیا ہے جبکہ پولیس نے قاسم باغ سٹیڈیم کو تالے لگا دیے ہیں۔

شہر میں ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے گھنٹہ گھر چوک پر دکانیں، کاروباری مراکز اور ملتان میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔

ملتان شہر کے داخلی راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ صرف گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت تھی۔

پی ڈی ایم کیا ہے؟

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والا 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو تین مرحلے پر مشتمل حکومت مخالف تحریک چلانے کے ذریعے حکومت کا اقتدار ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

پی ڈی ایم کے ایکشن پلان کے تحت یہ اتحاد رواں ماہ سے ملک گیر عوامی جلسوں، احتجاجی مظاہروں، دسمبر میں ریلیوں اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف ایک ‘فیصلہ کن لانگ مارچ’ کرے گا۔

مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے پہلے صدر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف سینئر نائب صدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اس کے سیکریٹری جنرل ہیں۔

اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اس اتحاد میں بڑی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں، تاہم جماعت اسلامی اس اتحاد کا حصہ نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp