وزیر اعظم اور ان کے وزراء نشے میں ہیں: قیصر شریف


جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے وزرا اقتدار کے نشے میں چور ہیں اسی لیے انہیں جماعت اسلامی کے جلسے جلسیاں نظر آرہی ہیں، جماعت اسلامی اس وقت حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔

نجی ٹی وی نیوز ون کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قیصر شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور ان کے وفاقی وزرا نشے میں ہیں، انہیں 22 کروڑ عوام نظر نہیں آرہے تو انہیں جماعت اسلامی کے جلسے کہاں نظر آئیں گے، انہیں اقتدار کا نشہ ہے جو کہ بہت برا نشہ ہے، یہ نشے میں اتنے چور ہیں کہ عوام کی مشکلات ان کی نظروں سے اوجھل ہیں، ایسے میں اگر یہ کہہ دیں کہ جماعت اسلامی کی جلسیاں ہیں تو یہ کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہے۔

حکومت کے ساتھ میچ فکس کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں قیصر شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی فکس میچ نہیں ہے، ہم نے اپنا میچ عوام کے ساتھ فکس کیا ہے، جماعت اسلامی اس وقت حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے، سوات میں مریم نواز کو جلسے کیلئے جتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جماعت اسلامی کو بھی اس سب کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تو خان صاحب کہتے تھے کہ وہ کنٹینر اور چائے بھی دیں گے لیکن ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ روک کر انہوں نے 100 واں یوٹرن لیا اور اپنی سنچری مکمل کی ہے۔ جماعت اسلامی پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کی بھرپور مذمت کرتی ہے، ہر سیاسی جماعت اپنا احتجاج کر سکتی ہے، اپوزیشن کی بات آتی ہے تو انہیں برا لگتا ہے لیکن حکومت نے گلگت بلتستان میں 12 جلسے کیے ہیں، کیا وہاں کورونا نہیں آتا؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).