زالینڈو: اہلیہ کے پیشہ ورانہ خوابوں کی تکمیل کے لیے معروف فیشن برینڈ کے سربراہ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان


Rubin Ritter, Zalando co-CEO
کمپنی کے ساتھ روبن کا معاہدہ 2023 تک کا ہے لیکن وہ مئی میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے
یورپ کی سب سے بڑی آن لائن فیشن سائٹ کے چیف ایگزیکٹو نے یہ کہتے ہوئے اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے کہ ان کی بیوی کے ’پیشہ ورانہ کیرئر سے متعلق خوابوں کو ترجیح ملنی چاہیے۔‘

روبن رئٹر 2010 سے ’زالینڈو‘ نامی فیش ویب سائٹ کے شریک چیف ایگزیکٹو ہیں۔

یہ کمپنی، جس کا آغاز 12 سال قبل برلن میں ہوا، اب اس کے 36 ملین کسٹمر ہیں اور گذشتہ سال اس کمپنی کی 6.5 بلین ڈالر (5.8 بلین ڈالر) کی آمدنی ریکارڈ کی گئی تھی۔

کمپنی کے ساتھ روبن کا معاہدہ 2023 تک کا ہے لیکن وہ مئی میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

روبن رئٹر نے ایک بیان میں کہا ہے ’میں اور میری اہلیہ اس بات پر متفق ہیں کہ آنے والے برسوں کے لیے، ان کے پیشہ ورانہ خوابوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔‘

’میں اپنے بڑھتے ہوئے کنبے کو زیادہ سے زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں۔ گذشتہ 11 برسوں سے زالینڈو میری ترجیح رہی ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ میری زندگی کو ایک نئی سمت ملے۔‘

یہ بھی پڑھیے

میں ’تابعدار بیوی‘ بن گئی

’پڑھنے لکھنے کا خواب ادھورا رہ گیا‘

نہ چھٹی، نہ تنخواہ، اور دنیا کی سب سے مشکل نوکری

زالینڈو نے رئٹر کی اہلیہ کا نام یا ان کا پیشہ بتانے سے انکار کیا ہے۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس جوڑے کی ایک اولاد ہے اور 2021 کے اوائل میں ان کا دوسرا بچہ متوقع ہے۔

38 سالہ رئٹر نے 2018 میں 20.2 ملین، 2019 میں 6.8 ملین دولت کمائی، جس کی وجہ سے وہ جرمنی کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ایگزیکٹوز میں شامل ہوگئے تھے۔

فرم کا کہنا ہے کہ زالینڈو کے دوسرے دو باسز، رابرٹ گینٹز اور ڈیوڈ شنائڈر کمپنی کی قیادت جاری رکھیں گے۔

Two models wear Zalando products, a pink and green suit

ZALANDO
زالینڈو آن لائن پلیٹ فارم فیشن کے ساتھ ساتھ دیگر اشیا اور خوبصورتی کی مصنوعات بھی فروخت کرتا ہے

رئٹر، زالینڈو میں عورتوں اور مردوں کے درمیان برابری کو بہتر بنانے والی کوششوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔ یہ کمپنی 17 ممالک میں فیشن اور خوبصورتی کی مصنوعات فروخت کرتی ہے۔

فی الحال کوئی خاتون زالینڈو کے انتظامی بورڈ کا حصہ نہیں اور خواتین ملازمین کے مقابلے میں مرد ملازمین کی تنخواہ 22 فیصد زیادہ ہے۔ تنخواہوں میں یہ فرق جرمنی میں قومی اوسط سے قدرے زیادہ ہے۔

تاہم، نومبر میں رئٹر نے کہا تھا کہ سنہ 2023 تک، کمپنی کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدوں میں خواتین کی متوازن نمائندگی کا مقصد حاصل کر لیا جائے گا۔

رئٹر کا کہنا تھا ’اگرچہ تبدیلی میں وقت لگتا ہے اور ہم ابھی بھی اپنے سفر کے آغاز میں ہیں، لیکن ہماری پیشرفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہم صحیح سمت میں جا رہے ہیں۔‘

ایگزیکٹو کے طور پر وہ تین رکنی انتظامی ٹیم میں حکمتِ عملی اور مواصلات کے انچارج ہیں۔ پچھلے سال تک وہ فنانس چیف کے عہدے پر بھی رہے ہیں۔

رئٹر کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے، جینٹز کا کہنا تھا ’جب ہم نے اپنے دفتر کے تہہ خانے سے اپنے صارفین کو پہلا جوتا بھیجنا شروع کیا تو ہمیں معلوم نہیں تھا کہ یہ سفر ہمیں کہاں لے جائے گا۔‘

’زالینڈو کی کامیابی میں روبن کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔‘

زالینڈو کے صارفین 17 ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ آن لائن پلیٹ فارم فیشن کے ساتھ ساتھ دیگر اشیا اور خوبصورتی کی مصنوعات بھی فروخت کرتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp