سائنس کی دنیا سے!


1۔ فیز تھری کلینکل ٹرائل کے نتائج کے مطابق فائزر اور بائیو این ٹیک کی کوویڈ۔ 19 ویکسین کی کورونا وائرس انفیکشن کے خلاف افادیت 90 فیصد سے زائد ہے۔

2۔ ذیابیطس کے خلاف ایجاد کردہ ایک نئی دوائی عارضہ قلب کے مریضوں میں دل کے فیل ہو جانے کے خلاف بہت موثر ثابت ہوئی ہے۔

3۔ انجینئرز نے ایک نئی طرح کی مٹی ایجاد کی ہے جو ہوا سے پانی سینچ کر پودوں تک پہنچا سکتی ہے۔ یہ نئی ایجاد مستقبل میں زراعت کا نقشہ بدل سکتی ہے۔

4۔ کچھ نر مکڑے مادہ مکڑیوں پر حملہ کر کے نسل کشی سے پہلے ان کو بے بس کر دیتے ہیں تاکہ وہ ان کو کھا نہ سکیں۔

5۔ مصر میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے 25 سو سال پرانا مقبرہ دریافت کیا ہے جس میں 100 ممیاں اور چالیس لکڑی کے مجسمے پائے گئے ہیں۔

6۔ انگلینڈ کے ایک چڑیا گھر میں معدومی کے خطرے سے دوچار کالے گینڈے کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا میں اس نسل کے ہزار سے کم گینڈے رہ گئے ہیں۔

7۔ محققین نے تھری ڈی پرنٹنگ میں استعمال ہونے والی ایسی حیاتیاتی روشنائی تیار کی ہے جو گھٹنے کی زخمی کارٹیلیج بافتوں کو ٹھیک کر سکتی ہے۔

8۔ انتہائی تیز رفتاری سے چلنے والی ہائپر لوپ پاڈ میں پہلے انسانی مسافر نے کامیابی سے پانچ سو میٹر کا فاصلہ صرف 15 سیکنڈ میں طے کیا۔

9۔ ایک نئی تحقیق کے نتائج کے مطابق ہمارا نظام شمسی دو لاکھ سال سے کم عرصے میں وجود میں آ گیا تھا۔

10۔ فائزر اور بائیو این ٹیک کی کوویڈ۔ 19 کے خلاف ویکسین کے بعد موڈرنا کی ویکسین نے بھی انفیکشن سے بچاؤ میں 95 فیصد کامیابی ظاہر کی ہے۔

11۔ کوویڈ۔ 19 کے خلاف آکسفورڈ کی ویکسین عمر رسیدہ افراد اور بالغوں میں ایک جیسی کامیابی سے دفاعی نظام کو متحرک کرتی ہے۔

12۔ سائنسدانوں نے جینیاتی قینچی یعنی کرسپر جین ایڈیٹنگ سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے کامیابی سے سرطان زدہ خلیوں کو نشانہ بنایا اور ان میں جینیاتی تبدیلیاں کر کے ان کو تباہ کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

13۔ انٹارکٹیکا کے نواح میں واقع ساؤتھ جارجیا جزیرے کے قریب سمندر میں بلیو وھیل کی واپسی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل تک غیر قانونی شکار کے باعث بلیو وھیل یہاں سے تقریباً ختم ہو گئی تھی۔

14۔ محققین پہلی دفعہ ایک منفرد طرز کے ہیرے کو لیب میں بلند درجہ حرارت کے بغیر محض چند منٹ میں تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

15۔ سائنس دانوں نے انسان میں بوڑھا ہونے کے عمل کے خلاف آکسیجن کے بلند دباؤ پر مبنی طریقہ علاج کو استعمال کرتے ہوئے پہلی دفعہ کامیابی حاصل کرلی ہے۔

16۔ ایک دلچسپ تحقیق نے کائنات اور انسانی اعصابی نظام میں چونکا دینے والی مماثلتیں تلاش کی ہیں۔

17۔ ایلان مسک کی کمپنی سپیس ایکس کے کریو ڈریگن نامی خلائی راکٹ نے چار خلابازوں کو انٹرنیشنل سپیس سٹیشن پر کامیابی سے پہنچا کر پرائیویٹ خلائی سفر کا ایک نیا عہد شروع کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).