پی ٹی آئی کی ایم پی اے نے عمران خان کے ویژن کی روشنی میں کرپٹ شوہر سے خلع مانگ لیا


مخصوص نشست پر تحریک انصاف کی طرف سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والی ساجدہ اقبال نے شوہر سے خلع کیلئے دعویٰ دائر کر دیا۔

ایم پی اے ساجدہ اقبال نے دعویٰ دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی 20 مئی کو نوید سیلانی سے دوسری شادی ہوئی تھی لیکن ان کا شوہر ان کا نام استعمال کر کے لوگوں کے ساتھ فراڈ کرتا ہے۔ انہوں نے کئی بار طلاق کا مطالبہ کیا ہے لیکن وہ ٹال مٹول سے کام لیتا ہے۔

ساجدہ اقبال کی جانب سے دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد عدالت نے ان کے شوہر کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے جس کے بعد دعویٰ خلع کی مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی گئی، آئندہ سماعت پر تحریک انصاف کی ایم پی اے کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

اس سے قبل انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ان کا شوہر نوید سیلانی بہت ہی کرپٹ انسان ہے اور وہ ان کی کرپشن سے تنگ آکر خلع لے رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کپتان کی سپاہی ہیں اور ان کے ویژن کرپشن فری پاکستان کے تحت کرپٹ شوہر کے ساتھ نہیں رہ سکتیں، اس لیے وہ خلع کا دعویٰ دائر کر رہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).