پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ پہلا ٹیسٹ: پہلے دن کے کھیل کے دوران ناقص فیلڈنگ پر سوشل میڈیا صارفین پاکستانی ٹیم پر برہم


نیوزی لینڈ
گیند ہوا میں فائن لیگ باؤنڈری کی جانب گامزن تھی، پاکستان کے پاس یک بعد دیگرے دو وکٹیں حاصل کر کے میچ میں واپس آنے کا سنہرا موقع تھا لیکن پھر اگلے ہی فریم میں کیمرے پر نسیم شاہ پچ پر بیٹھے دکھائی دیے، ان کی نگاہیں نیچے تھیں اور ان کے چہرے کے تاثرات میچ کی کہانی بتا رہے تھے۔

یہ کیچ ہینری نکولز کا تھا جنھوں نے اس وقت تک صرف چھ رنز بنائے تھے، دن اختتام تک وہ 42 رنز بنا چکے تھے۔

کچھ ہی دیر بعد کیمرے کی توجہ حارث سہیل پر تھی، جو دوسری سلپ میں کین ولیمسن کا کیچ چھوڑے بیٹھے تھے۔ ولیمسن کا سکور 86 تھا، اب وہ 94 رنز بنا چکے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے اب یہ معمول کی بات ہے کہ وہ جب بھی کسی دورے پر جاتی ہے، بالخصوص آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے پر، تو وہ اپنی فراخدلی کا بھرپور مظاہرہ کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’نیوزی لینڈ کے بولرز اب ہمارے خوابوں میں آئیں گے‘

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: رضوان نے بحران کا رستہ روک دیا

سمیع چوہدری کا کالم: نمبر سات پر کون کھیلے گا؟

کبھی کیچز چھوڑنا، تو کبھی رن آؤٹ مس کرنا، تو کبھی ڈی آر ایس نہ لینا۔ انوکھی بات تو شاید اس وقت ہوتی اگر پاکستانی ٹیم اپنے رویے کو تبدیل کر لیتی لیکن محمد رضوان کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں تو کم از کم ٹیم نے پرانی روش برقرار رکھی اور نیوزی لینڈ کے سب سے اہم کھلاڑی اور کپتان کین ولیمسن کو تحفے دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر کیویز نے 222 رنز تین وکٹوں پر بنائے اور اس سکور کو دیکھ کر شاید ایسا لگے کہ پاکستان نے بڑی ناقص بولنگ کی۔

نیوزی لینڈ

لیکن ایسا کہنا انتہائی سبز پچ پر ٹاس جیت کر بولنگ کرنے والی پاکستان ٹیم کے اوپننگ گیند باز، عباس اور شاہین آفریدی کے لیے انتہائی نامناسب ہوگا جنھوں نے اپنی تمام تر صلاحیت کے ساتھ عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

دسویں اوور کے اختتام تک کیویز کے دونوں اوپنرز صرف 13 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے اور راس ٹیلر کے آؤٹ ہونے تک کیویز کی رن بنانے کی اوسط ڈھائی رن فی اوور سے بھی کم تھی۔

لیکن پھر راس ٹیلر اور ولیمسن نے اپنی دسویں سنچری شراکت قائم کی اور پاکستانی بولنگ کے کمزور پہلو یاسر شاہ اور کچھ حد تک نسیم شاہ کی صورت میں عیاں ہوتے گئے۔

یاسر شاہ جن کی بولنگ پرفارمنس غیر ملکی دوروں میں گذشتہ چار سال سے مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے اس بار بھی نہ رن روکتے نظر آئے اور نہ ہی ایسا لگا کہ اتنی سبز پچ پر وہ وکٹ لے سکیں گے۔

نیوزی لینڈ

دوسری جانب نوجوان بولر نسیم شاہ کی ناتجربہ کاری ظاہر ہوئی جو ہر گیند پر وکٹ لینے کی کوشش کرتے رہے لیکن کامیاب نہ ہوئے۔

لیکن یہ کہنا بھی ضروری ہے کہ انھی کی بولنگ پر ولیمسن اور نکولز کے کیچ بھی چھوڑے گئے۔

کیوی کپتان ولیمسن نے دن کے اختتام پر 94 رنز بنائے لیکن اس کے لیے انھیں پاکستانی فیلڈرز کو شکریہ کا کارڈ بھیجنا ہوگا جنھوں نے نہ صرف ان کے دو آسان کیچز چھوڑے، بلکہ ایک ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر ریویو بھی نہیں لیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستان صارفین کے لیے یہ سب مناظر انتہائی تکلیف دہ تھے۔

صارف حارث نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب آپ تین کیچز چھوڑیں گے تو نتیجہ وہی ہوگا جو ہوا ہے۔ اتنی صبح اٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں اگر ہمارے ٹیم نے ہمیں ایسے ہی مایوس کرنا ہے ہمیشہ کی طرح۔‘

حسن نامی صارف نے ولیمسن کے کیچز چھوڑنے پر کہا کہ ‘آپ عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ولیمسن کے اتنے کیچ چھوڑیں گے تو آگے کیسے بڑھیں گے۔۔۔’

اویس چاند نے بس لکھا ‘ناقص فیلڈنگ’ اور برا سے منہ بنانے والی ایموجی ڈال دی، شاید وہ اور کچھ کہہ نہ سکے۔

راجہ عمر نامی صارف قومی ٹیم کی کارکردگی سے اتنے بے دل ہو گئے کہ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر لکھتے ہیں میں امید کرتا ہوں کہ میں غلط ہوں لیکن مجھے تو اننگز شکست نظر آ رہی ہے۔۔’

صارف نائل کروکوڈائل نے محمد رضوان کو آڑے ہاتھ لیا اور ولیمسن کے خلاف ریویو نہ لینے کے فیصلہ پر کہا کہ ‘کوئی کپتانی نہیں کر رہے رضوان سوائے وکٹوں کے پیچھے سے بولنے کے۔’

https://twitter.com/NileCrocodilee/status/1342710682232496130?s=20

ادھر آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں انڈیا نے پہلے دن صرف 72 اوورز میں میزبان ٹیم کو 195 رنز پر آؤٹ کر دیا تو کئی صارفین نے اس کا موازنہ پاکستانی ٹیم سے بھی کیا۔

https://twitter.com/raziya_khan_18/status/1342713024663093248

صارف رضیہ خان نے لکھا کہ ‘پاکستان ٹیم سے کوئی توقع نہیں۔ انتہائی برا بولنگ اٹیک اس دہائی میں۔ اور دوسری جانب انڈین بولنگ نے آسٹریلیا کو 195 پر آؤٹ کر دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp