پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ پہلا ٹیسٹ میچ: ‘رانا صاحب، تسی گریٹ ہو’


 

کرکٹ

ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کے بعد سوشل میڈیا پر صرف ’رانا رانا‘ کی گونج تھی۔ شاید یہ سن کر آپ کے ذہن میں سوال ضرور اٹھا ہو گا کہ لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نیوزی لینڈ میں کیا کر رہے ہیں؟

مگر جناب یہ وہ والے رانا نہیں ہیں بلکہ اس بار چرچا پاکستانی ٹیم کے آل راؤنڈر اور غالباً اس دورے میں اب تک پاکستان کے سب سے کامیاب کھلاڑی رانا فہیم اشرف کا ہے۔

جب دن کے پہلے دو سیشنز میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی سست روی کے مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 80 رنز کے عوض چھ وکٹیں گنوا دیں، تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان کو اننگز کی شکست کا سامنا ہونے والا ہے۔

لیکن کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل کر رانا فہیم اشرف نے نہ صرف 107 رنز کی شراکت قائم کی، بلکہ پاکستانی ٹیم کو فالو آن سے بھی بچایا اور خود اپنے کریئر کا سب سے بڑا سکور بھی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

91 رنز بنانے والے فہیم اشرف اننگز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔

اسی لیے تو صارف آمنہ نے دن ختم ہونے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’رانا صاحب، تسی گریٹ او۔‘

بارش اور ژالہ باری سے متاثر ہونے والے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے ان دونوں کھلاڑیوں کی بیٹنگ کی بدولت 239 رنز بنائے ہیں اور اب کیویز کو 192 رنز کی برتری حاصل ہے اور وہ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کل صبح کریں گے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ساؤتھی، بولٹ اور ویگنر نے دو، دو جبکہ جیمیسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کپتان محمد رضوان نے 71 رنز بنائے لیکن وہ مچل سانٹنر کی برق رفتار تھرو کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے۔

کرکٹ

ان دونوں کی بیٹنگ پر سوشل میڈیا صارفین بہت خوش دکھائی دیے۔

صارف ڈریمر لکھتے ہیں کہ پاکستان کے سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بننے والے دونوں کھلاڑیوں نے اننگز میں رن سکور کیے ہیں۔

صارف نومان نے اپنے ساتھی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’صرف ان کا دوست ہی تھا جو مسلسل فہیم اشرف کی حمایت کر رہا تھا اور ان کی صلاحیتوں کا دلدادہ تھا۔ پاکستان نے کبھی اس پر اعتماد نہیں کیا لیکن آج فہیم نے مجھے اور بہت ساروں کو غلط ثابت کر دیا۔‘

صارف حسین بھی لکھتے ہیں کہ بطور کپتان اپنے پہلے ہی میچ میں اتنے دباؤ کی صورتحال میں 71 رنز بنا کر رضوان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ’کپتانی کے قابل‘ ہیں۔

صارف عبید اعوان فہیم اشرف کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ’وہ اپنی سنچری تو نہ بنا سکا لیکن اس نے بہت سوں کے دل جیت لیے۔ بہت عمدہ، رانا صاحب۔‘

کرکٹ

ایک اور بات جو بڑی واضح دکھائی دی کہ کیوی کپتان کین ولیمسن پاکستانی شائقین میں بہت مقبول ہیں اور کیوں نہ ہوں۔ فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے کے بعد سب سے پہلے آگے بڑھ کر وہی گئے اور ان کو عمدہ کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی۔

اس منظر کو دیکھتے ہوئے صارف ادیب لکھتے ہیں: ’ولیمسن نے سب سے پہلے فہیم اشرف کو داد دی۔ اس انسان سے تو نفرت کی ہی نہیں جا سکتی۔‘

لیکن رضوان اور فہیم کی اننگز سے قبل سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم اور انتظامیہ کے لیے صرف تنقید کے باؤنسرز کرائے جا رہے تھے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں برسوں سے عمدہ ترین کھیل پیش کرنے والے فواد عالم کو 11 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں کھیلنے کا موقع ملا ہے لیکن ان کی ناکامیوں پر ناقدین کہتے ہیں کہ وہ صرف فرسٹ کلاس کے ہی لائق ہیں۔

کرکٹ

پاک کرکٹ فینز کے نام سے ایک صارف نے فواد عالم کے نام ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر آپ بین الاقوامی کرکٹ میں رنز نہیں بنا سکتے تو اپنے ڈومسٹیک کرکٹ کی اوسط کو کوڑے میں ڈالیں اور گھر جائیں۔آپ صرف پاکستان کی مقامی کرکٹ میں رنز بنا سکتے ہیں، بین الاقوامی کرکٹ میں نہیں، یہ بات کیوں سمجھ نہیں آتی۔‘

ایسے ہی تاثرات تھے صارف ’دا جگولر وین‘ کے ہیں جو لکھتے ہیں کہ ’یہ سیریز قومی سلیکٹر محمد وسیم کے لیے مشعل راہ ہونی چاہیے۔ اگر شان مسعود، عابد علی، اظہر علی، حارث سہیل، فواد عالم، نسیم شاہ اور محمد عباس قابل ذکر کارکردگی نہ دکھائیں تو ان کو فوراً باہر نکالیں اور قائدِ اعظم ٹرافی میں اچھا کھیل پیش کرنے والوں کو ٹیم میں لائیں۔ کچرے کو ساتھ لانا بند کریں۔‘

صارف حسنین کا بھی یہی خیال تھا اور ان کا کہنا تھا کہ ہم متاثر کن کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو تیار نہیں کر رہے۔ انھوں نے لکھا کہ ’ہم صرف ان کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دیتے ہیں جو ٹُک ٹُک کرنا جانتے ہیں اور ان کو علم نہیں کہ سٹرائک کیسے تبدیل کریں۔‘

لیکن اب پاکستانی شائقین کا کیا جائے، جہاں اتنے غصے سے بھرے تبصرے کیے جائیں، پھر بھی چند ایسے بھی ہیں جن کو امید ہے کہ پاکستانی ٹیم کوئی معجزہ کر بیٹھے گی۔

کرکٹ

سید علی حیدر عابدی انھی میں سے ایک ہیں، جنھوں نے ٹویٹ میں لکھا: ’سوچیں اگر نیوزی لینڈ کل 37 کے سکور پر آؤٹ ہو جائے اور پاکستان کو محض 200 کا ہدف ملے۔‘

شاید انھی مواقع کے لیے مرزا غالب نے کہا تھا، ہزاروں خواہشیں ایسی۔۔۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp