ژونگ شانشن: ویکسین اور پانی انڈیا کے مکیش امبانی کو ایشیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں نیچے لے آیا


            ایشیا کے امیر ترین شخصیات کی فہرست میں ویکسین اور پانی بیچنے کے کاروبار کی وجہ سے تبدیلی آئی ہے۔

ژونگ شانشن کی دولت اس سال سات ارب ڈالر بڑھی ہے، اور اس طرح وہ انڈیا کے مکیش امبانی اور چین کے جیک ما سے زیادہ دولت مند ہو گئے ہیں۔

بلومبرگ بلیئنیئرز انڈیکس کے مطابق ان کے اثاثوں کی قیمت اب 77.8 ارب ڈالر ہے، جس کی بدولت وہ اب دنیا کے 11 ویں سب سے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

2020 میں پانچ شخصیات کی اربوں کی دولت میں اربوں کا اضافہ ہوا

پانی بیچنے والا ارب پتی چین کا امیر ترین شخص قرار

ایشیا کا امیر ترین شخص ایمازون سے مقابلے پر تیار

مکیش امبانی نے کھلونوں کی سب سے پرانی دکان خرید لی

فیس بک کا انڈیا کے امیر ترین شخص پر ’ساڑھے پانچ ارب ڈالر کا جوا‘

’لون وولف‘ کے نام سے پہچانے جانے والے ژونگ مختلف پیشے اپناتے رہے ہیں اور وہ صحافت، مشروم (کھمبیوں) کی فارمنگ اور ہیلتھ کیئر کے پیشے سے وابستہ رہے ہیں۔

ژونگ نے اپریل میں ویکسین بنانے والی کمپنی ’بیجنگ وانٹائی بائیولوجیکل‘ پبلک کی تھی اور اس کے شیئر چینی سٹاک مارکیٹ میں لسٹ کیے تھے۔

تین ماہ بعد انھوں نے اپنی پانی کی بوتلیں بیچنے والی کمپنی ’نونگفو سپرنگ‘ کے ساتھ بھی یہی کیا اور اسے ہانگ کانگ میں لسٹ کیا۔

اس طرح اس وقت ان کی دولت علی بابا کے بانی جیک ما سے بڑھ گئی تھی جو کہ پہلے چین اور ایشیا کے سب سے امیر ترین شخص تھے۔

اس کے بعد سے اب تک نونگفو سپرنگ ہانگ کانگ میں لسٹ ہونے والی ایک اہم کمپنی بن چکی ہے اور اس کے حصص کی قیمت 155 فیصد بڑھی ہے۔

بیجنگ وانٹائی بائیولوجیکل کے حصص کی قیمت بھی 2000 فیصد بڑھی ہے اور یہ ان کمپنیوں میں سے ایک ہے جو کووڈ 19 کی ویکسین بنا رہی ہے۔

جیک ما

Getty Images
علی بابا کے مالک جیک ما

بلومبرگ کے مطابق ژونگ شانشن کی ڈرامائی ترقی نے اب ان کو ایشیا کا سب سے امیر ترین شخص بنا دیا ہے اور وہ تاریخ میں تیزی سے دولت حاصل کرنے والوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

امیر سے امیر تر

دنیا کے زیادہ تر امیر ترین افراد کی دولت میں عالمی وبا کے دور میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ان میں ایمیزون کے جیف بیزوز بھی شامل ہیں۔

انڈیا کے مکیش امبانی کی بھی دولت میں 18.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 76.9 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ اس کی وجہ وہ معاہدے ہیں جو انھوں نے اپنی ریلائنس انڈسٹریز کو ٹیکنالوجی اور ای کامرس کی بڑی کمپنی میں تبدیل کرنے کے لیے کیے ہیں۔

2020 میں ہی فیس بک نے کہا تھا کہ وہ انڈین موبائل انٹرنیٹ کمپنی ریلائنس جیو میں 5.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے اور یہ کمپنی بھی مکیش امبانی کی ہے۔

تاہم جیک ما کی دولت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور یہ 61.7 ارب ڈالر سے گر کر 51.2 ارب ڈالر پر آ گئی ہے۔ اس کی وجہ چینی ریگولیٹرز کی طرف سے ان کی کمپنی علی بابا کی اضافی جانچ پڑتال ہے۔

علی بابا کے متعلق تفتیش ہو رہی ہے کہ اس نے اجاردہ داری قائم کی ہوئی ہے جبکہ اس سے منسلک اینٹ گروپ کی سٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کو نومبر میں بلاک کر دیا گیا تھا۔

چین کے زیادہ تر نئے ارب پتیوں کا تعلق ٹیکناکوجی انڈسٹری سے ہے۔ لیکن چین اور امریکہ کے درمیان ہواوے، ٹک ٹاک اور وی چیٹ پر تناؤ کی وجہ سے چین کے ٹیکنالوجی کی کمپنوں کے حصص کی مالیت میں کمی ہوئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp