نئے برس کے اہداف کیا ہوں؟


2019 کے اختتام پر کسے خبر تھی کہ آنے والا سال دنیا بھرکے لیے ناقابل فراموش تبدیلیوں کا باعث بن رہا ہے۔ کون جانتا تھا کہ نئے سال میں بہت سارے لوگوں کو اپنوں پیاروں سے بچھڑنا پڑے گا۔ کسے علم تھا کہ دنیا کی کتنی معیشتیں گریں گی اور کتنے ہی کاروبار تباہی کا شکار ہوں گے ۔ شاید کسی کو بھی علم نہ تھا کہ اس سال دنیا بھر میں سب کچھ بند ہو جائے گا۔

2020 کو آفات و بلیات کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ اس سال میں سب سے بڑی آفت کورونا تھی جس نے ساری دنیا کو متاثر کیا۔ لاکھوں لوگ اپنی جان سے گئے اور اگر آپ 2020 سے صحیح سلامت گزر کر 2021 میں پہنچ چکے اور یہ کالم پڑھ رہے ہیں تو آپ خوش قسمت ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث حالات جو بھی رہے ہوں لیکن اگر تصویر کا مثبت رخ دیکھا جائے تو اس وبا اور دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باوجود جینے والوں نے ہمت نہیں ہاری اور نئے سرے سے زندگی شروع کی۔ ہر چیز کا نعم البدل ہوتا ہے۔ کورونا وبا کے دوران جہاں کاروبار تباہ ہوئے وہاں آن لائن بزنس اور فری لانسنگ کو فروغ ملا۔ جہاں تعلیمی ادارے بند ہوئے وہاں ویڈیو لیکچرز اور آن لائن تعلیمی سلسلے شروع ہو گئے۔

گزرے سال میں جہاں بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہاں اس نے یہ بھی سکھایا کہ ہمت نہیں ہارنی، مشکلات کے ساتھ کیسے جینا ہے اور بیماری یا وبا کی صورت میں احتیاط کیسے برتنی ہے۔ اس وبا کی وجہ سے دنیا نے پہلی دفعہ جنگوں اور ہتھیاروں کی بجائے تعلیم، صحت، اور تحقیق پر پیسہ خرچ کیا۔ اسی وجہ سے اب کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار ہو چکی ہے۔ اب 2021 میں اس میں مزید بہتری آنے کی امید ہے۔

وباؤں کا سال 2020 تو جیسے تیسے گزر گیا۔ لیکن ہمیں یہ سمجھنا پڑے گا کہ سال بدلنے سے وبا کی صورتحال ابھی نہیں بدلی، اس لیے اب 2021 میں بھی کورونا کے ساتھ ہی گزارا کرنا پڑے گا۔ نیا برس آنے پر یہ سوچنا بنتا ہے کہ وبا کی اس صورتحال میں یہ سال کس طرح گزاریں۔ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سال بدلنے سے حالات نہیں بدلتے۔ حالات بدلنے کے لئے خود کو بدلنا ہو گا۔ خود کو بدلیں، اپنے آنے والے سال کو بدلیں۔ نئے سال کے لئے اہداف بنائیں۔

سب سے پہلے تو اس چیز کی فہرست بنائیں کہ گزرے برس میں کیا کھویا، کیا پایا۔ اپنے گزرے برس کا محاسبہ کریں۔ کم از کم یہ ضرور سوچیں کہ 2020 میں فرصت کے اوقات میں کیا کیا۔ خدمت خلق کتنی کی؟ ایسا کون سا کام کیا جس سے ملک وقوم کو فائدہ ہوا؟ جب ساری دنیا میں لاک ڈاؤن تھا اس وقت کو کس طرح استعمال کیا؟ کیا کوئی نئی چیز سیکھی؟ کسی چیز میں مہارت حاصل کی؟ کوئی نئی کتاب پڑھی؟ اگر ہاں تو اس عمل کو 2021 میں بھی جاری رکھیں۔ اور اگر گزرے سال میں ایسا کچھ بھی نہیں کیا تو اس دفعہ ضرور کریں۔ نئے سال میں حاصل کرنے کے لئے اہداف سیٹ کریں اور ان کو حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

نئے سال کے ممکنہ اہداف کی فہرست کچھ یوں ہو سکتی ہے کہ اس سال کم از کم 10 نئی کتابوں کا مطالعہ کیا جائے گا۔ طلبا اپنی تعلیم میں بہتری اور بے روزگار لوگ نوکری کے حصول یا کاروبار شروع کرنے کو اپنا ہدف بنا سکتے ہیں۔ ذاتی حیثیت کے ساتھ ساتھ معاشرے اور ملک وقوم کی ترقی کے لیے بھی اپنے اہداف بنائیں۔ ہفتہ وار یا روزانہ کی بنیاد پر کسی فلاحی کام کی خاطر کم از کم ایک گھنٹہ ضرور نکالیں۔ مزید برآں اپنی کمیونیکشن سکلز کو بہتر بنانے اور پرسنیلٹی ڈویلپمنٹ پر توجہ دیں۔ اپنی شخصیت میں روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 1 فیصد بہتری لانے کی کوشش کریں۔ معاملات کو اچھے طریقے سے طے کرنا اور غصے پر قابو پانا سیکھیں۔

مشاہدہ ہے کہ جس چیز کو لکھ لیا جائے وہ آسانی سے یاد رہتی ہے اس لیے ہدف بنا کر ان کو لکھ لیں اور سال بھر کے عرصے کے دوران انہیں وقتاً فوقتاً دہراتے رہیں اور پھر سال کے آخر پر اپنے اہداف کا جائزہ لیں جو حاصل کر لیے گئے ان پر شکر بجا لائیے اور جو کسی وجہ سے حاصل نہ ہو سکے ان پر مزید محنت کریں۔ دعا ہے کہ آپ کا یہ سال بہترین گزرے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).