چار ماہ میں ہی عمر شیخ سی سی پی او لاہور کے عہدے سے فارغ


پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے سی سی پی او عمر شیخ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ غلام محمود ڈوگر کو نیا سی سی پی اور لاہور تعینات کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 20 کے عمر شیخ کو ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری فاروق آباد کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نئے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر ان دنوں سینٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکشین میں عمر شیخ کو عہدے سے ہٹانے کی کوئی وجوہات تو نہیں بتائی گئیں لیکن وہ سینئر افسران کے ساتھ اختلافات اور اپنے نامناسب رویے اور بیانات کی وجہ سے اکثر ہی شہ سرخیوں میں رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سی سی پی او لاہور عمر شیخ کون ہیں؟

دو برس میں پنجاب میں چھٹا آئی جی: آخر معاملہ کیا ہے؟

وزیراعظم کے آئی جی کے تبادلے کے زبانی احکامات معطل

’کیا خاوند کی اجازت کے بغیر سفر کرنے والی خاتون سے ریاست بری الذمہ ہے؟‘

عمر شیخ کی تعیناتی اور صوبے کے آئی جی کا تبادلہ

کیا پنجاب کے آئی جی شعیب دستگیر عمر شیخ کی وجہ سے عہدے سے علیحدہ ہوئے؟

یہ بات تو واضح ہے کہ گزشتہ برس 9 ستمبر کو سابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب شعیب دستگیر کو عہدے سے ہٹائے جانے کے پس منظر میں لاہور کے سی سی پی او کے عہدے پر عمر شیخ کی تعیناتی کا معاملہ بھی تھا۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس سلسلے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم کوئی افسر لگائیں اور کوئی آ کر کہے کہ یہ نہ لگائیں، یہ نہیں ہو سکتا۔‘

شعیب دستگیر نے بھی میڈیا کو ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں کیا بلکہ ان کے ایک بیان سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹائے جانے والے شعیب دستگیر گریڈ 22 کے افسر ہیں۔ وہ اس کمیٹی کا بھی حصہ تھے جس نے عمر شیخ کی گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کے خلاف سخت رائے دی تھی، جس کے بعد انھیں ترقی نہ مل سکی۔

شعیب دستگیر کی عمر شیخ سے ناراضگی کی ایک وجہ عمر شیخ کا ایک متنازع بیان بتایا جاتا تھا۔ شعیب دستگیر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ’تعیناتی کے بعد لاہور کے نئے سربراہ نے اپنے ماتحت افسران کا ایک اجلاس بلایا اور اس میں کہا کہ وہ ان کی بات پر کان دھریں اور آئی جی کی کسی ہدایت پر عمل نہ کریں۔‘

شعیب دستگیر کے مطابق انھوں نے اس صورتحال کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور ساتھ یہ مطالبہ بھی کیا کہ لاہور پولیس کے سربراہ کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ادھر عمر شیخ نے سابق آئی جی سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر ان تک پہنچایا گیا۔تاہم شعیب دستگیر نے ان کی معافی تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس صورتحال کے بعد حکومت نے شعیب دستگیر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر گریڈ 21 میں کام کرنے والے ان کے ماتحت پولیس افسر انعام غنی کو پنجاب پولیس کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا تھا۔

موٹروے ریپ کیس سے متعلق بیان

سابق سی سی پی او لاہور نے موٹروے پر پیش آنے والے ریپ کے واقعے کے بعد متعدد ٹی وی چینلز پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ: ’تین بچوں کی ماں اکیلی رات گئے اپنے گھر سے اپنی گاڑی میں نکلے تو اسے سیدھا راستہ لینا چاہیے ناں؟ اور یہ بھی چیک کرنا چاہیے کہ گاڑی میں پیٹرول پورا ہے بھی یا نہیں۔۔۔‘

انھوں نے اپنے اس بیان پر معافی مانگ لی تھی لیکن ان پر شدید تنقید کی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp