سمت کا تعین کرنا مشکل ہے؟ یہ 8 مشورے مدد کر سکتے ہیں!


سمت، قطب نما، جی پی ایس
جی پی ایس کے بغیر سمت کا تعین کرنا اتنا مشکل بھی نہیں جتنا کہ لوگ عام طور پر سمجھتے ہیں
کیا آپ کو بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ تک پہنچنے کا راستہ تلاش کرنے میں مشکل ہوتی ہے اور آپ خود کو گم پاتے ہیں؟

یا آپ اکثر یہ بات کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ ’اوہ، میں گم نہیں ہوا تھا، بس راستہ نہیں مل رہا تھا۔‘

اور اگر ایسا ہے تو نیوروسائیکولوجسٹ کیتھرین لوّ ڈے کے یہ مشورے آپ کو صحیح راستے پر آنے میں مدد کر سکتی ہیں۔

1. اپنے روٹ کی منصوبہ بندی کریں

سپین، بارسلونا

اگر آپ پریشان ہیں کہ کوئی جگہ حقیقت میں کیسی ہوگی، تو آپ اس کا سٹریٹ ویو پہلے سے دیکھ لیں جیسے کہ بارسلونا کی اس سڑک کا

اگر آپ کے پاس سٹریٹ ویو ہے، یا اس علاقے کی تصاویر ہیں تو خود کو اس روٹ پر چلتے ہوئے تصور کریں اور ذہن میں اپنے سفر کا تصور قائم کریں۔

ہر موڑ کو دیکھیں اور کوئی بھی غیر معمولی نشانیاں یاد کر لیں جو حقیقت میں یہ راستہ لینے پر آپ کی یادداشت تازہ کر دیں گی۔

2. پرسکون رہیں

لندن

پرسکون رہیں، منزل آپ کی ہوگی

پرسکون رہنے کی کوشش کریں، فکر کرنے سے آپ کے ذہن پر بوجھ پڑے گا جس سے راستہ تلاش کرنے کی آپ کی قدرتی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

اگر آپ سفر سے پہلے منصوبہ بندی کریں گے تو اس سے بھی آپ کی بے چینی اور گھبراہٹ میں کمی ہو سکتی ہے۔

3. توجہ مرکوز رکھیں

سمت، قطب نما، جی پی ایس

اگر آپ ایک سے زیادہ کام ساتھ کر رہے ہیں تو سمت کا تعین کرنا مشکل ہو سکتا ہے

فون پر بات کرنے، میسج کرنے یا کسی اور چیز کے بارے میں سوچنے سے بھی آپ کو سمت کا تعین کرنے میں مشکل ہو سکتی ہے۔

کوشش کریں کہ اپنے سامنے موجود اس کام پر پوری توجہ رکھیں اور اپنے آس پاس موجود چیزوں پر غور کرتے رہیں۔

4. نشانیاں تلاش کریں

استنبول، ترکی

شہر کی اونچی عمارتوں کو نظر میں رکھنا سمت کے تعین میں مدد دے سکتا ہے

کوئی جانی پہچانی یا منفرد نشانی تلاش کریں اور اس پر اپنی نظر رکھیں۔

اگر آپ کسی شہر میں ہیں تو یہ سب سے بلند عمارت ہو سکتی ہے۔

ہر موڑ پر یہ دیکھیں کہ آپ اس عمارت کی کس جانب ہیں۔ اس سے آپ کو اپنے ذہن میں اس علاقے کا نقشہ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

5. اپنے پیچھے دیکھیں

سمت، قطب نما، جی پی ایس

پیچھے دیکھنا اور اس جگہ کو یاد کرنا واپسی کے سفر میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے

اکثر لوگ صرف اس چیز پر توجہ دیتے ہیں جو ان کے سامنے ہوتا ہے مگر وہ لوگ راستہ تلاش کرنے میں زیادہ ماہر ہوتے ہیں جو نہ صرف آگے دیکھتے ہیں، بلکہ اپنے پیچھے موجود چیزوں پر توجہ دیتے ہیں۔

خاص طور پر اگر آپ کو اسی راستے سے واپس آنا ہے تو یہ ایک زبردست مشورہ ہے۔

6. جگہوں سے یادیں جوڑ لیں

دماغ، یادداشت،

جیسے جیسے آپ چلتے جائیں، اس جگہ کے متعلق یادیں بناتے رہیں، بعد میں یہ کام آئیں گی!

یہ خاص طور پر اس وقت مددگار ثابت ہو سکتا ہے جب آپ دوبارہ اسی جگہ جا رہے ہوں یا وہاں سے واپس آ رہے ہوں۔

اگر آپ پہلی مرتبہ کسی جگہ جاتے ہوئے کوئی بات کر رہے تھے یا کوئی گانا سن رہے تھے تو آپ کو واپس وہاں جاتے ہوئے اہم مقامات پر کافی فائدہ مند اشارے مل سکتے ہیں۔

7. تصویریں لیں

جاپان

جاتے جاتے تصاویر لیتے رہنا راستہ سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے

اگر آپ کو کوئی سفر دوبارہ کرنا ہے تو اہم جگہوں پر تصاویر لیں اور بعد میں انھیں غور سے دیکھیں۔

تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ تصاویر ویڈیوز کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔

8. اپنے سفر کے بارے میں سوچیں

ذہن، یادداشت

کسی جگہ کے بارے میں مضبوطی سے ذہنی نقشہ بنا لیں

بعد میں اپنے ذہن میں اس سفر پر دوبارہ غور کریں، اور آپ نے جو کیا اس کو تصور کریں۔ ایسا کرنے سے آپ اپنے ذہن میں وہ اعصابی کنکشن مضبوط کر رہے ہوں گے جو آپ کی یادداشت بناتے ہیں۔ اس سے آپ کی اس راستے کے بارے میں یادداشت مضبوط ہوگی۔


اور اگر پھر بھی آپ اپنی سمت تلاش کرنے میں ناکام ہیں، تو سمارٹ فون یا سیٹلائٹ نیویگیشن سے مدد لی جا سکتی ہے۔

مگر یاد رکھیں کہ آپ جی پی ایس پر جتنا زیادہ انحصار کریں گے، آپ سمت کے تعین کی اپنی قدرتی حِس کو اتنی کم ورزش کروائیں گے۔

امید ہے کہ آپ کا سفر اچھا گزرے گا!

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32499 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp