سابقہ انڈین کرکٹر سورو گنگولی کو دل کی تکلیف: ’دادا، جلدی سے ٹھیک ہونے کا‘


ANI
ANI
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کو سینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد کولکتہ کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیچیر کی صبح جم میں ورزش کے دوران سورو گنگولی کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انھیں قریبی وڈ لینڈز ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔

بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے لکھا ہے کہ انھوں نے سورو گنگولی کے اہل خانہ سے بات کی ہے اور اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔

شاہ نے ٹویٹ کی ’دادا کی صحت اب مستحکم ہے۔ دوائیں اپنا صحیح کام کر رہی ہیں۔ میں ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘

https://twitter.com/JayShah/status/1345294588022411269

یہ بھی پڑھیے

سورو گانگولی کے سات تنازعے جنھیں آج بھی یاد کیا جاتا ہے

’وزیرِاعظم کے بعد مشکل ترین کام کرکٹ ٹیم کی کپتانی ہے‘

’انڈیا کے بیٹنگ یونٹ میں لڑنے والے کردار کی کمی ہے‘

ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ ’سورو کی صحت کے بارے میں جان کر افسوس ہوا ہے۔ سنا ہے کہ ان کو ہلکا کارڈیک ایرسٹ ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ ہسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ میری دعائیں ان کے اور ان کے کنبے کے ساتھ ہیں۔‘

انڈین ٹوئٹر پر سورو گنگولی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے جبکہ ان کے ساتھی اوپنر وریندر سہواگ نے ایک گہرے دوست کے انداز میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’دادا جلدی سے ٹھیک ہونے کا۔‘

کرکٹر شیکھر دھون نے بھی سورو گنگولی کی صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

اس کے علاوہ کئی لوگوں نے ان کے دل کے دورے کی وجہ سیاست میں ان کی عدم دلچسپی بتائی ہے۔ آکاش ماتھر 316 نے لکھا کہ ’ان کے دل کے دورے کی ایک ہی وجہ ہے۔ بی جے پی۔ دادا نے کئی بار کہا کہ وہ سیاست میں آنا نہیں چاہتے، وہ کبھی بھی سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے لیکن بی جے پی ان پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ اتنے دباؤ کو جھیل نہیں سکے۔۔۔‘

خیال رہے گاہے بگاہے سورو گنگولی کے سیاست میں آنے کی خبریں گردش کرتی رہتی ہیں اور یہ قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کے مقابلے کے لیے بی جے پی انھیں میدان میں اتار سکتی ہے لیکن ابھی تک اس کے شواہد موجود نہیں ہیں۔

انڈین کرکٹ میں گنگولی نے جب جب واپسی کی ان کی کارکردگی بہتر رہی۔ بہت سے ٹوئٹر صارفین نے گنگولی کی لڑنے کی قوت کا ذکر کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد اس پر فتح حاصل کر لیں گے۔

اہیلی چٹوپادھیائے نامی صارف نے لکھا کہ ’واپسی لوگوں کو مضبوط بناتی ہے اور آپ اس سے مزید مضبوط ہو کر باہر آئیں گے۔‘

کسی نے انھیں ’شیر دل‘ کہا ہے تو کوئی انھیں ’ہندوستان کا فخر‘ کہہ رہا ہے، کسی نے ’ٹائیگر‘ کہا تو کسی نے ’بنگال پرنس‘ اور لوگ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp