پی سی بی ایوارڈز بابر اعظم، محمد رضوان، فواد عالم اور عالیہ ریاض کے نام


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2020 کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے ایوارڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کا اعلان پی سی بی کے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم سے جمعہ کو کیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق ایوارڈز کا فیصلہ آزاد جیوری نے کیا۔ ایوارڈ کی غرض سے کھلاڑیوں کو 12 مختلف کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا, جن میں وائٹ بال کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر، سال کا سب سے قابل قدر کرکٹر، ویمن ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر، مین ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر، مین ایمرجنگ انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر، ویمن کرکٹر آف دی ایئر اور ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کی کیٹیگریز شامل تھیں۔

جیوری کے فیصلے کے مطابق وائٹ بال کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بابر اعظم حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کیٹیگری میں ان کا مقابلہ حارث رؤف، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی سے تھا۔

سال کا سب سے قابل قدر کرکٹرکا ایوارڈ بھی بابر اعظم جیتنے میں کامیاب رہے۔ مذکورہ کیٹیگری میں محمد حفیظ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ان کے مقابل تھے۔

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ محمد رضوان کو دیا گیا۔ اس کیٹیگری میں ان کا مقابلہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود سے تھا۔

فواد عالم کو انفرادی کارگردگی انجام دینے والے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

فواد عالم نے یہ ایوارڈ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 102 رنز کی اننگز کھیلنے پر حاصل کیا۔

اس کیٹیگری میں فواد کے علاوہ شان مسعود، نسیم شاہ اور حفیظ بھی شامل تھے۔

شان مسعود کو انگلینڈ کے خلاف سینچری بنانے، نسیم شاہ کو بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بولنگ کرنے اور حفیظ کی انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں 86 رنز کی اننگز پر سال کی بہترین انفرادی کارکردگی کے لیے نامزدگی ہوئی تھی۔

ایمرجنگ انٹرنیشنل کرکٹر کی کیٹیگری میں فاسٹ بالر نسیم شاہ کو ایوارڈ دیا گیا جب کہ ایمرجنگ ڈومیسٹک کرکٹر کا ایوارڈ وکٹ کیپر روحیل نذیر نے اپنے نام کیا۔

ڈومیسٹک کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ کامران غلام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جب کہ آصف یعقوب ٹی ٹوئنٹی کے بہترین امپائر قرار پائے۔

بہترین ایمرجنگ ڈومیسٹک وومن کرکٹر کا ایوارڈ فاطمہ ثنا نے اپنے نام کیا جب کہ عالیہ ریاض بیسٹ وومن کرکٹر آف دی ایئر قرار پائیں۔

نامزدگیوں پر نظر ڈالیں تو بابر اعظم، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کو تین مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).