کریمہ بلوچ کی ہلاکت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کوئٹہ میں احتجاج، مظاہرین نے انسانی زنجیر بنائی


احتجاج
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہائی کورٹ کے باہر بلوچ یکجہتی کمیٹی نے سیاسی رہنما کریمہ بلوچ کی ہلاکت اور انسانی حقوق کے حصول کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاج میں شریک خواتین اور بچوں سمیت دیگر افراد نے نہ صرف ہائی کورٹ کے باہر انسانی زنجیر بنائی بلکہ شرکا میں سے بعض نے اپنی آنکھوں پر سیاہ پٹیاں باندھنے کے علاوہ ہاتھوں کو زنجیروں سے بھی باندھ رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹورونٹو سے لاپتہ سیاسی کارکن کریمہ بلوچ کی لاش پانی میں سے ملی

کریمہ بلوچ کی موت پر ’افواہیں، الزام تراشی، دھمکیاں اور خوشی‘

والدہ کے پڑھے اشعار جو کریمہ بلوچ کو ملک چھوڑنے سے روک سکتے تھے

بلوچستان ہائی کورٹ کے سامنے مظاہرے سے قبل شرکا نے پریس کلب سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی تھی۔

واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی اور دیگر بلوچ قوم پرست جماعتیں کینیڈا میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والی بلوچ سیاسی رہنما کریمہ بلوچ کی موت کو ایک سازش قرار دے رہی ہیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کریمہ بلوچ کی ہلاکت کے خلاف کراچی اور کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

احتجاج

احتجاج کرنے والوں نے انسانی زنجیر بھی بنائی

پہلے کراچی اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بعض شہروں میں احتجاج بھی کیا گیا تھا تاہم بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق گوادر، آواران اور بعض دیگر شہروں میں احتجاج نہیں ہونے دیا گیا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا کہنا تھا کہ ‘گوادر میں خواتین کو مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئیں کہ وہ گوادر میں احتجاجی مظاہرہ نہ کریں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘اسی طرح آواران میں لوگوں کو احتجا ج کرنے سے روکا گیا ہے۔’

ڈاکٹر ماہ رنگ نے الزام عائد کیا کہ ‘کوئٹہ شہر میں بھی بلوچ یکجہتی کمیٹی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اورچھاپہ مارنے والے اہلکار خاتون سے ان کا موبائل فون لے گئے۔’

احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘آج ہم نے ہائی کورٹ کے سامنے ایک علامتی احتجاج کیا جس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ بلوچوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے کیوں محروم رکھا گیا ہے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں اظہار رائے کی آزادی کیوں حاصل نہیں ہے۔ اس علامتی احتجاج کے ذریعے ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے جو ادارے ہیں وہ ہمارے حقوق کا تحفظ کیوں نہیں کرتے۔’

احتجاج

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطالبات کیا ہیں؟

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا کہنا ہے کہ کریمہ، بلوچوں کی اہم رہنما تھیں جنھوں نے یہاں اپنی زندگی کو درپیش لاحق خطرات کے باعث کینیڈا میں جلا وطنی اختیار کی تھی۔

ماہ رنگ بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی چاہتی ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے نہ صرف کریمہ بلوچ کی ہلاکت کے بارے میں تحقیقات کریں بلکہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا بھی نوٹس لیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp