کریپٹو کرنسی: بٹ کوائن کی قدر بلند ترین سطح پر، مالیت 30 ہزار امریکی ڈالرز سے تجاوز کر گئی


کرنسی
بٹکون کی قدر اپنے آغاز یعنی سنہ 2009 سے ہی غیر مستحکم رہی ہے
کریپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور ایک بٹ کوائن کی مالیت 30 ہزار امریکی ڈالرز سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس ورچوئل کریپٹو کرنسی کی قدر میں سنیچر کے روز ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کی مالیت 30823 امریکی ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔

بٹ کوائن کی مالیت میں گذشتہ چند ہفتوں سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے گذشتہ برس دسمبر میں یہ بلند ترین سطح 20 ہزار امریکی ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔

ماضی میں بھی بٹ کوائن کی قدر میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور اس کی وجہ بڑے سرمایہ کاروں کی جانب سے فوری منافع کے لیے اس میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پیدا ہونے والی صو رتحال میں سرمایہ کار بٹ کوائن کو اپنے اثاثوں کے لیے محفوظ سمجھتے ہیں۔ لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ اس بٹ کوائن کی قدر میں اتار چڑھاؤ جاری رہے گا اور اس کی قدر میں ڈالر کی قیمت میں مزید گراوٹ سے اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بٹ کوائن کی قدر میں 170 فیصد اضافہ

بٹ کوائن کی قدر پہلی بار سونے سے بڑھ گئی

’بِٹ کوائن ایک جادوئی چھڑی‘

’پاکستان میں کریپٹو کرنسی قانونی نہیں، اسے مشکوک مانیں‘

Bitcoin

اگرچہ امریکی کرنسی کی قیمت مارچ میں کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے ساتھ ہی بڑھ گئی تھی کیونکہ سرمایہ کاروں نے غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر ڈالرز میں سرمایہ کاری کو محفوظ سمجھا تھا، لیکن اس کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے بڑے امدادی پیکیج کی وجہ سے اس کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔

بٹ کوائن میں کاروبار بھی بالکل اصل کرنسی ڈالرز یا پاؤنڈ کی طرح ہی ہوتا ہے۔

حال ہی میں اسے آن لائن رقم ادائیگی کی کرنسی کے طور پر پے پال نے تسلیم کیا ہے۔ پے پال ان چند ابتدائی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو ڈیجیٹل کرنسی کو آن لائن ادائیگیوں کے لیے تسلیم کرتا ہے۔ تاہم کریپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری غیر مستحکم سمجھی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ 2017 میں بٹ کوائن کی قدر بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد اس میں گراؤٹ آ گئی تھی اور وہ 19 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 3300 ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔

گذشتہ برس بھی اس کی قدر میں 19 ہزار ڈالرز سے زیادہ کا اضافہ ہوا تھا اور پھر تیزی سے اس کی قدر میں گراوٹ دیکھنے میں آئی تھی۔

بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بیلے نے اکتوبر میں اسے رقم ادائیگی کے طریقے کے لیے استعمال کرنے کے حوالے سے متنبہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ایمانداری سے یہ کہنا مشکل ہے کہ بٹ کوائن کی اصل قدر وہ ہی ہے جو ہم سمجھتے ہیں۔ ممکن ہے کہ اس کی خارجی قدر وہ ہے جو لوگ چاہتے ہیں۔’

بیلے نے کہا تھا کہ وہ ان لوگوں کے لیے ‘کافی گھبرا’ جاتے ہیں جو رقم ادائیگی کے لیے بٹ کوائن کا استعمال کرتے ہیں۔ انھوں نے اس جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو یہ احساس کرنا ہوگا کہ اس کی قدر نہایت غیر مستحکم ہے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32499 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp