پنجاب بھر میں وائی فائی کی مفت سرکاری سہولت ختم


پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں بھاری سالانہ سبسڈی کے باعث پنجاب وائی فائی پراجیکٹ بند کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سال 2017 میں اس وقت کی حکومت نے لاہور اور ملتان سمیت صوبے کے 200 مقامات پر مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے پنجاب وائی فائی منصوبہ شروع کیا تھا۔ اس منصوبے پر سالانہ 19 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ آ رہا تھا۔ گزشتہ سال کے شروع میں بھی پی ٹی سی ایل کو واجبات کی عدم ادائیگی پر وائی فائی کی سہولت عارضی طور پر بند ہوئی تھی لیکن پھر اس سروس کو بحال کر دیا گیا تھا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے اب ایک بار پھرعوامی مقامات پر وائی فائی کی مفت سہولت ختم کردی گئی ہے۔ سہولت ختم ہونے سے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبا، ریسرچ اسکالرز اور صحافی مفت وائی فائی کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب کے یونیورسٹی اورکالجز کے طلبا وطالبات مفت سہولت سے مستفید ہو رہے تھے۔ لاہور پریس کلب میں صحافیوں کے لئے بھی وائی فائی کی مفت سہولت میسر تھی جب کہ لاہور ائیرپورٹ، میٹرو بس اسٹیشن، لاہور ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر پبلک مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت دستیاب تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).