ڈونلڈ ٹرمپ نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو اقتدار منتقل کرنے پر رضامند


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’’پارلیمنٹ نے نتائج کی توثیق کر دی ہے، منظم انتقال اقتدار کی اپنی بات پر قائم ہوں، 20 جنوری کو ایک نئی انتظامیہ امریکا کی باگ ڈور سنبھالے گی، تمام توجہ بائیڈن انتظامیہ کو اقتدار سونپنے پر مرکوز ہے‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’’ کیپیٹل ہل پر حامیوں کے حملے نے مجھے مایوس کیا،کانگریس عمارت پر حملے کی مذمت کرتا ہوں، امریکا کی بہتری کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، یہ مفاہمت اور امریکیوں کے زخم پرمرہم رکھنے کا وقت ہے۔‘‘
خیال رہے کہ 6 جنوری کو اس وقت ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد نے امریکن کانگریس پر دھاوا بول دیا تھا جب وہاں نئے انتخابی نتائج کی توثیق کے لیے اجلاس شروع ہونے والا تھا۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد شہر میں کرفیو لگا دیا گیا تھا ۔ کیپٹل ہل پر حملے اور توڑ پھوڑ کی پوری دنیا سے مذمت کی گئی اور سوشل ویب سائٹس فیس بک اور ٹویٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بھی ’انتشار کو روکنے کے لیے‘ معطل کر دیے تھے۔
پھر جب کئی گھنٹوں بعد جب امن و امان بحال ہوا تو ٹرمپ کا ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کر دیا گیا جس پر ٹرمپ کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہوں نے اقتدار نئی منتخب انتظامیہ کو منظم طریقے سے منتقل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ امریکی انتخابات کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ٹرمپ نے علانیہ طور پر اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔
 
 
 

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).