پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، دارالحکومت اسلام آباد سمیت بیشتر شہروں میں تاریکی


بجلی
پاکستان میں سنیچر کی رات کو بجلی کا ایک بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے بعد ملک کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب چکے ہیں۔

صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، کوئٹہ سمیت ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی بجلی نہیں ہے جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق تمام بریک ڈاؤن سے چاروں صوبوں کے متعدد شہر متاثر ہوئے ہیں۔

وزارتِ توانائی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 11 بج کر 41 منٹ پر گڈو بجلی گھر میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی ہے۔

صحافی ایم اے جرال کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں کے علاوہ دیہاتوں میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی عمر ایوب خان نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوئینسی اچانک 50 سے صفر پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کے پاس بجلی اضافی ہے تو پھر بھی لوڈشیڈنگ کیوں

لبنان: جہاں زندہ رہنے کے لیے بجلی چوری کی جاتی ہے

انھوں نے بتایا کہ فریکوئینسی اچانک گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ حکام کی جانب سے اس وقت تربیلا بجلی گھر کو چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں قائم تربیلا بجلی گھر پاکستان کے سب سے بڑے بجلی گھروں میں سے ایک ہے جہاں سے پانچ ہزار میگا واٹ کے قریب بجلی پیدا کی جاتی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور صورتحال کے پیش نظر کے الیکٹرک اپنے سسٹم کو جلد بحال کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے، تاہم مکمل بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے اس حوالے سے تبصرہ نہیں کیا گیا کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ کیا ہے۔

مختلف وزرا اور سرکاری حکام کی جانب سے ٹوئٹر پر عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ بجلی کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ پاکستان کے قومی گرڈ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا سسٹم ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی نہیں ہے اور اسے بحال ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

سوشل میڈیا پر ردِ عمل

پاکستان میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طرح طرح کے ردِ عمل دیے جاتے رہے۔ جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا وہیں لوگ میمز بھی شیئر کرتے رہے۔

صارف زین العابدین نے اداکار شاہ رخ خان کی ایک پریشان حال تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اُن تمام لوگوں کی حالت ہے جن کے فونز اس وقت چارج نہیں تھے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ اس وقت پورے ملک میں قومی سوال یہ ہے کہ کیا تمہارے گھر بجلی ہے؟

مختلف لوگوں کی جانب سے چہ مگوئیاں اور پرانی خبریں بھی شیئر کی جاتی رہیں۔

کچھ لوگوں نے سنہ 2015 میں بجلی کے ایک بریک ڈاؤن کی خبر کو موجودہ بریک ڈاؤن کی خبر قرار دے کر شیئر کیا جس کے مطابق بلوچستان میں ایک ٹرانسمیشن لائن پر حملے کی وجہ سے بریک ڈاؤن ہوا۔

کچھ لوگوں نے اس حوالے سے بھی اپیل کی کہ ہسپتالوں میں وینٹیلیٹرز پر موجود لوگوں کے لیے دعا کی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32467 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp