پاکستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن اور بتدریج بحالی، تحقیقات میں وقت لگے گا: عمر ایوب


پاکستان کے وزیرِ توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا بریک ڈاؤن گدو پاور پلانٹ میں خرابی کی وجہ سے ہوا جس کے بعد دیگر بجلی گھر بھی بند ہو گئے۔ فالٹ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم اس میں وقت لگے گا۔

اتوار کو وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ گدو میں ںقص کے بعد تربیلا اور منگلا بجلی گھروں سے بھی 10 ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ گدو پاور پلانٹ پر نقص ہفتے کی رات گیارہ بج کر 41 منٹ پر آیا۔ اُں کے بقول اچانک فریکونسی 50 سے صفر ہو گئی۔ تاہم تربیلا اور منگلا کو ری اسٹارٹ کیا گیا جس کے بعد مرحلہ وار ملک بھر میں بجلی کی فراہمی بحال کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزرا کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے زیادہ توجہ بجلی کی پیداوار پر دی جب کہ اسے گھروں تک پہنچانے اور ترسیلی نظام کو فعال بنانے کے لیے کوئی کام نہیں ہوا۔ تاہم پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستان میں ہفتے کی شب پونے بارہ بجے کے لگ بھگ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا تھا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر بجلی بحال ہے اور فلائٹ آپریشن بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔

بڑے شہروں میں کیا صورتِ حال ہے؟

اسلام آباد اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنیز کے حکام نے دونوں شہروں میں بجلی کی مکمل بحالی کا دعویٰ کیا ہے۔

لاہور میں بجلی کی بندش کے باعث اورنج لائن ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی۔

کراچی کے کئی علاقوں میں بھی تاحال بجلی کا نظام بحال نہیں ہو سکا۔ کراچی الیکٹرک کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں مرحلہ وار بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ تاہم مکمل بحالی میں چند گھنٹے لگیں گے۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام اہم شہر بجلی سے محروم ہو گئے۔

انٹرنیٹ پر نظر رکھنے والی کمپنی ‘نیٹ بلاکس’ کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے پورے ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی میں بھی خلل پڑا۔

پاکستان میں ماضی میں بھی بجلی کے بریک ڈاؤن ہوتے رہے ہیں۔ 2015 میں دہشت گردوں نے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن پر حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے ملک کے 80 فی صد حصے کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی تھی۔

پاکستانی تاریخ میں ہونے والے اس بریک ڈاؤن کی وجہ سے دارالحکومت سمیت ملک کے اہم شہر بجلی سے محروم ہو گئے تھے۔

ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔

ٹوئٹر صارف تنزیل میمن نے ایک تصویر شیئر کی ہے۔ جس میں پاکستانیوں کو اسپائیڈر مین کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ جو ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں “تمہارے گھر لائٹ ہے۔”

ایک ٹوئٹر صارف نے بھارتی اداکارہ اجے دیوگن کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ جشمہ لگائے آرام سے بیٹھیں ہیں جس پر لکھا ہے کہ “میرا پاور بینک تو پوری طرح چارج ہے۔”

ٹوئٹر صارف محمد ذوالقرنین نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ “حوصلہ رکھیں، ایٹم بمب شفٹ ہو رہے ہیں۔”

https://twitter.com/BackupMohammad/status/1348123147174883328

محمد ارسلان نے اپنی ٹوئٹ میں بریک ڈاؤن کے بعد سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی میمز سے متعلق ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس میں پاکستانیوں کو کوئی مات نہیں دے سکتا۔

اسد باجوہ نامی صارف کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ “پاکستان صحیح چل نہیں رہا تھا، واپڈا نے سوچا آف کر کے آن کرتے ہیں۔”

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa