آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: اسمتھ نے کوہلی سے دوسری پوزیشن چھین لی


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بہترین بلے بازوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

دس بہترین بلے بازوں میں آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ ایک درجہ ترقی پا کر تیسری سے دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں جب کہ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسری سے تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

بہترین بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے مارنس لیبسچگنی چوتھے، پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم پانچویں نمبر پر ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

انگلینڈ کے بین اسٹوک دو درجہ ترقی پانے کے بعد آٹھویں سے چھٹی پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں جب کہ بھارت کے اجنکایا رہانے ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

بھارت کے ہی چتیسور پجارا نے دو درجہ ترقی پائی ہے اور وہ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ اسی طرح ہینری نکولس کی تین درجہ ترقی اور ڈیوڈ وارنر کی تین درجہ تنزلی ہوئی ہے۔ دونوں بلے باز بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔

دس بہترین بالروں کی فہرست میں پاکستان کا کوئی بالر شامل نہیں ہے جب کہ اس فہرست میں آسٹریلیا کے تین، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت کے دو دو جب کہ جنوبی افریقہ کا ایک بالر شامل ہے۔

آئی سی سی کی بالرز کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے فاسٹ بالر پیٹ کمنس بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ انگلیںڈ کے اسٹورٹ براڈ، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر اور ٹم ساؤتھی بالترتیب، دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کھلاڑیوں کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

آسٹریلیا کے جوش ہیزلی وڈ تین درجہ ترقی پا کر پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ انگلینڈ کے جمی اینڈرسن تین درجہ ترقی پانے کے بعد دسویں سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے کگیسو رابادا چھٹی، اینڈرسن ساتویں، مچل اسٹارک آٹھویں، روی چندرن ایشون نویں اور جیسپرت بمراہ دسویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa