اچھی آواز والوں کے لیے ایک بہترین کرئیر


آپ نے یہ بات تو سنی ہی ہو گی کہ گانا اور رونا سبھی کو آتا ہے مگر اس محاورے میں فرق ڈالنے والی چیز ہے اچھی آواز۔ہمارے ہاں عام دیکھا گیا ہے کہ جس کی آواز اچھی ہو اس کو گانا گانے یا نعت پڑھنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ کلاس روم ہو یا کوئی اور محفل اچھی آواز رکھنے والے کو یہی کہا جاتا چلو کچھ سناؤ۔

ایسی ہی حوصلہ افزائی سے کچھ لوگ سنگر بننے کے لیے قسمت آزمائی میں لگ جاتے ہیں ۔ پہلے اچھی آواز کے مالک لوگوں کو کوئی شعبہ نظر نہیں آتا تھا جس میں وہ اپنی آواز کا جادو چلا سکیں یا پھر جن لوگوں کی بڑے شہروں تک رسائی تھی تو وہ ٹی وی، ریڈیو سٹیشن یا تھیٹر میں ایکٹنگ، اینکرنگ یا نیوز کاسٹنگ میں اپنی جگہ بنا لیتے تھے۔

یہ تو بھلا ہو انٹرنیٹ کا کہ جس کی وجہ سے روزگار کی دنیا میں انقلاب آیا۔ روزگار کے نئے مواقع جو پہلے بڑے ممالک یا شہروں تک محدود تھے اب ہر جگہ با آسانی میسر ہیں۔ صرف ان کو تلاش کرنے اور پھر اس لے تقاضوں کے  مطابق اپنے آپ کو تراشنے کی ضرورت ہے۔

ایسے ہی نئے روزگار کے مواقعوں میں سے اچھی آواز والے افراد کے لیے بھی جو مفید روزگار سامنے آیا وہ ہے ”وائس اوور / ڈبنگ“ کا کرئیر۔ اس کی طلب میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔ آپ ترکی کے مشہور ڈرامہ ”ارطغرل غازی“ کی مثال لیں یا مختلف فلموں و کارٹونز کی جن کو اردو زبان میں ڈب کیا گیا ہے۔ اسی طرح مختلف اشتہارات اور ڈاکیومنٹریز میں وائس اوور کا استعمال ہوتا ہے۔

اس وائس اوور / ڈبنگ کی خاص بات یہ کہ اس میں عمر و تعلیم کی کوئی حد نہیں۔ بچوں سے لے کر بڑی عمر کے لوگوں کے لئے یکساں مواقع ہیں۔ صرف آپ کا لب و لہجہ معیاری ہونا چاہیے جو کہ سیکھنے سے آ ہی جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ ٹیکنیکل کام بھی آنے چاہیں جیسے آڈیو ریکارڈنگ اور ایڈیٹنگ۔ مگر یہ سب بھی آج کل باآسانی سیکھے جا سکتے ہیں۔

اب میں آپ کو اسی وائس اوور / ڈبنگ کرئیر کے حوالے سے کچھ مشورے دے رہا ہوں جن پر عمل کر کے آپ اس روزگار کو اختیار کر سکتے ہیں۔

1۔ سب سے پہلے گوگل اور یوٹیوب پر وائس اوور اور ڈبنگ کے حوالے سے بنیادی معلومات حاصل کریں۔

2۔ وائس اوور اور ڈبنگ والی مختلف ویڈیوز غور سے سنیں اور دیکھیں۔ ان میں موویز، کارٹون، ٹی وی / ریڈیو کمرشل سب شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف اخبارات و رسائل میں موجود اشتہارات کو مختلف لب و لہجہ میں پڑھیں۔ جیسے ٹی وی ایڈ یا کسی ڈب ویڈیو میں بولا جا رہا ہو، آپ بھی ویسا ہی بولنے کی کوشش کریں۔

3۔ کچھ ویڈیوز پر اپنی وائس ریکارڈ کر کے ڈبنگ یا وائس اوور کرنے کی کوشش شروع کریں۔ اس حوالے سے یوٹیوب پر موجود مختلف ٹیوٹوریل ویڈیوز سے مدد لیں۔

4۔ اپنے شہر میں موجود کیبل یا ٹی وی کے لئے ویڈیو ایڈ بنانے والوں سے ملیں۔ مختلف ویڈیو گرافر اور ایڈورٹائزنگ ایجنسیز والے آپ کو مزید بہتر گائیڈ کر سکتے ہیں۔ ہو سکے تو ان کے ساتھ مل کر اس کام کو عملی طور پر سیکھنے کی کوشش میں لگ جائیں۔

5۔ آج کل اکثر شہروں میں وائس اوور اور ڈبنگ سکھانے کے لئے مختلف ایکسپرٹ یا میڈیا اکیڈمیز موجود ہیں جو کچھ فیس لے کے یہ کام سکھا رہے ہیں۔ آپ ان سے رابطہ کر کے پروفیشنل انداز میں سیکھ سکتے ہیں۔

6۔ شروع میں مختلف یو ٹیوب چینل والوں کے ساتھ رابطہ کر کے ان کے لئے مفت وائس اوور کا کام کریں یا اپنا چینل بنا کر شروعات کریں۔

تو دوستو یہ چند بنیادی معلومات ہیں جن پر مزید تحقیق کر کے آپ وائس اوور / ڈبنگ کرئیر کا آغاز کر سکتے ہیں جو کہ بہت منافع بخش ہے۔ مگر یاد رہے کہ اس فیلڈ میں ہمیشہ ایکسپرٹ بننے کی کوشش کرتے رہیں گے تو ہی بہترین کامیابی ملے گی۔ اس کے لئے ہمیشہ کچھ نیا سیکھنے اور عمل کرنے سے کبھی نہ جھجھکیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).