سام سنگ گلیکسی ایس 21: کیا کمپنی نوٹ سیریز کے فون ختم کرنے جا رہی ہے؟


ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون ’گلیکسی ایس‘ سمارٹ فون میں پہلی بار ’سٹائلس‘ (ایک پوائنٹنگ ڈیوائس جو ٹیبلٹ کے ساتھ استعمال ہوتی ہے) شامل کیا گیا ہے۔

یہ ایس پن (پوائنٹنگ ڈیوائس) گلیکسی ایس 21 الٹرا کے ساتھ ایک ’آپشنل ایڈ اِن‘ ہے، یعنی اگر آپ پوائنٹنگ ڈیوائس لینا چاہیں تو اضافی رقم دے کر خرید لیں۔ تاہم اس کی وجہ سے یہ چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ کہیں کمپنی اپنی گلیکیسی نوٹ سیریز مرحلہ وار انداز میں ختم تو نہیں کر رہی ہے۔

سام سنگ نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حوالے سے ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

یاد رہے کہ سام سنگ کے فونز کی فروخت میں گذشتہ عرصے میں کمی آئی ہے اور یہ اس مجموعی کمی سے زیادہ ہے جو موبائل فونز کی فروخت میں دنیا بھر میں ہوئی ہے۔ اس شعبے کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ شاید ایک نیا ’لائن اپ‘ اس مسئلے کو حل کرنے میں مدد کرے۔

سی سی ایس انسائٹ کنسلٹینسی کے بن وڈ کا کہنا ہے کہ ’اس بات میں منطق ہے کہ سام سنگ اپنے گلیکسی ایس اور نوٹ لائنز کو باہم ملا دے کیونکہ اب ان میں اتنا فرق نہیں رہا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

کیمرہ کتنے میگاپکسلز کا ہے، کیا اس سے کوئی فرق پڑتا ہے؟

آئی فون 12: جدید چِپ ٹیکنالوجی سے سمارٹ فون ’سمارٹ ترین‘ بن گیا

’ہواوے کے نئے میٹ 40 سمارٹ فون میں آئی فون 12 سے بہتر پروسیسر ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ اس سے وہ ایپل کے طرز پر آ جائیں گے جو کہ ہر سال ایک ہی نیا فون متعارف کرواتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب بھی سام سنگ نوٹ سیریز کا نیا فون متعارف کرواتا تھا تو صارفین کو لگتا تھا کہ گلیکسی ایس کا فون پرانا ہو گیا ہے۔

فون میں سٹائلس (پوائنٹنگ ڈیوائس) ہونے کی وجہ سے فون پر لکھنا آسان ہو جاتا ہے، اس پر تصاویر بنانا آسان ہو جاتا ہے تاہم ڈیوائس سے بہتر انداز میں کام لینے کے لیے فون کی سکرین کے نیچے خصوصی آلات نصب کرنے پڑتے ہیں جو کہ اس پن کی حرکت کو جانچتے ہیں۔

’نوٹ سے بہتر احساس‘

اینڈرائیڈ سسٹم استعمال کرنے والا گلیکسی ایس 21 الٹرا 6.8 انچ سکرین کے ساتھ ہے جو کہ حالیہ نوٹ فون سے ذرا سا ہی چھوٹا ہے۔ نوٹ فون 6.9 انچ سکرین کے ساتھ ہے۔

ماضی میں نوٹ فونز کو ’فاٹیبلٹس‘ بھی کہا گیا ہے اور دیگر ایس فونز کے مقابلے میں ان کا بڑا سائز ایک عنصر ہوتا تھا۔

تاہم سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ سام سنگ نوٹ سیریز ختم کر رہا ہے بلکہ یہ سمجھیں کہ سام سنگ نوٹ جیسا احساس اپنے دیگر فونز میں لا رہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صارفین کے فیڈ بیک کا خیال رکھتے ہیں اور ان کے آلات کی جدت میں یہ ایک اہم عنصر ہوتا ہے۔

ایس 21 الٹرا کی قیمت 1149 پاؤنڈ سے شروع ہو گی اور 29 جنوری سے اس کی فروخت شروع ہو گی۔ ایس پن اضافی 35 پاؤنڈ کا ہے اور اس کو رکھنے کے لیے اگر آپ ساتھ میں کیس بھی لیں گے تو وہ 85 پاؤنڈ کا ہو گا۔

یہ قیمت اس کو گلیکسی نوٹ الٹرا کی قیمت 1179 پاؤنڈز کی رینج میں لے جاتی ہے۔ نوٹ 20 میں آپ کو اضافی کیس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

اس کے علاوہ اس کے دو کم قیمت والے ماڈل بھی ہیں جو کہ 6.2 انچ اور 6.7 انچ میں ایس 21 کے ورژن ہیں مگر ان کے ساتھ سٹائلس نہیں چلتا۔ تینوں ماڈلز میں نئے ڈیزائن کے کیمرے لگائے گئے ہیں۔

اگرچہ دونوں سستے ورژن میں بھی تین تین کیمرہ لینز ہیں، یعنی الٹرا وائڈ، وائڈ، اور x 3 زوم مگر ایس 21 الٹرا میں ایک اور 10 گنا زوم کرنے والا ٹیلی فوٹو لینز بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ اس فون میں ایک ڈائریکٹرز ویو کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس میں ویڈیو کے دوران فون خود بخود یہ بھی دیکھتا رہتا ہے کہ اگر دوسرے لینز کا استعمال کیا جائے تو ویڈیو کیسی لگے گی۔

یہ تینوں فونز 8K میں ویڈیو کی عکس بندی کر سکتے ہیں جو کہ آئی فون 12 کی بہترین ریزولوشن کے مقابلے میں دوگنی ہے۔

Samsung Galaxy S21 Ultra

ایپل کے جدید ترین فونز کے مقابلے میں سام سنگ کے نئے فون میں مندرجہ ذیل چیزیں بہتر ہیں:

  • 120 فریمز فی سیکنڈ کی سکرین جو کہ بہتر گرافکس دیکھاتی ہے
  • وائی فائی 6 ای سے کنیکٹ کرنے کی صلاحیت
  • زیادہ روشن سکرینز، ایس 21 الٹرا کی سکرین 1500 نٹز تک جاتی ہے

مگر دو معاملات میں سام سنگ نے اپیل کے طریقے کو اپنایا ہے۔ ایک تو یہ کہ انھوں نے مائیکرو ایس ڈی کارڈ ختم کر دیا ہے اور یہ فون چارجر اور ہیڈ فونز کے بغیر فروخت کیا جائے گا۔ ماضی میں ایپل کے اس فیصلے پر سام سنگ نے کافی مذاق اڑایا تھا۔

کمپنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ گیلیکسی کے بہت سے صارفین ایسی اشیا پرانے فونز کی ہی استعمال کر رہے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32497 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp