انڈیا بمقابلہ آسٹریلیا: نوجوان انڈین ٹیم کی سڈنی ٹیسٹ اور سیریز میں فتح


شبھمن گِل، آسٹریلیا، انڈیا، ٹیسٹ سیریز، گابا
انڈیا کی ایک نسبتاً ناتجربہ کار کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں دو ایک سے شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

سڈنی میں کھیلے جانے والے چار میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 328 رنز کا ہدف دیا تھا جو انڈیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر میچ کے آخری سیشن میں اس وقت حاصل کیا جب محض تین اوورز کا ہی کھیل باقی تھا۔

انڈیا نے پانچویں روز اپنی دوسری اننگز بغیر کسی نقصان کے چار رنز پر شروع کی تو اسے آغاز میں ہی روہت شرما کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم پھر 21 سالہ انڈین اوپنر شبھمن گِل نے 91 رنز کی پُراعتماد اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔

یہ بھی پڑھیے

صرف 10 دن قبل شرمناک شکست کے بعد انڈیا کی حیران کن کامیابی کیسے ممکن ہوئی

انڈین کرکٹ ٹیم کا ڈریسنگ روم مِنی ہسپتال کس طرح بن گیا؟

آئی سی سی پولنگ میں عمران خان کی جیت: ’کوہلی جیت رہے تھے، یہ دھاندلی ہے‘

آسٹریلیا، انڈیا، ٹیسٹ سیریز، گابا

تجربہ کار بلے باز چیتیشور پُجارا نے اپنی نصف سنچری سے انڈین لوئر مڈل آرڈر کو یہ موقع دیا کہ وہ آخری سیشن میں جارحانہ انداز میں کھیل کر کامیابی سے ہدف کا تعاقب حاصل کر سکیں۔

انڈیا کی فتح میں اہم کردار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پانٹ کا رہا جنھوں نے آخری دم تک ہمت نہیں ہاری اور نصف سنچری بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ جاش ہیزل وڈ نے دو اور نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انڈین ٹیم کی فتح کی ایک اہم بات یہ ہے کہ اس سیریز کے چار میں سے تین میچوں کے لیے اسے اپنے ریگولر کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی کی خدمات حاصل نہیں تھیں، جو اپنی بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے انڈیا واپس چلے گئے تھے۔

انڈیا، آسٹریلیا، ٹیسٹ سیریز

اس سیریز میں انڈین ٹیم کو اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی وجہ سے بھی مشکلات درپیش رہیں اور آخری دو ٹیسٹ میچوں میں ایک نوجوان مگر ناتجربہ کار ٹیم میدان میں اتاری گئی۔

تاہم سڈنی ٹیسٹ میں یہ نوجوان کھلاڑی مینجمنٹ کی امیدوں پر پورے اترے۔ بولنگ کے شعبے میں اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد سراج نے اپنے کیریئر میں پہلی بار اننگز میں پانچ وکٹیں لیں تو بلے بازی میں دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے شبھمن گِل جبکہ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے واشنگٹن سندر اور شاردل ٹھاکر نے نصف سنچریاں بنائیں۔

چار میچوں کی اس سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے جیتا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انڈیا نے فتح حاصل کر کے سیریز برابر کر دی تھی اور تیسرا میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوگیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32510 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp